Inquilab Logo

میونسپل اسکولوں میں امسال ’بریج کورس‘ لازمی

Updated: June 06, 2022, 11:08 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

کووڈ اور لاک ڈاؤن کے سبب طلبہ کی پڑھائی میں ہونے والے نقصان کے پیش نظر اسکولوں میں نیا نصاب پڑھانے سے قبل گزشتہ سال کا نصاب پڑھانا ضروری ہوگا

 Efforts will be made to compensate for the loss of education caused by Corona..Picture:INN
کورونا کے سبب تعلیم میں ہونے والے نقصان کی تلافی کی کوشش کی جائےگی۔۔ تصویر: آئی این این

کووڈ۔ ۱۹؍ وباء کی بنیاد پر لاک ڈاؤن لگنے سے بچوں کی پڑھائی میں ہونے والے نقصان کے پیش نظر حکومت نے اس سال ’’بریج کورس‘‘ متعارف کرایا ہے جس کے تحت طلبہ کو نئے تعلیمی سال میں نیا نصاب شروع کرنے سے پہلے گزشتہ برس کے نصاب سے پڑھائی کرانی ہوگی اور نیا نصاب  ۲۶؍ جولائی کے بعد ہی پڑھایا جائے گا۔اطلاع کے مطابق بریج کورس اردو، انگریزی اور مراٹھی میں فراہم کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ’نیشنل اچیومنٹ سروے‘ (این اے ایس) نے ایک سروے کیا تھا جس میں یہ پایا گیا تھا کہ ریاستی بورڈ کے طلبہ حساب اور سائنس جیسے مضامین میں کمزور ہیں۔ اس سروے کی بنیاد پر اسکولوں کے ذمہ داران کو ہدایت دی گئی ہے کہ بریج کورس کے دوران وہ ان مضامین کو سکھانے پر زیادہ توجہ دیں۔  ریاستی ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے ایک افسر نے ’بریج کورس‘ کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس کورس کے تحت اساتذہ نئے تعلیمی سال کی پڑھائی شروع کرنے سے قبل طلبہ کو گزشتہ برس کے نصاب سے پڑھاتے ہیں۔ اس افسر کے مطابق بریج کورس کو اس طریقہ سے تیار کیا گیا ہے کہ لاک ڈائون کی وجہ سے جو طلبہ اپنی پرھائی ٹھیک طرح سے نہیں کرسکے وہ اپنے گزشتہ سال کے نصاب کو اچھی طرح سمجھ لیں۔ نجی اسکولوں کے متعلق اس افسر کا کہنا ہے کہ زیادہ تر نجی اسکولوں نے اس بات کا جائزہ نہیں لیا ہے کہ ان کے طلبہ لاک ڈائون کے دوران پڑھائے گئے نصاب میں سے کتنا کچھ سیکھ سکے ہیں۔ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے افسران کے مطابق ریاستی بورڈ کی اسکولیں ۱۳؍ جون سے شروع ہوں گی اور اس سے قبل ۹؍ جون کو اساتذہ کو بریج کورس کی تربیت دی جائے گی۔ اسکول شروع ہونے کے بعد کلاس دوم سے دہم تک کے طلبہ کو ’پری۔ٹیسٹ‘ (امتحان سے قبل کے جائزے) سے گزارا جائے گا تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ انہوں نے پچھلے سال کے نصاب سے کیا سیکھا ہے۔پری۔ ٹیسٹ کا جائزہ ’ورک شیٹ‘ پر لیا جائے گا جو کہ اسکولوں کو بھیجنے کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔ پری ٹیسٹ کی ورک شیٹ کو اسکولوں کو سنبھال کر رکھنا ہوگا۔ اس جائزہ کی بنیاد پر اساتذہ طلبہ کو پچھلے سال کے نصاب سے ایک ماہ تک پڑھائیں گے۔ بریج کورس مکمل ہونے کے بعد طلبہ کا امتحان لیا جائے گا تاکہ معلوم ہوسکے کہ اس ایک ماہ کے دوران انہوں نے کیا سیکھا ہے۔اسکولوں سے بھی یہ معلوم کیا جائے گا کہ بریج کورس کے بعد طلبہ کے سیکھنے میں کیا تبدیلیاں آئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK