Inquilab Logo Happiest Places to Work

بینک عملے کے اصرار پر بھائی نے بہن کی لاش بینک لے جا کر سب کو حیران کر دیا

Updated: April 28, 2026, 2:08 PM IST | New Delhi

ادیشہ کے کیونجھر ضلع میں ایک قبائلی شخص مبینہ طور پر اپنی بہن کی لاش کی ہڈیاں بینک لے گیا تاکہ وہ اس کے اکاؤنٹ سے رقم نکال سکے۔ یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا جب اسے بتایا گیا کہ ’’اکاؤنٹ ہولڈر کو ساتھ لاؤ‘‘، خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے پولیس کے حوالے سے رپورٹ کیا۔

Bank.Photo:INN
بینک :تصویر:آئی این این

ادیشہ کے کیونجھر ضلع میں ایک قبائلی شخص مبینہ طور پر اپنی  بہن کی لاش کی ہڈیاں بینک لے گیا تاکہ وہ اس کے اکاؤنٹ سے رقم نکال سکے۔ یہ قدم اس وقت اٹھایا گیا جب اسے بتایا گیا کہ ’’اکاؤنٹ ہولڈر کو ساتھ لاؤ‘‘، خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے پولیس کے حوالے سے رپورٹ کیا۔
یہ واقعہ ادیشہ گرامین بینک کی مالیپوسی برانچ میں پیش آیا، جو پٹنا بلاک، ضلع کیونجھر میں واقع ہے۔ شخص کی شناخت ۵۰؍ سالہ جیتو منڈا کے طور پر ہوئی ہے جو دیانالی گاؤں کا رہائشی ہے۔ وہ اپنی بڑی بہن کلرا منڈا (۵۶؍سال) کے اکاؤنٹ سے ۲۰؍ ہزار روپے نکالنا چاہتا تھا، جو ۲۶؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو وفات پا چکی تھی۔

 


’’مجھے بار بار بینک نے کہا اکاؤنٹ ہولڈر کو لاؤ‘‘
جیتو منڈا نے صحافیوں کو بتایا ’’میں کئی بار بینک گیا، وہاں لوگوں نے کہا کہ پیسے نکالنے کے لیے اکاؤنٹ ہولڈر کو لاؤ۔ میں نے انہیں بتایا کہ وہ فوت ہو چکی ہے، لیکن انہوں نے میری بات نہیں مانی اور اصرار کیا کہ اسے ساتھ لاؤ۔ اسی غصے میں میں نے قبر کھود کر اس کی ہڈیاں نکالیں تاکہ اس کی موت کا ثبوت دے سکوں۔‘‘
 پولیس کا موقف
پٹنا پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر کرن پرساد ساہو، جو اطلاع ملنے پر بینک پہنچے، نے خبر رساں ادارے کو بتایا’’جیتو ایک ان پڑھ قبائلی شخص ہے۔ اسے قانونی وارث یا نامزد (نامینی) کے طریقہ کار کا علم نہیں۔ بینک عملے نے اسے صحیح طریقہ نہیں سمجھایا کہ فوت شخص کے اکاؤنٹ سے رقم کیسے نکالی جاتی ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:کیا یکم مئی سے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں بڑھ جائیں گی؟


 انتظامیہ کا ردعمل
واقعہ کے بعد پولیس نے جیتو منڈا کو یقین دلایا کہ وہ اس کی بہن کے اکاؤنٹ سے رقم نکلوانے میں مدد کریں گے۔ بعد ازاں ہڈیاں دوبارہ قبرستان میں پولیس کی موجودگی میں دفنا دی گئیں۔دوسری جانب مقامی بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (BDO) مناس دندپت نے کہا کہ انہیں آنجہانی کلرا منڈا کے قانونی وارث کے بارے میں کسی نے رابطہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا’’مجھے آج ہی اس بارے میں معلوم ہوا ہے۔ ہم دیکھیں گے کہ اس مسئلے کو کیسے حل کیا جا سکتا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:فلم ’’راجا شیواجی ‘‘ کی ریلیز سے قبل وکی کوشل اور رتیش دیشمکھ کی ملاقات


رپورٹ کے مطابق، کلرا منڈا کے اکاؤنٹ میں نامزد شخص (nominee) بھی وفات پا چکا تھا، اس لیے جیتو منڈا ہی واحد دعویدار رہ گیا تھا۔ اب مقامی انتظامیہ نے بینک کو ہدایت دی ہے کہ ضروری کارروائی مکمل کر کے جلد از جلد جیتو منڈا کو رقم فراہم کی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK