Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوروویژن کے خلاف برسلز میں متبادل فیسٹیول، اسرائیلی شرکت پر احتجاج

Updated: April 26, 2026, 4:03 PM IST | Brussels

یورپ میں Eurovision Song Contest میں اسرائیل کی شرکت کے خلاف ردعمل بڑھ گیا ہے، جس کے تحت برسلز میں ’’United for Palestine‘‘ کے نام سے متبادل میوزک فیسٹیول کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ایونٹ ۱۲؍ مئی کو سیمی فائنل کے ساتھ ہوگا اور اسے ایک ثقافتی احتجاج کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔

Photo: X
تصویر: ایکس

برسلز میں قائم این جی او 11.11.11 نے اعلان کیا ہے کہ وہ ۱۲؍ مئی کو ’’United for Palestine‘‘ کے عنوان سے ایک متبادل میوزک فیسٹیول منعقد کرے گی، جو Eurovision Song Contest کے سیمی فائنل کے ساتھ ہی ہوگا۔ منتظمین کے مطابق، اس فیسٹیول کا مقصد اسرائیل کی شرکت کے خلاف ایک ’’ثقافتی ردعمل‘‘ دینا ہے، جبکہ نعرہ ’’یوروویژن نہ دیکھیں، نسل کشی کا کوئی اسٹیج نہیں‘‘ اس مہم کا مرکزی پیغام ہوگا۔ فیسٹیول میں بلجیم کے معروف فنکاروں کے ساتھ ساتھ سابق یوروویژن نمائندے جیسے گستاف اور لورا ٹیسورو شامل ہوں گے، جبکہ فلسطینی فنکار بھی اپنی پرفارمنس کے ذریعے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ موسیقی کے ساتھ ساتھ تقریریں اور شعری پیشکشیں بھی پروگرام کا حصہ ہوں گی۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان سے بنی میناشی کمیونٹی کے ۲۴۰؍ یہودی اسرائیل پہنچے، آبادکاری پر تنازع

خیال رہے کہ یہ اقدام ایک وسیع یورپی رجحان کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔ منتظمین کے مطابق جرمنی، اسپین اور اٹلی اور دیگر ممالک میں بھی اسی نوعیت کے متبادل پروگرام ترتیب دیے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب، یورپین براڈکاسٹنگ یونین کے اسرائیل کو مقابلے میں شامل رکھنے کے فیصلے پر شدید تنقید جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق آئس لینڈ، آئرلینڈ، نیدرلینڈس، سلووینیا اور اسپین کے نشریاتی اداروں نے ۲۰۲۶ء کے مقابلے سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے۔ مزید برآں، ایک ہزار سے زائد موسیقاروں نے ایک کھلے خط پر دستخط کرتے ہوئے مقابلے کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا، جبکہ کچھ یورپی براڈکاسٹرز نے مقابلہ نشر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: میں جنگ کی حمایت نہیں کر سکتا: پوپ لیو نے ایران کی صورتحال کو پیچیدہ قرار دیا

یہ تنازع اس لیے بھی نمایاں ہے کہ European Broadcasting Union نے اس سے قبل روس کو ۲۰۲۲ء میں یوکرین جنگ کے باعث مقابلے سے خارج کر دیا تھا، جس کے بعد اب اسرائیل کی شرکت پر دوہرے معیار کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ دریں اثناء، یورپ کے کئی شہروں میں یوروویژن کے خلاف مظاہروں کی تیاری جاری ہے۔ متعدد فنکاروں نے باضابطہ طور پر مقابلے میں شرکت سے انکار یا بائیکاٹ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ یورپین براڈ کاسٹنگ یونین نے اب تک اپنے فیصلے میں کسی تبدیلی کا عندیہ نہیں دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK