Updated: June 24, 2026, 9:32 PM IST
| Beijing
چین کے صوبہ سیچوان سے تعلق رکھنے والی اس ویڈیو میں ہیومنائیڈ روبوٹ کو فٹ پاتھ پر گھٹنوں کے بل بیٹھے، گڑگڑانے کے انداز میں ہاتھ جوڑے اور راہگیروں کے سامنے جھکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے پاس ایک ڈونیشن ٹرے اور ڈجیٹل ادائیگیوں کیلئے کیو آر کوڈ رکھا ہوا ہے۔
چین کے ایک ہیومنائیڈ روبوٹ کا ویڈیو وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ بجلی بل بھرنے کیلئے راہگیروں سے بھیک مانگ رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، چین کے صوبہ سیچوان سے تعلق رکھنے والی اس ویڈیو میں ہیومنائیڈ روبوٹ کو فٹ پاتھ پر گھٹنوں کے بل بیٹھے، گڑگڑانے کے انداز میں ہاتھ جوڑے اور راہگیروں کے سامنے جھکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے پاس ایک ڈونیشن ٹرے اور ڈجیٹل ادائیگیوں کیلئے کیو آر کوڈ بھی رکھا ہوا ہے۔ روبوٹ سے منسلک ایل ای ڈی ڈسپلے اور لاؤڈ اسپیکر سے بار بار یہ پیغامات نشر کئے جا رہے تھے: ”ریچارج کرنے کیلئے پیسے نہیں ہیں،“ ”براہِ کرم بجلی کے بل کی ادائیگی میں مدد کریں۔“
اس روبوٹ کی شناخت ’یونٹری جی ون‘ (Unitree G1) کے طور پر ہوئی ہے، جسے چینی روبوٹکس کمپنی ’یونٹری‘ نے بنایا ہے۔ یہ کمپنی اس سے قبل رواں سال کے اوائل میں توجہ کا مرکز بنی تھی جب اس کے جی ون روبوٹ نے ایکواڈور کے چیمبورازو آتش فشاں پر کامیابی سے چڑھائی کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: آسٹریلوی شخص کی۱۲۲؍ اعشاریہ ۴؍ ڈیسیبل کی چیخ ، دنیا کا سب سے بلند آواز شخص بنا
انٹرنیٹ صارفین کا مزاح اور تشویش کا ملا جلا ردعمل
اس وائرل ویڈیو نے انٹرنیٹ پر بحث چھیڑ دی ہے۔ ویڈیو پر اظہار خیال کرتے ہوئے کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ واقعی چندہ جمع کرنے کی حقیقی کوشش تھی، یا کوئی مارکیٹنگ اسٹنٹ تھا، یا کوئی فنکارانہ پیشکش۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک صارف نے مذاقاً لکھا، ”اچھا آئیڈیا ہے، میں بھی ایسا ہی کرنا چاہتا ہوں۔ خود بھیک مانگنے کے بجائے روبوٹ سے یہ کام کروائیں، اس سے وقت اور توانائی دونوں کی بچت ہوتی ہے۔“
ایک اور صارف نے لکھا، ”اے آئی نے ہماری نوکریاں چھین لیں اور اب اسے فوری طور پر بل بھی ملنے لگے۔“ ایک تیسرے صارف نے طنزیہ تبصرہ کیا کہ اب انہیں ”۱۰ ہزار ڈالر کے روبوٹ“ سے مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے جو ان سے زیادہ ”فریش“ (تازہ دم) نظر آتا ہے۔ چوتھے صارف نے لکھا، ”اے آئی کی وجہ سے سے اب بھکاریوں کی نوکریاں بھی خطرے میں ہیں۔“
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل فلسطینی بچوں کو نشانہ بنا کر نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے: اقوام متحدہ
حالیہ مہینوں میں ہیومنائیڈ روبوٹوں کے انسانی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے کئی ویڈیوز وائرل ہوئے ہیں۔ انہیں دیکھ کر عوام کی حیرت اور دلچسپی بڑھ جاتی ہے۔ چند ماہ قبل ، ایک ہیومنائیڈ روبوٹ نے ایک عبادت گاہ میں بڑی مہارت کے ساتھ کنگ فو کے کرتب دکھائے تھے۔ ’گابی‘ نامی ایک روبوٹ نے سیول کے ایک مندر میں بدھ کے یومِ پیدائش کی تقریبات کے دوران ایک روبوٹ نے بطور راہب خدمات انجام دی تھیں۔