Inquilab Logo

دانش علی کا اوم برلا کو خط، دوکمیٹیوں پر طریقہ کار کی خلاف ورزی کا الزام

Updated: October 21, 2023, 5:13 PM IST | New Delhi

بی ایس پی لیڈر دانش علی نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کو خط لکھا ہے اور دو کمیٹیوں کی جانب سے پارلیمانی طریقہ کار کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔ خیال رہے کہ پچھلے ماہ بی جے پی کے ممبرا پارلیمنٹ رمیش بدھوری نے بی ایس پی لیڈر دانش علی کے خلاف لوک سبھا میں توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔

Danish Ali and Ramesh Budhuri. Photo: INN
دانش علی اور رمیش بدھوری۔ تصویر: آئی این این

ذرائع کے مطابق بی ایس پی لیڈ ر دانش علی نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھا ہےاور دو کمیٹیوں کی جانب سے پارلیمانی طریقہ کار کی خلاف روزی کا الزام عائد کیا ہے۔ انہوں نے بی جے پی ایم پی رمیش بدھوری کی جانب سے لوک سبھا میں توہین آمیز زبان استعمال کرنے کیلئے استحقاق کی خلاف ورزی کے نوٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ  قائم طریقہ کار کے مطابق پہلے شکایت کنندہ کو استحقاق کمیٹی کے سامنے بلایا جانا چاہئے اس کے بعد ملزم کو۔ ذرائع کے مطابق علی نے خط میں دعویٰ کیا ہے کہ اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے رمیش بدھوری، جنہوں نے ان کے خلاف پارلیمنٹ میں نازیبا زبان استعمال کی تھی، کو ضابطہ اخلاق کمیٹی کے سامنے پہلے بلایا گیا۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ شکایت کنندہ کے طور پر کمیٹی نے انہیں اب تک اپنا بیان پیش کرنے کیلئے نہیں بلایا ہے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے خط میں اوم برلا سے درخواست کی ہے کہ انہیں رمیش بدھوری کے خلاف ثبوت پیش کرنے کیلئے استحقاق کمیٹی کے سامنے پہلے بلایا جائے۔خیال رہے کہ پچھلے ماہ لوک سبھا کی کارروائی کے دوران چندریان ۳؍ کی کامیابی پر گفتگو کے درمیان بی جے پی لیڈر رمیش بدھوری نے دانش علی کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی تھی۔
دانش علی نے مزید کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کمیٹی نے بی جے پی ایم پی نشی کانت دوبے کو ترنمول کانگریس لیڈر مہوا موئترا کے خلاف (پیسے لے کر سوال پوچھنے کے تنازعے ) میں زبانی ثبوت پیش کرنے کیلئے پہلے بلا کر درست طریقہ کار آزمایا ہے۔ خیال رہے کہ دانش علی بھی ضابطہ اخلاق کمیٹی کے رکن ہیں۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا ہے کہ کمیٹی کے چیئر مین نےصنعتکار درشن ہیرا نندانی کی جانب سے داخل کئے گئے ایفی ڈیوٹ کی ریسپٹ کے تعلق سے میڈیا سے بات چیت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ ضابطہ اخلاق کمیٹی نے نشی کانت دوبےکو زبانی ثبوت پیش کرنے کیلئے ۲۶؍ اکتوبر کو بلایا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK