Inquilab Logo

بی ایس پی نےدانش علی کو معطل کردیا، پارٹی مخالف سرگرمیوں کا الزام

Updated: December 10, 2023, 8:59 AM IST | Agency | New Delhi

پارٹی نے کہا کہ انہیں کئی مرتبہ وارننگ دی گئی لیکن انہوں نے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں جس کے سبب یہ کارروائی کرنی پڑی۔

Kunwar Danish Ali. Photo: INN
کنور دانش علی۔ تصویر : آئی این این

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نےامروہہ سے اپنے رکن پارلیمنٹ کنور دانش علی کو معطل کردیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ دانش علی پارٹی مخالف سرگرمیوں میں شامل تھے جس کی وجہ سے ان کے  خلاف کارروائی ہوئی ہے۔ بی ایس پی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ  انہیں کئی بار زبانی طور پر تنبیہ دی گئی تھی کہ پارٹی کی پالیسیوں، نظریات اور ڈسپلن کے خلاف کوئی بھی بیان نہ دیں لیکن انہوں نے اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں جس کی وجہ سے پارٹی کو کارروائی کرنی پڑی ۔ پارٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ۲۰۱۸ء میں دانش علی کرناٹک  میں دیوےگوڑا کی جنتا پارٹی کے رکن کی شکل میں کام کر رہے تھے۔ اُس سال کرناٹک الیکشن میں بی ایس پی اور جے ڈی ایس نے اتحاد میںانتخاب لڑا تھا۔ کرناٹک کےنتائج کے بعد  دیوےگوڑا کی گزارش پر دانش علی کو امروہہ سے بی ایس پی امیدوار بنایا گیا تھا۔ بی ایس پی نے اپنے بیان میںمزید کہا کہ دانش علی کو امروہہ سے جیت دلا کر لوک سبھا بھیجا گیا تھا، لیکن وہ اپنے وعدے کو بھول کر پارٹی مخالف سرگرمیوں میںمصروف ہو گئے۔ اس لئے اب پارٹی کے مفاد میں انہیں فوری اثر سے معطل کیا جارہا  ہے۔ بہر حال بی ایس پی نےاپنے بیان میں کسی بھی پارٹی مخالف سرگرمی کا واضح طور پر ذکر نہیں کیا ہے۔ 
یاد رہے کہ ستمبر میں پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی نے دانش علی پر قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا، جس کے بعد کئی اہم اپوزیشن پارٹیوں کے لیڈران نے  دانش علی کا ساتھ دیا تھا۔ بدھوڑی نے اس بیان پر گزشتہ دنوں ہی افسوس ظاہر کیا ہےمگر اس دوران دانش علی کو کئی پارٹیوں کی جانب سے حمایت ملی۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے تو ان کی رہائش گاہ پر جا کر ان سے ملاقات کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK