Inquilab Logo

۳۱؍جنوری سے بجٹ اجلاس، یکم فروری کو موجودہ سرکار اپنا آخری بجٹ پیش کریگی

Updated: January 12, 2024, 9:40 AM IST | Agency | New Delhi

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مودی حکومت کی جانب سے اس عبوری بجٹ میں خواتین اور کسانوں سے متعلق بڑے اعلانات متوقع ہیں۔

This will be the last meeting of the second term of the Modi government. Photo: INN
مودی حکومت کی دوسری میعاد کا یہ آخری اجلاس ہوگا۔ تصویر: آئی این این

 پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس ۳۱؍جنوری سے شروع ہوگا۔ یہ مودی حکومت کی دوسری میعاد کا آخری بجٹ اجلاس ہوگا۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس۹؍ فروری تک جاری رہے گا۔ صدرجمہوریہ دروپدی مرمو۳۱؍ جنوری کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کریں گی۔ اس کے بعد یکم فروری کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن عبوری بجٹ پیش کریں گی۔
  سمجھا جارہا ہےکہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مودی حکومت اس عبوری بجٹ میں خواتین اور کسانوں سے متعلق بڑے اعلانات کر سکتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کسانوں کو دی جانے والی کسان سمان ندھی کو دوگنا کرنے کی تجویز بھی لا سکتی ہے ۔ تاہم فی الحال حکومت کے ایجنڈے میں قانون سازی کا کوئی بڑا کام نہیں ہے۔اس سے قبل پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس گزشتہ سال۴؍دسمبر سے شروع ہوا تھا جو مقررہ وقت سے ایک دن پہلے ختم ہو گیا تھا۔ یہ اجلاس اہم تھا کیونکہ اس دوران حکومت نے جرائم اور انصاف سے متعلق نئے بل منظور کیے تھے۔اس کے علاوہ ایک اور اہم واقعہ پیش آیا تھا جس نے پارلیمنٹ کی سیکوریٹی پر سوالیہ نشان لگا دیا تھا۔ دراصل لوک سبھا کی کارروائی کے دوران سامعین گیلری میں بیٹھے دو نوجوان اراکین پارلیمنٹ کی  بینچ کے پاس  کود پڑے تھے  اور زرد گیس چھوڑ دی تھی ۔ اراکین  پارلیمنٹ نے ان نوجوانوں کو پکڑ کر سیکوریٹی فورسیز کے حوالے کر دیا تھا۔اس واقعے کے بعد اپوزیشن نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ سے پارلیمنٹ میں بیان دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ اپوزیشن لیڈروں کا احتجاج شدیدہوا تو ان پر پارلیمنٹ کے ضابطے کی بھی خلاف ورزی کا الزام عائد ہوا۔اس کے پیش نظر اسپیکر لوک سبھا اور چیئرمین راجیہ سبھا نے اپوزیشن کے۱۴۰؍ سے زائد اراکین کو معطل کر دیا تھا  جوپارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی بار ہوا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK