Inquilab Logo Happiest Places to Work

خواتین کو اے آئی اسٹارٹ اپ کے ذریعے خود کفیل بنانے کی کوشش میں مصروف جلگائوں کی بشریٰ شیخ

Updated: July 07, 2026, 12:01 AM IST | Jalgaon

اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی ماہر بشریٰ شیخ چاہتی ہیں دیگر خواتین اور لڑکیاں بھی ان کی طرح ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں اور اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائیں۔

Bushra Sheikh was welcomed everywhere (Inqilaba)
بشریٰ شیخ کی ہرسمت پذیرائی ہوئی ( انقلاب )

 اے آئی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی ماہر بشریٰ شیخ چاہتی ہیں دیگر خواتین اور لڑکیاں بھی ان کی طرح ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کریں اور اپنے پیروں پر کھڑی ہو جائیں۔ درس وتدریس سے وابستہ اس خاتون نے اپنے اس مشن کی خاطر ’ لرن ، کریئٹ اینڈ ارن‘ ( سیکھو، تخلیق کرو اور کمائو ) ایک اسٹارٹ اپ قائم کیا ہے۔ وہ خواتین جن کی فنکارانہ صلاحیتوں کو مناسب رہنمائی اور مارکیٹ تک رسائی کی کمی کی وجہ سے پروان چڑھنے کا موقع نہیں ملتا تھا وہ اس کے ذریعے مفت تربیت حاصل کر کےنہ صرف مہارت حاصل کر سکتی ہیں بلکہ اپنے لئے روزگار کے دروازے بھی کھول سکتی ہیں۔ ان کے اس اسٹارٹ اپ کا افتتاح جلگائوں کی کاویتری بہینا بائی چودھری شمالی مہاراشٹر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر وی ایل مہیشوری نے کیا۔
’’سیکھو ، تخلیق کرو اور کمائو‘‘
 یہ اے آئی کی مدد سے چلنے والا ایک اسٹارٹ اپ ہے ۔اگرچہ خواتین فنکارانہ اور تخلیقی صلاحیتوں کی مالک ہوتی ہیں، لیکن وہ اکثر مناسب رہنمائی ، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مارکیٹ تک رسائی کی کمی کے باعث اپنی صلاحیتوں سے آمدنی حاصل نہیں کرپاتیں۔ ایسی ہی خواتین کی رہنمائی کیلئے اسٹارٹ’ اپ لرن ، کریئٹ اینڈ ارن‘ تیار کیا گیا ہے۔ یہ ایپ خواتین خاص کر گھریلو خواتین اور طالبات کو نہ صرف اے آئی ٹولس کی مفت تربیت فراہم کرتا ہے بلکہ اپنی مصنوعات اور خدمات کو آن لائن فروخت کرنے کے مواقع بھی پیدا کرتا ہے۔
اس اسٹارٹ اپ کو جلگاؤں کی کاویتری بہینا بائی چودھری نارتھ مہاراشٹر یونیورسٹی کے نالج سینٹر فار انوویشن، انکیوبیشن اور لنکیجز( کے سی آئی آئی ایل)سے کی رہنمائی اور تعاون حاصل ہے۔ کے سی آئی آئی ایل اسٹارٹ اپ کو مسلسل رہنمائی اور مارکیٹ لنکس فراہم کر رہا ہے، اور اس نے اسٹارٹ اپ انڈیا سیڈ فنڈ اسکیم کے تحت ۳؍ لاکھ کی گرانٹ کی یقین دہانی بھی کروائی ہے۔ اس ے اسٹارٹ اپ کی کاروباری اور تکنیکی ترقی  میں مدد ملے گی۔ خواتین  مندر جہ ذیل لنک کے ذریعے ان سے رابطہ کر سکتی ہیں۔ 
https://www.skill2earn.in/art-se-atmnirbhr
بشریٰ شیخ کو یہ ترغیب کیسے ملی؟
 شیخ بشریٰ سعید جلگائوں کی ایک ۳۷؍سالہ خاتون ہیں۔انہوں نے ایچ جے تھیم کالج سے بی ایس سی آئی ٹی کیا ۔اسکے بعد آئی ٹی ہی میں ماسٹر ڈگری کاویتری بہینا بائی چودھری شمالی مہاراشٹر یونیورسٹی سے حاصل کی ۔ پھراقراء کالج ہی میں بطور لکچرر خدمات انجام دیں ۔ بشریٰ بتاتی ہیں کہ اسی دوران یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی کالج  میںآمد ہوئی تھی جنہوں نے کالج انتظامیہ سے کہا تھا کہ مسلم  بچیاں پڑھ تو لیتی ہیں لیکن انہیں آمدنی کا ذریعہ حاصل نہیں ہوتا۔ کیوں نہ آپ لوگ کسی آئی ٹی کمپنی کی بنیاد رکھیں ؟ اسی بات نے بشری شیخ کو آئی ٹی کمپنی کھولنے پر آمادہ کیا۔ اس میں ان کے والد سعید احمد سب سے بڑے معاون و مددگار ثابت ہوئے جوجلگاؤں ضلع جنرل اسپتال میںپیتھا لوجسٹ ہوا کرتے تھے اور اب ریٹائرڈ ہیں۔ بشریٰ شیخ نے گزشتہ ۱۰؍ سال میں آئی ٹی کے ذریعے تعلیم و تربیت دے کر کم و بیش ۲؍ ہزار بچے تیار کئے ہیں جو اس وقت ملک کی مختلف آئی ٹی کمپنیوں مین خدمات انجام دے رہے ہیں کچھ اپنے گھر سے چھوٹے موٹے اسٹارٹ اپ شروع کر کے اپنے پیروں پر کھڑے ہو گئے ہیں۔ ان کی کوششوں کوبین الاقوامی پہچان بھی ملی ہے۔ انہیںاہم کاروباری شخصیت پروشوتم ہمبارڈے سےاچیورز ایوارڈ(۳؍ لاکھ روپے روپے کا انعام) مل چکا ہے۔ نیز سخت  مقابلہ آرائی کے  بعد آسٹریلیا میں ایوارڈ کیلئے عالمی سطح پر اول ۶؍ افراد میں انہیں منتخب کیا گیا۔بشری اپنی اس کامیابی کا سہرا اپنے والدکے سر باندھتی ہیں جن کی آج ۷؍ جولائی) سالگرہ ہے۔

jalgaon Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK