۸؍افراد زخمی، ۴؍ کی حالت نازک، یہ خاندان عمرہ زائرین کوممبئی ایئر پورٹ پر رخصت کرنے آیا تھا۔
EPAPER
Updated: July 31, 2026, 12:58 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Badlapur
۸؍افراد زخمی، ۴؍ کی حالت نازک، یہ خاندان عمرہ زائرین کوممبئی ایئر پورٹ پر رخصت کرنے آیا تھا۔
جلگاؤں سے اپنے رشتہ داروں کو عمرہ کی سعادت کے لئے ممبئی ایئرپورٹ تک پہنچانے آیا ایک خاندان واپسی کے سفر میں بھیانک سڑک حادثے کا شکار ہوگیا۔ بھیونڈی بائی پاس پر سونالے گاؤں کے مقام پر علی الصباح ٹریکس جیپ سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں۸؍ افراد زخمی ہوگئے جبکہ ۴؍ کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جلگاؤں ضلع کے چالیس گاؤں تعلقہ کے سائی گاؤں سے تعلق رکھنے والے خاندان کے تقریباً۲۰؍ سے۲۲؍ افراد اپنے عزیزوں کو عمرہ کے لئے ممبئی ہوائی اڈے پر رخصت کرنے آئے تھے۔ عمرہ کے مسافروں کو روانہ کرنے کے بعد خاندان کے افراد مختلف گاڑیوں کے ذریعے واپس جلگاؤں روانہ ہوئے۔علی الصباح ہلکی بارش اور کم حدِ نگاہ کے دوران جب ۱۰؍ افراد کو لے کر ٹریکس جیپ بھیونڈی بائی پاس سے آگے سونالے گاؤں کے قریب پہنچی تو سڑک کنارے کھڑے ایک ٹرک سے اس کی زبردست ٹکر ہوگئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ جیپ کا اگلا حصہ بری طرح تباہ ہوگیا اور اس میں سوار کئی افراد گاڑی میں پھنس گئے۔
یہ بھی پڑھئے: باندرہ: غریب نگر کے بے گھر مکین ایس آئی آر میں نام کے اندراج کیلئے پریشان
حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی شہری اور راہگیر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائی شروع کرتے ہوئے زخمیوں کو باہر نکالا۔ بعد ازاں تمام زخمیوں کو اندرا گاندھی سب ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق دو خواتین اور دو مردوں کے ہاتھوں اور کندھوں میں شدید فریکچر آئے ہیں جنہیں ابتدائی علاج کے بعد بہتر طبی سہولیات کے لئے نجی اسپتال ریفر کر دیا گیا جبکہ دیگر ۴؍ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اہل خانہ کے ساتھ روانہ کر دیا گیا۔