Updated: November 21, 2026, 9:59 PM IST
| Bhusawal
مہاراشٹر کے ضلع جلگاؤں کے بھساول اسمبلی حلقے میں ووٹر لسٹ سے نام خارج کرانے کیلئے فارم ۷؍ کے ذریعے جمع کرائے گئے ۱۴؍ ہزار ۵۶۷؍ اعتراضات میں سے جانچ پڑتال کے بعد صرف ۷۴؍ ہی درست پائے گئے ہیں۔ اس بڑے فرق کے سامنے آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے بدنیتی پر مبنی درخواستیں داخل کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے ریاست میں جاری ووٹر لسٹ نظرثانی مہم پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این۔
مہاراشٹر کے بھساول اسمبلی حلقے میں ووٹر لسٹ سے نام کاٹنے کیلئے دائر کئے گئے بڑی تعداد میں اعتراضات کے غلط ثابت ہونے کے بعد مہاراشٹر میں جاری ایس آئی آر کا عمل شدید تنقید اور جانچ کے دائرے میں آ گیا ہے۔ اخبار دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، ضلع جلگاؤں کی بی جے پی کے قبضے والی بھساول سیٹ پر فارم ۷؍ کے ذریعے مجموعی طور پر ۱۴؍ ہزار ۵۶۷؍ اعتراضات موصول ہوئے تھے، لیکن جانچ پڑتال کے بعد صرف۷۴؍ ووٹرز ہی ایسے پائے گئے جن کے نام کاٹنے کے قابل تھے۔ اس تنازعے کا آغاز ان شکایات کے بعد ہوا کہ ۱۸۶؍ افراد نے اجتماعی طور پر آف لائن طریقے سے ۱۴؍ ہزار ۵۶۲؍ ووٹرز کے نام کاٹنے کیلئے تھوک کے حساب سے اعتراضات داخل کئے ہیں۔ اس حلقے کی نمائندگی بی جے پی کے وزیرِ ٹیکسٹائل سنجے ساوکارے کرتے ہیں۔ تحقیقات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ وہ ’’بدنیتی‘‘ سے اعتراضات داخل کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرے گی۔ یہ معاملہ اس وقت منظرِ عام پر آیا جب کانگریس کے بوتھ لیول ایجنٹ منور خان نے بھساول اسمبلی حلقے میں بڑے پیمانے پر فارم ۷؍ جمع کرائے جانے پر تشویش کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ فارم ۷؍ وہ سرکاری درخواست ہے جو ووٹر لسٹ میں کسی شخص کے نام کے اندراج پر اعتراض کرنے یا پہلے سے موجود نام کو خارج کرانے کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ تحقیقات کے بعد تیار کی گئی حقائق پر مبنی رپورٹ کے مطابق، ۱۲؍ بھساول اسمبلی حلقے کیلئے ڈاک کے ذریعے فارم نمبر ۷؍ میں کل ۱۴؍ ہزار ۵۶۷؍ اعتراضات موصول ہوئے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ بعد میں ۲۱؍اعتراض کنندگان نے تحریری درخواستیں دے کر رضاکارانہ طور پر ۲؍ ہزار ۵۳۲؍ اعتراضات واپس لے لئے۔ رپورٹ کے الفاظ میں،’’ ۱۲؍ بھساول اسمبلی حلقے میں ڈاک کے ذریعے فارم نمبر ۷؍ میں کل ۱۴؍ہزار ۵۶۷؍ اعتراضات موصول ہوئے، جن میں سے ۲۱؍ اعتراض کنندگان نے تحریری درخواستوں کے ذریعے رضاکارانہ طور پر۲؍ ہزار۵۳۲؍ اعتراضات واپس لے لئے ہیں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: قحط زدہ مہاراشٹر میں ڈیٹا سینٹر کیلئے علاحدہ واٹر کمپنی بنانے کا منصوبہ
انتظامیہ نے بتایا کہ عوامی نوٹس جاری کئےگئے اور شواہد کی تصدیق کی گئی۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا، ’’باقی اعتراضات کے حوالے سے اعتراض کنندگان کو انفرادی نوٹس جاری کئے گئے اور ۵؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو اخبار میں ایک عوامی نوٹس بھی شائع کیا گیا جس میں ان سے ثبوت پیش کرنے کی اپیل کی گئی۔‘‘ اس کے بعد بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل اوز) کے ذریعے تحقیقات اور ووٹر لسٹ کی تجدید کا کام انجام دیا گیا، جس میں حکام نے موقع پر جا کر جسمانی معائنہ کیا اور متعلقہ بی ایل اوز کے ذریعے ہر درخواست کا جائزہ لیا۔ رپورٹ کے مطابق، ’’مکمل تحقیقات کے بعد ۷۴؍ ووٹرز نام خارج کئے جانے کے اہل پائے گئےاور ان کے حوالے سے قواعد کے مطابق کارروائی شروع کر دی گئی ہے، جبکہ دیگر تمام اعتراضات نمٹا دئیے گئے ہیں۔‘‘ اس طرح موصول ہونے والے ۱۴؍ ہزار ۵۶۷؍ اعتراضات میں سے جانچ پڑتال کے بعد صرف ۷۴؍ درست پائے گئےاور باقی اعتراضات کو قانونی طریقہ کار کے تحت مسترد کر دیا گیا۔ ۱۷؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو جاری کردہ ایک سرکاری حکم نامے میں سب ڈویژنل آفیسر اور الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر نے کہا کہ مطلوبہ طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے تمام ۱۴؍ ہزار ۵۶۷؍ اعتراضات کو مکمل طور پر نمٹا دیا گیا ہے اور بدنیتی سے اعتراضات داخل کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ کا قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ حکام نے بڑی تعداد میں اعتراضات داخل کرنے کے اس عمل کو غیر مناسب اور محرکات پر مبنی سمجھا، تاہم رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کتنے افراد کے خلاف کارروائی ہوگی یا کس قسم کی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: بیڑ میں ۱۳؍کروڑ روپے کا گھوٹالہ بے نقاب،۶؍افسر معطل
کانگریس کے مقامی بوتھ لیول ایجنٹ منور خان نے سب سے پہلے بھساول میں بڑے پیمانے پر فارم ۷؍ جمع کرائے جانے کا معاملہ اٹھایا تھا اور اس بات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا کہ تھوک کے حساب سے درخواستیں کیوں قبول کی گئیں اور آیا اس کے پیچھے کوئی بدنیتی کارفرما تھی۔ خان نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا، ’’جب میں نے بڑے پیمانے پر فارم جمع کرائے جانے کی نشاندہی کی تو مقامی انتظامیہ حرکت میں آئی اور جانچ پڑتال شروع ہوئی۔ ہم نے ان افراد کا سراغ بھی لگایا جن کے نام سے اعتراضات داخل کئے گئے تھے اور ان میں سے کئی افراد نے فارم ۷؍ پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ ہم اس معاملے کی تفصیلی تحقیقات چاہتے ہیں۔‘‘ خان کے ان الزامات نے اس بات پر سنگین سوالات کھڑے کر دئیے ہیں کہ آیا یہ اعتراضات واقعی ان افراد نے داخل کئے تھے جن کے نام درخواستوں میں درج تھے۔ جمع کرائے گئے اعتراضات اور درست پائے جانے والے ناموں کے درمیان اس قدر بڑے فرق نے ووٹر لسٹ نظرثانی کی اس مہم کے گرد سیاسی تنازعے کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ بھساول کا یہ تنازع الیکشن کمیشن آف انڈیا ( ای سی آئی) کی جانب سے نافذ کردہ سخت قواعد کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ اکتوبر ۲۰۲۶ء میں الیکشن کمیشن نے اس بات کا نوٹس لیا تھا کہ بڑی تعداد میں فارم۷؍ داخل کرنے کے واقعات سے ووٹرز کو ’’غیر ضروری پریشانی‘‘ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کمیشن نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل آفیسرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ایک فرد کی جانب سے جمع کرائی جانے والی فارم ۷؍ درخواستوں کی تعداد محدود کر دی تھی۔ نظرثانی کے عمل کے دوران دعوؤں اور اعتراضات کی مدت میں یہ حد فی شخص ۱۰؍ فارم ۷؍ مقرر کی گئی تھی، جبکہ ووٹر لسٹوں کی معمول کی مسلسل تجدید کے دوران یہ حد فی ماہ پانچ درخواستیں مقرر کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: شری وردھن ساحل کیلئے۵ء۱؍کروڑ روپے کا فنڈ منظور،آراوی بیچ کی بہتری کا بھی عزم
ان پابندیوں کے باوجود بھساول میں اعتراضات ڈاک کے ذریعے بھیجے گئے تھے۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر کے ایک سینئر عہدیدار نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ اس وجہ سے درخواستیں موصول ہوتے وقت اعتراض کنندہ کی شناخت کرنا مشکل تھا۔ عہدیدار نے کہا، ’’بھساول میں فارم ڈاک کے ذریعے بھیجے گئے تھے، جس کے نتیجے میں تمام فارم وصول کر لئے گئے کیونکہ اس وقت یہ جاننے کا کوئی ذریعہ نہیں تھا کہ اعتراض کرنے والا کون ہے۔ ایک بار جب ہمیں فارم موصول ہوئے اور ہم نے ان کی جانچ پڑتال کی تو قانونی طریقہ کار اپنایا گیا۔ چونکہ ہم نے قواعد پر عمل کیا، سماعتیں کیں اور بدنیتی پر مبنی اعتراضات کو مسترد کیا، اس لئے صرف ۷۴؍ درخواستیں ہی منظور کی گئیں۔‘‘ بھساول کا یہ واقعہ ایس آئی آر کے عمل میں تصدیق کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے، جہاں نام کاٹنے کی بھاری درخواستوں کے باوجود تحقیقات سے ثابت ہوا کہ ان کی واضح اکثریت قانونی معیار پر پوری نہیں اترتی اور ان کے پاس مناسب شواہد یا جواز موجود نہیں تھے۔ یہ معاملہ مہاراشٹر میں جاری ایس آئی آر کے عمل پر توجہ مرکوز رکھے گاخاص طور پر ان حلقوں میں جہاں سیاسی جماعتوں نے ووٹر لسٹ کی تبدیلیوں میں بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کئے ہیںاور ووٹرز کو پریشانی سے بچانے و انتخابی فہرستوں کی شفافیت برقرار رکھنے کیلئے تھوک کے حساب سے فارم ۷؍ جمع کرانے پر سخت نگرانی کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔