Inquilab Logo

سرکاری اقدامات سے کچھ راحت تو ملے گی مگر مہنگائی سے بچنا ابھی ممکن نہیں

Updated: August 23, 2023, 11:34 AM IST | Agency | Mumbai

وزارت خزانہ نے عالمی اور علاقائی غیر یقینی صورتحال کا حوالہ دیا، ریزرو بینک اور حکومت کو الرٹ رہنے کامشورہ

Nirmala Sitharaman Minister of Finance .Photo. INN
وزیر خزانہ نرملا سیتارمن۔ تصویر:آئی این این

مرکزی وزارت خزانہ نے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات اور بازار میں  نئے اسٹاک کی آمد سے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں  میں  کچھ بہتری کی امید ظاہر کی ہے مگر متنبہ کیا ہے کہ عالمی اور علاقائی غیر یقینی صورتحال نیز گھریلو رکاوٹوں کی وجہ سے آنے والے مہینوں میں مہنگائی کے دباؤ میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ رپورٹ میں  حکومت اور ریزرو بینک کو اس سلسلے میں   چوکنا رہنے کا بھی مشورہ دیاگیاہے۔ 
 یہ بات وزارت خزانہ کے اقتصادی امور کے محکمہ کی طرف سے منگل کو جاری کردہ جولائی کے اقتصادی سروے میں کہی گئی ہے۔ اس میں مزید کہا کہ رپورٹ کی تیاری کے دوران اگست میں بارش کمزور رہی ۔ حکومت کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے پہلے سے ہی احتیاطی تدابیر اختیار کئے جانے اور تازہ اسٹاک کی آمد سے مارکیٹ میں قیمتوں کا دباؤ کم ہونے کا امکان ہے مگر عالمی طلب میں کمی کے پیش نظر تجارتی سامان کی برآمدی نمو کو مضبوط بنانے کیلئے بیرونی شعبے پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔ 
  رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ خوردہ افراط زر جولائی۲۰۲۳ء میں بڑھ کر۷ء۴؍ فیصد تک پہنچ گئی جو بنیادی طور پر کھانے کی اشیاء میں اضافے کی وجہ سےتھی جبکہ بنیادی افراط زر۳۹؍ ماہ کی کم ترین سطح پر رہی۔
  روس نے ایک طرف بحیرہ اسود کے اناج کے معاہدے کو ختم کردیا اورو دوسری طرف گیہوں  پیدا کرنے والے اہم خطوں میں خشک سالی کا سامنا ہے،اس کی وجہ سے اناج کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔ گھریلو عوامل جیسے سفید مکھی کی بیماری اور بارش کی غیر مساوی تقسیم ہندوستان میں سبزیوں کی قیمتوں پر بھی دباؤ ڈالتی ہے۔ 
 خوردہ افراط زر اور بڑھتی ہوئی قیمتوں پر ریزرو بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) نے خبردار کیا ہے کہ خوراک کی قیمتوں میں اضافہ قریبی مدت میں خوردہ افراط زر میں اضافے کا باعث بن سکتا ہے، حالانکہ اس نے آنے والے وقت میں قیمتوں میں نرمی کی امید بھی ظاہر کی ہے۔ جائزہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اشیائے خوردونوش میں قیمتوں کا دباؤ عارضی ہونے کی توقع ہے۔ زراعت کا شعبہ مانسون اور خریف کی بوائی میں قابل ذکر پیش رفت کے ساتھ رفتار پکڑ رہا ہے۔ گندم اور چاول کی خریداری اچھی طرح سے جاری ہے، ملک میں غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے غذائی اجناس کے بفر اسٹاک کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK