Inquilab Logo

بھیونڈی کی خراب سڑکوں سے ممبئی کے تاجر بھی پریشان

Updated: November 01, 2022, 11:49 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

ممبئی میں قائم کپڑا تاجروں کی سب سے بڑی تنظیم بھارت مرچنٹ چیمبرس کامیونسپل کمشنر اور نگراں وزیر سے سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ

Trade is also affected as most of the roads in Bhiwandi are in a dilapidated condition.
بھیونڈی کی بیشتر سڑکیں خستہ حال ہونے کے سبب تجارت بھی متاثر ہورہی ہے۔

یہاں کی خستہ حال سڑکیں شہریوں کے ساتھ ہی بیرون شہر سے آنے والے تاجروں کیلئے بھی درد سر بن گئی ہیں ۔صنعتی شہر کی خراب سڑکوں کو لیکرممبئی میں قائم کپڑا تاجروں کی سب سے بڑی تنظیم بھارت مرچنٹ چیمبرس نے میونسپل کمشنر، مرکزی وزیر مملکت کپل پاٹل اور تھانے ضلع کے نگراں وزیر شمبھوراج دیسائی کو خط لکھ کر سڑکوں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔ 
 واضح رہےکہ پورے ملک میں صنعت پارچہ بافی کیلئے مشہوربھیونڈی کے پاور لوم پر روزانہ لاکھوں میٹر کپڑا تیار ہوتا ہےجو ملک اور بیرون ملک برآمد کیا جاتا ہے۔ٹیکسٹائل اور یارن مارکیٹ ممبئی میں ہونے کی وجہ سے ممبئی و اطراف کے شہروں سمیت ملک کے مختلف حصوں سے تاجر بڑی تعداد میںکاروبار کے سلسلے میں روزانہ  بھیونڈی آتے ہیں۔اس کے علاوہ ممبئی کے کالبا دیوی میں رہائش پذیر تاجروں کابھیونڈی میں پاور لوم کارخانے،سولجر اور ریپئر جیسے جدید ترین پاور لوم، ٹویسٹنگ، پیکنگ،ڈائنگ  اور پاور لوم سے منسلک متعدد کاروبارہیں۔اسی کے ساتھ شہر میں پاور لوم صنعت سے وابستہ ساز و سامان ،کچا مال اور اس کاروبار سے منسلک دوسرے بہت سے بیوپار ہوتے ہیں۔اس کے سبب ممبئی، تھانے، ملنڈ،ڈومبیولی اور دیگر شہروں سے تاجروں کو یومیہ بھیونڈی آنا پڑتا ہے۔تاہم  یہاں کی سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب انہیں آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتاہے۔
  شہر کے تقریباً ۱۵؍ کلومیٹر کے دائرے میں سڑکوں کی حالت اتنی خراب ہو چکی ہے کہ سمجھ نہیں آتاہیکہ سڑک پر گڑھے ہیں یا گڑھوں میںسڑک ۔ اس  وجہ سے شہر کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک پہنچنے میں گھنٹوں لگ جاتے ہیں۔ گڑھوں کے باعث اکثر ٹریفک کا نظام بھی بری طرح متاثر ہوتا ہےجس میں پھنس کر بیرون شہر سے آئے سرمایہ داروں کا وقت برباد ہوتا ہے۔یہ گڑھے تاجروں کی بیش قیمت گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچاتے ہیں۔
 ٹیکسٹائل مارکیٹ کی سب سے بڑی تنظیم بھارت مرچنٹس چیمبر کے عہدیدار راجیو سنگھل نے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ایک جانب شاہراہ  بنا رہی ہے جن پر لڑاکو طیارے اتارے جا رہے ہیں۔ دوسری جانب ہندوستان کا مانچسٹر کہے جانے والے بھیونڈی پاورلوم شہر کی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ حال ہےجبکہ صرف بھیونڈی سے ایک کروڑ سے زائد  لوگوں کو روزگار ملا ہے ۔حکومت کو پاورلوم انڈسٹری سے بھی کروڑوں روپے کا ریونیو ملتا ہے۔ اس کے باوجود بھیونڈی کی سڑکوں کی حالت انتہائی خستہ حال ہے۔
  ریاست کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا تعلق تھانے ضلع سے ہے اور مرکزی وزیر مملکت کپل پاٹل بھیونڈی لوک سبھا سے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ اس کے بعد بھی بھیونڈی شہر سمیت آس پاس کی سڑکوں کی حالت ٹھیک نہیں ہے۔ راجیو سنگل نے بتایا کہ جب انہوں نے نگراں وزیر سے اس سلسلے میں گفتگو کی تو انہوں نے سڑکوں کی تعمیر اور مرمت پر توجہ مرکوز کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ لیکن جب انہوں نے میونسپل کمشنر سے بات کی تو کمشنر نے الزام لگایا کہ پاورلوم مالکان پراپرٹی ٹیکس ادا نہیں کرتے ہیں۔ 
 میونسپل کمشنر نے پاورلوم مالکان سے پراپرٹی ٹیکس ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ اس سلسلے میں میونسپل کمشنر سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہوسکا۔انہیں وہاٹس ایپ اور میسیج بھی کیا گیا لیکن خبر لکھے جانے تک انہوں نے کوئی بھی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ 
 بھارت مرچنٹس چیمبرس کے اہم عہدے دار راجیو سنگل نے کہا کہ بھیونڈی میں۹۹؍ فیصد سڑکیں خراب ہیں۔ اگر ۳۰؍ فیصد سڑکیں میونسپل کارپوریشن کے تحت آتی ہیں تو کارپوریشن کو چاہئے کہ اس کی فوری طور پر مرمت اور تعمیر کرائی جائے۔ کارپوریشن کے باہر کے علاقوں کی سڑکوں کو ایم ایم آر ڈی اے اور دیگر اتھارٹیزکو بنانا چاہئے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK