• Thu, 20 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بٹر چکن دُنیا کی بہترین چکن ڈشیز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر

Updated: November 20, 2025, 1:02 PM IST | New Delhi

مشہور ویب سائٹ ’’ٹیسٹ اٹلس‘‘ کی جاری کردہ لسٹ میں ہندوستانی پکوانوں نے پھر لوہا منوایا، تندوری چکن بھی شامل-

Butter Chicken.Photo:INN
بٹر چکن۔ تصویر:آئی این این
نئی دہلی(ایجنسی): عالمی فوڈ گائیڈ  کی مشہور ویب سائٹ ٹیسٹ اٹلس (TasteAtlas) نے دنیا کی بہترین چکن ڈشیز کی تازہ فہرست جاری کی ہے جس میں اس مرتبہ بھی   ملک کے دو مشہور پکوان بٹر چکن اورتندوری چکن  نے جگہ بناکر ہندوستانی پکوانوں کا لوہا منوایا ہے۔ 
گزشتہ روز جاری ہونے والی اس فہرست میں بٹر چکن کو۴ء۵؍ اسٹارکے ساتھ دنیا کی  پانچویں  بہترین چکن ڈش  قرار دیا گیا ہے۔ ٹیسٹ اٹلس نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ ’’مرغ مکھنی یا بٹر چکن شاید دنیا بھر میں سب سے معروف  ہندوستانی ڈش ہے۔ اس کی ایجاد دہلی میں ۵۰ء کی دہائی میں ہوئی   لیکن آج یہ پوری دنیا میں ہندوستانی پکوانوں کی شناخت کہی جاسکتی ہے۔ ‘‘ 
واضح رہے کہ بٹر چکن کی مقبولیت کا راز اس کی ملائم، کریمی گریوی اور خوشبو دار مصالحوں سے بھرپور ذائقہ ہے۔ چاہے دہلی کی گلیوں کا ڈھابہ ہو یا کسی فائیو اسٹار ہوٹل کا مینو، نرم گرم نان کے ساتھ بٹر چکن کی جوڑی ایک ایسا تجربہ ہے جو لذت کام و دہن کے متوالوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتا ہے۔ 
ٹیسٹ اٹلس نے جو فہرست جاری کی ہے  اس میں ٹاپ پر ترکش چکن ڈش’  چکن  توپ قاپی‘  ہے جس میں چکن کے اندر پلائو یا بریانی بھری ہوتی ہے۔ یہ ترکی کا روایتی پکوان ہے اور عثمانی ترکوں کے  دور سے پوری دنیا میں مشہور ہے۔دوسرے نمبر پر مراکش کی مشہور چکن ڈش ’رفیسہ ‘ ہے۔ تیسرے نمبر پر جنوبی کوریا کامعروف’کورین فرائڈ چکن ‘ ہے جبکہ چوتھے نمبر پر جنوبی امریکی ملک پیرو کا ’روسٹیڈ چکن ‘ ہے۔ پانچواں مقام بٹر چکن کو ملا ہے۔
واـضح رہے کہ ٹیسٹ اٹلس کی فہرست میں ہندوستان کی ایک اور مشہور ڈش’’ تندوری چکن‘‘ کو بھی مقام دیا گیا ہے۔ اس نے ۱۴؍ ویں پوزیشن حاصل کی ہے۔ فہرست میں ہندوستان کی  جن  دیگرچکن ڈشیز کو شامل کیا گیا ہے ان میں  ۳۵؍ ویں مقام پر چکن ٹکہ   اور ۳۸؍ ویں مقام پر چکن ۶۵؍ ہے۔چکن رزالہ  ۵۱؍ویں  اور چکن کاٹھی رول  نے ۷۴؍ویں پوزیشن  حاصل کی ہے۔ ہندوستانی پکوانوں کی اس عالمی پزیرائی نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ ہندوستانی کھانوں کی جڑیں صرف ذائقے تک محدود نہیں بلکہ تاریخ، ثقافت، تخلیق اور ورثے کا مجموعہ ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK