Inquilab Logo

ضمنی انتخابات : گھوسی میں بی جے پی کو ہزیمت ، مزید ۳؍ سیٹوں پر شکست

Updated: September 09, 2023, 9:29 AM IST | mau

انڈیا اتحاد نے ۷؍ میں سے ۴؍ سیٹیں جیت لیں، بی جے پی کو ۳؍ پر اکتفا کرنا پڑا ،گھوسی میں بی جے پی امیدوار کو۴۲؍ ہزار ووٹوں سے شکست ہوئی

Samajwadi workers celebrating after victory in Ghosi seat
گھوسی سیٹ پر فتح کے بعد سماج وادی کارکنان جشن مناتے ہوئے

لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں کے انتخابات سے قبل ٹیسٹ تسلیم کئے جارہے ۶؍ ریاستوں کی ۷؍ اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات میں انڈیا اتحاد نے ۴؍ سیٹیں جیت لیں جبکہ بی جے پی کو ۳؍ پر ہی اکتفا کرنا پڑا ۔ بی جے پی کیلئے ہزیمت کی بات یہ بھی رہی کہ گھوسی ضمنی انتخاب میں  ا س کے امیدوار دارا سنگھ کو شرمناک شکست سے دوچار ہونا پڑا۔ یہاں سماجوادی پارٹی کے امیدوار سدھاکر سنگھ ۴۲؍ ہزار ۷۵۹؍ ووٹ سے کامیاب ہوئے۔  سدھاکر سنگھ کو ایک لاکھ ۲۴؍ ہزار سے زائد ووٹ ملے۔ نتیجہ کے ساتھ ہی سدھاکر سنگھ نے سماجوادی پارٹی کی سیٹ کو برقرار رکھا ہے ۔گھوسی اسمبلی سیٹ سماجوادی ممبر اسمبلی دارا سنگھ چوہان کے استعفیٰ کے سبب خالی ہوئی تھی جنہوں نے بعد میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی اور اس سیٹ پر ضمنی انتخاب ہوا ۔   
 دوسری طرف بی جے پی کے لئے اچھی خبر تریپورہ سے آئی جہاں سے اس نے ۲؍ اسمبلی سیٹیں جیتیں ۔تریپورہ میں اسی کی حکومت ہے۔ تیسری سیٹ بی جے پی کو اتراکھنڈ کے باگیشور کی ملی ہے۔  انڈیا اتحاد نے اس الیکشن میں ۴؍ سیٹیں جیتی ہیں جس میں سے ایک گھوسی کی سیٹ ہے جبکہ کیرالا میںکانگریس نے اپنی سیٹ برقرار رکھتے ہوئےپتھوپلی کی سیٹ حاصل کرلی ۔ یہاں پر اومین چانڈی کے بیٹے چانڈی اومین نے فتح حاصل کی ۔ جھارکھنڈ میں ڈمری سیٹ پر جے ایم ایم نے اپنا دبدبہ برقرار رکھا جبکہ مغربی بنگال میں دھوپ گڑی سیٹ کی کامیابی بھی اہم ہے کیوں کہ یہاں پر ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے بی جے پی کے قبضے سے یہ سیٹ نکال لی ۔ اس پر کافی خوش نظر آرہی ممتا بنرجی نے بی جے پی کو انتباہ دے دیا کہ جو حشر اس کا یہاں ہوا ہے وہی حشر اب اسمبلی اور پارلیمانی انتخابات میںہو گا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK