Inquilab Logo

ضمنی انتخابات:۶؍سیٹوںمیں سے۲؍پر کانگریس اور ۲؍پر بی جے پی کو کامیابی

Updated: December 09, 2022, 9:55 AM IST | new Delhi

کانگریس نے راجستھان اور چھتیس گڑھ میں جیت حاصل کی، بی جے پی نےپہلی بار رام پور اور بہار کی کڑھنی سیٹ پر کامیابی پائی، آر ایل ڈی اور بی جے ڈی بھی کامیاب

Samajwadi Party workers fondle the picture of Dimple Yadav who won the entire Lok Sabha seat by a landslide.
سماجوادی پارٹی کے ورکر مین پوری لوک سبھا سیٹ سے شاندار کامیابی حاصل کرنے والی ڈمپل یادو کی تصویر کو مٹھائی کھلارہے ہیں

گجرات اورہماچل پردیش کے ساتھ ملک کی ۵؍ریاستوں میں ۶؍اسمبلی سیٹوں اور ایک پارلیمانی سیٹ پر ضمنی انتخابات بھی ہوئے۔  ان۶؍اسمبلی سیٹوں  میں سےکانگریس کو ۲؍اور بی جے پی کو۲؍ سیٹیں ملی ہیں۔ جبکہ سماجوادی پارٹی کی ڈمپل یادونےیوپی کی مین پوری لوک سبھا سیٹ پر ریکارڈ توڑکامیابی حاصلکی ہے۔انہوں نے بی جے پی کے رگھوراج شاکیا کو۲؍لاکھ۸۸؍ہزار سے زیادہ ووٹوں سے شکست دی ہے۔ اعظم خان کا گڑھ سمجھے جانے والے رام پور میں سب سے بڑی ہلچل ہوئی ہے۔ یہاں ۷۱؍ سال بعدکمل کھلا۔بی جے پی امیدوارآکاش سکسینہ نےاعظم کے قریبی ساتھی عاصم رضا کو ۲۵؍ ہزار ۷۰۳؍ووٹوں سے شکست دی۔ دوسری طرف، ایس پی-آر ایل ڈی اتحاد کے مدن بھیا نے کھتولی اسمبلی سیٹ جیت لی ہے۔
مین پوری لوک سبھا پر ڈمپل یادو کی شاندار جیت
 یوپی ضمنی انتخاب میں یہ سب سے اہم سیٹ تھی۔یہاں  اکھلیش یادو کی بیوی ڈمپل یادو نے بی جے پی امیدوار کو ۲ء۸۸؍لاکھ ووٹوں سے شکست دی ہے۔ ڈمپل کو۶؍لاکھ ۱۸؍ہزار۱۲۰؍جبکہ بی جے پی امیدوار رگھوراج سنگھ کو ۳؍ لاکھ ۲۹؍ہزار۶۵۹؍ ووٹ ملے۔ ملائم سنگھ یادو کی موت کے بعد یہاں ضمنی انتخاب ہوا تھا۔
رامپور اسمبلی سیٹ: پر پہلی مرتبہ بی جے پی کو کامیابی
 رام پور سیٹ کو اعظم خان کا گڑھ سمجھا جاتاہے۔یہاں بی جے پی پہلی بار جیتی ہے۔ بی جے پی امیدوار آکاش سکسینہ کو۸۱؍ہزار۴۳۲؍ووٹ ملے جبکہ ایس پی امیدوار عاصم رضا کو ۴۷؍ہزار ۲۹۶؍ووٹ ملے۔ سماجوادی پارٹی کو ۳۴؍ ہزار۱۳۶؍ ووٹوں سے شکست ہوئی۔
 عاصم کی شکست پر اکھلیش یادو نے الیکشن کمیشن سے رام پور میں ووٹوں کی گنتی کا نوٹس لینے کو کہا۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ رام پور میں ایس پی کو شکست دے سکتی ہے۔
کھتولی اسمبلی:ایس پی آر ایل ڈی اتحاد کو کامیابی
 کھتولی اترپردیش کا دوسراعلاقہ ہےجہاں اسمبلی سیٹ کیلئے ضمنی انتخابات کرائے گئے۔یہاں ایس پی-آر ایل ڈی اتحادکے مدن بھیاجیت گئےہیں۔ مدن بھیا کو۹۷؍ہزار۱۳۹؍ ووٹ ملے، جب کہ بی جے پی امیدوار وکرم سینی کی بیوی راج کماری سینی کو ۷۴؍ ہزار۹۹۶؍ ووٹ ملے۔یہاں مدن بھیا نے ۲۲؍ہزار۱۴۳؍ ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔
راجستھان کے سردار شہر میں کانگریس کو کامیابی
 کانگریس نے راجستھان کےچورو ضلع کےسردارشہر اسمبلی ضمنی انتخاب میں بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔ یہاں سے کانگریس کے امیدوار انیل شرما نے بی جے پی امیدوار اشوک کمارپنچاکو۲۶؍ہزار۸۵۲؍ووٹوں سےشکست دی۔ وہیں آر ایل پی امیدوار لال چند مونڈ تیسرے نمبر پر رہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے بھنور لال شرما کے انتقال کی وجہ سے یہاں ضمنی انتخابات کرائے گئے ہیں۔
بہار: بی جے پی نے کڑھنی سیٹ جیت لی
 ریاست میں بی جے پی-جے ڈی یو اتحاد ٹوٹنے کے بعد پہلی بار دونوں پارٹیوں کے امیدوار آمنےسامنے تھے۔ بی جے پی کے امیدوار کیدار گپتا نے بہار کی کڑھنی سیٹ جیت لی ہے۔ انہیں ۷۶؍ہزار۷۲۲؍ووٹ ملے، جب کہ جے ڈی یو کے منوج کشواہا۷۳؍ہزار۷۳؍ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ سیٹ آر ایل ڈی کے ایم ایل اے انیل کمارسہانی کے نااہل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ ۲۰۲۰ءکےاسمبلی انتخابات میں اس سیٹ سے کیدار گپتا کی جیت کا اعلان پہلے کیا گیا  تھا۔ بعد میں آرجےڈی امیدوار نے احتجاج کیا اور دوبارہ گنتی کروائی۔ اس میں انیل ساہنی نے۳؍ہزار۶۴۹؍  ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
چھتیس گڑھ: بھانوپرتاپ پور سیٹ کانگریس نے جیت لی
 چھتیس گڑھ کے بھانوپرتاپ پور اسمبلی ضمنی انتخاب میںکانگریس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ساوتری مانڈاوی نےیہاں بڑی جیت درج کی ہے۔ انہوںنے بی جے پی امیدوار برہمانند نیتم کو۲۱؍ہزار ۱۷۱؍ووٹوں سے شکست دی۔ یہ سیٹ کانگریس ایم ایل اے اور ڈپٹی اسپیکر منوج سنگھ مانڈاوی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اڈیشہ: پدم پور اسمبلی سیٹ پر بی جے ڈی کو کامیابی
 نوین پٹنائک کی پارٹی بی جے ڈی نے اڈیشہ کے بار گڑھ ضلع کی پدم پور اسمبلی سیٹ جیت لی ہے۔ بی جے ڈی امیدواربرشاسنگھ بریہا کو ایک لاکھ ۲۰؍ ہزار ۸۰۷؍ووٹ ملے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی امیدوارپردیپ پروہت کو ۴۲؍ ہزارسے زیادہ ووٹوں سےشکست دی ہے۔ یہ ضمنی انتخاب بیجو جنتا دل (بی جے ڈی)کےایم ایل اے بیجے رنجن سنگھ بریہا کی موت کے بعد ہوا۔ برشا سنگھ بریہا ان کی بڑی بیٹی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK