Inquilab Logo

بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے سی اے جی آڈٹ کے لئے ’آپریشن مکت بھیونڈی‘ سرگرم

Updated: October 15, 2021, 11:55 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | bhiwandi

یہاںمیونسپل کارپوریشن میںپھیلی بدعنوانی کوافشاکرنے کیلئے سماجی تنظیم ’آپریشن مکت بھیونڈی‘ نے کارپوریشن کے کام کاج کا سی اے جی آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے

Bhiwandi Municipal Corporation Building.Picture:Inquilab
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی عمارت۔ تصویر انقلاب

یہاںمیونسپل کارپوریشن  میںپھیلی بدعنوانی کوافشاکرنے کیلئے سماجی تنظیم ’آپریشن مکت بھیونڈی‘ نے کارپوریشن کے کام کاج کا سی اے جی  آڈٹ کرانے کا مطالبہ کیا ہے اور اس کیلئے وہ گزشتہ کئی ماہ سے سرگرم ہے۔تنظیم کے مسلسل مطالبے پر انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹ ڈپارٹمنٹ نے مثبت جواب دیا ہے۔واضح رہےکہ بھیونڈی نظام پور شہر میونسپل کارپوریشن کی حدود میں ناقص بنیادی سہولیات اور شہری انتظامیہ کی عوامی خد مات کے تئیں عدم توجہی سے ناراض  ہوکر آپریشن مکت بھیونڈی کے صدرڈاکٹر شفیق صدیقی مبینہ طورپر  بدعنوانی کے دلدل میں پھنسی بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے ۱۵؍ سال کے کام کاج کی سی اے جی کے ذریعے آڈٹ کرکے خاطیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کیلئے خط و کتابت کررہے ہیں۔ ان کے مطالبے پر ’   انڈین آڈٹ اینڈ اکاؤنٹ ڈپارٹمنٹ ‘کی سنیتانامی افسر کے دستخط سے جاری ایک خط موصول ہوا ہے جس میں ان کے مطالبے پر  مثبت گفتگو کی گئی ہے۔
 ڈاکٹر شفیق صدیقی نے انقلاب کو بتایا کہ آج شہر کے حالات ہر کسی پر عیاں ہیں،شہر کی کوئی ایسی سڑک نہیں ہے جو گڑھوں سے بھری ہوئی  نہ ہوں،شہر کا کوئی ایسا چوراہا نہیں ہے جہاں کوڑا کرکٹ کا انبار کارپوریشن انتظامیہ کی نااہلی اور یہاں جاری کرپشن کی منہ بولتی تصویر نہ ہو۔شہر کے کس محلہ کو مثالی محلہ اور کس وارڈ کو مثالی وارڈ کہا جائے یہاں کے عوام خود بتانے سے قاصر ہیں۔گندگی کے سبب مچھروں کاراج ہے ،ملیریا کے مریضوں کی  ہر دواخانے میں بہتات ہے۔گٹروں کا پانی  سڑکوںپر بہہ رہا ہے۔چیمبروں کے نہ ہونے سے راہگیر گر کر زخمی ہورہے ہیں۔خراب سڑکوں کے سبب ہر لمحہ کوئی نہ کوئی شخص یا تو گر کرزخمی ہوتاہے یا اس کی موت ہو جاتی ہے۔پینے کے پانی کا مسئلہ ،علاج معالجے کا ناقص انتظام ہمیں وراثت میں ملا ہے۔ میونسپل اسکولوں کا براحال ہے،  نہ تو بچوں کو بیٹھنے کے لئے ڈیسک ہیں اور نہ ہی  پینے کے لئے پانی اور روشنی کا انتظام ہے۔اس شہر میں ایسی کوئی بھی خصوصیت نہیں ہے جس سے ایک عام شہری مناسب طریقے سے اپنی زندگی گزار سکے۔انہوں نے کہا کہ ان کی نظر میں شہر میں بنیادی سہولیات کا فقدان میونسپل کارپوریشن میں پھیلے بھرشٹاچار کے سبب ہے۔ اس بھرشٹاچار کو طشت از بام کرنے کیلئے انہوں نے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی گزشتہ۵ا؍برس کا سی اے جی آڈٹ( کمپٹرولر اینڈ آڈیٹر جنرل آف انڈیا)کرانے کا مطالبہ شدت سے کررہے ہیں۔جس سے بدعنوانی کی ساری پرتیں کھل سکیں گی  اور ہمیں یہ معلوم ہوسکے گا کہ کبھی مہاراشٹرکی امیرترین میونسپلٹی  کارپوریشن میں تبدیل ہوتے ہی اس قدرقرض میں کیسے ڈوب گئی؟ بدعنوان افسر اور عوامی نمائندے سلاخوں کے پیچھے جانے سے کام کاج میں شفافیت آئے گی اور شہرترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ 

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK