Updated: November 14, 2026, 5:01 PM IST
| Sacramento
امریکہ میں ۱۶؍ سالہ یوسف عبداللہ نے اسکول انتظامیہ کے خلاف امتیازی سلوک اور شکایت پر مؤثر کارروائی نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ استاد کے توہین آمیز تبصرے اور بعد کے واقعات نے اسے اپنی فلسطینی اور مسلم شناخت چھپانے پر مجبور کردیا۔
امریکہ کی ریاست کیلیفورنیا میں فلسطینی نژاد امریکی نوجوان نے اپنے اسکول کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام لگایا ہے کہ ایک استانی نے اسے دوسرے طلبہ کے سامنے ’’دہشت گرد‘‘ کہا، جبکہ اس کی شکایت کے باوجود اسکول انتظامیہ نے مبینہ طور پر کوئی مؤثر تادیبی کارروائی نہیں کی۔ ۱۶؍ سالہ یوسف عبداللہ نے اناہیم یونین ہائی اسکول ڈسٹرکٹ کے خلاف یہ مقدمہ دائر کیا ہے۔ مقدمے کا تعلق فروری ۲۰۲۵ء کے ایک واقعے سے ہے، جب یوسف کی عمر ۱۴؍ سال تھی اور وہ سائپرس ہائی اسکول میں ایڈوانسڈ پلیسمنٹ انگلش پروگرام میں داخلہ نہ ملنے کے بعد اپنی انگریزی کی استانی سے بات کرنے گیا تھا۔ عدالتی درخواست کے مطابق، اس موقع پر استانی نے مبینہ طور پر دوسرے طلبہ کی موجودگی میں یوسف سے کہا، ’’میں دہشت گردوں، یعنی ۱۸؍ سال سے کم عمر کے لوگوں کے ساتھ مذاکرات نہیں کرتی۔‘‘ نوجوان کے وکیل سامر حباس کا کہنا ہے کہ اسکول کے ایک کونسلر نے بھی اس جملے کو کئی مرتبہ دہرایا، جبکہ ایک اسسٹنٹ پرنسپل نے اس تبصرے کو محض مذاق یا محاورہ قرار دے کر معاملے کی سنگینی کم کرنے کی کوشش کی۔ حباس نے اخبار ’اورنج کاؤنٹی رجسٹر‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ یوسف کے لیے انتہائی ذلت آمیز تھا۔ ان کے الفاظ میں، ’’جب آپ ایک مسلمان فلسطینی بچے کو دہشت گرد کہتے ہیں… تو یہ مکمل طور پر نامناسب ہے، یہ ایک بچے کی تذلیل اور اس کی انسانیت کی توہین ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: غزہ: خیمہ میں ۹؍ ماہ کا ’کنعان‘ سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق
درخواست کے مطابق، یوسف نے واقعے کی اطلاع اپنے اسکول کونسلر اور اسسٹنٹ پرنسپل کو دی، جس کے بعد اس کے والدین نے بھی اسکول انتظامیہ سے باضابطہ شکایت کی۔ اسکول نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں۔ مارچ ۲۰۲۵ء میں ہیومن ریسورسز کی ڈائریکٹر ایمی مایا نے ایک خط کے ذریعے خاندان کو مطلع کیا کہ تحقیقات کے دوران ایسے توہین آمیز تبصروں کے شواہد ملے ہیں جو طلبہ کے خلاف نازیبا زبان کے استعمال سے متعلق اسکول بورڈ کی پالیسی کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ خط میں یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ اسسٹنٹ پرنسپل نے استانی کے تبصرے کو نامناسب قرار دیا تھا، اگرچہ اسے مذاق بھی کہا گیا۔ ایمی مایا نے بتایا کہ معاملے کو ضلع کے ’’خفیہ محکمانہ عمل‘‘ کے تحت نمٹایا جائے گا۔ تاہم، یوسف کے وکیل حباس کا الزام ہے کہ اس کے بعد کوئی بامعنی تادیبی کارروائی نہیں کی گئی اور نہ ہی اس واقعے کے سلسلے میں کسی ملازم کو ملازمت سے برطرف کیا گیا۔ ان کے مطابق، نوجوان کے فلسطینی پس منظر کی وجہ سے اس کی شکایت کو وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کی وہ مستحق تھی۔ یہ مقدمہ جنوری ۲۰۲۶ء میں دائر کیا گیا تھا اور اب اورنج کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔ حال ہی میں جج کمبرلی اے نِل نے اسکول کی جانب سے قانونی بنیادوں پر مقدمہ خارج کرانے کی کوشش مسترد کردی۔ اس فیصلے کا مطلب یہ ہے کہ مقدمہ فی الحال آگے بڑھ سکتا ہے، تاہم اس سے درخواست میں لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوتے۔ ’اورنج کاؤنٹی رجسٹر‘ کے مطابق، اسکول ڈسٹرکٹ نے اس مقدمے پر تبصرہ کرنے کی اخبار کی درخواست کا جواب دینے سے انکار کردیا۔
یہ بھی پڑھئے: سربیا: انتخاب جیتنے والی طلبہ تحریک کا اسرائیل کے ساتھ تجارت روکنے کا منصوبہ
مقدمے میں صرف استانی کے مبینہ تبصرے ہی نہیں بلکہ اسکول کے ملازمین کے رویے سے متعلق مزید الزامات بھی شامل کیے گئے ہیں۔ درخواست کے مطابق، ملازمین نے دوسرے طلبہ کے سامنے یوسف کی خصوصی ضروریات کی حیثیت پر گفتگو کی اور اس کی بیماری اٹینشن ڈیفیسٹ ہائپر ایکٹیویٹی ڈس آرڈر (اے ڈی ایچ ڈی) کی تشخیص بھی ظاہر کردی۔ الزام ہے کہ اس کے بعد ہم جماعت طلبہ نے ’’خصوصی تعلیم‘‘ کی اصطلاح استعمال کرتے ہوئے اس کا مذاق اڑایا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان واقعات کے نتیجے میں نوجوان کو شرمندگی، بے چینی، ذہنی دباؤ اور سماجی تنہائی کا سامنا کرنا پڑا اور اسکول کا ماحول اس کے لیے دشمنانہ اور تکلیف دہ بن گیا۔ عدالتی درخواست میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مسلسل مبینہ توہین آمیز سلوک نے یوسف کو اپنی فلسطینی اور مسلم شناخت کے حوالے سے شرمندگی میں مبتلا کردیا تھا۔ اس نے ان چیزوں سے بھی بچنا شروع کردیا جو اسے عرب یا مسلمان ظاہر کرسکتی تھیں۔ ان میں داڑھی بڑھانا اور عوامی مقامات پر اپنے والدین کے ساتھ نظر آنا بھی شامل تھا۔ وکیل حباس کے مطابق، اس تجربے نے نوجوان کی اپنی شناخت کے بارے میں سوچ اور روزمرہ زندگی کو متاثر کیا۔
یہ بھی پڑھئے: نوبیل یافتہ ناوی پلے کا غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کے مؤقف کا اعادہ
حباس نے بتایا کہ یوسف اب اورنج کاؤنٹی کے ایک دوسرے ہائی اسکول میں منتقل ہوچکا ہے۔ ان کے مطابق، نوجوان اب اپنا نام ’’جوزف‘‘ استعمال کرنا چاہتا ہے، کیونکہ وہ اسے نسبتاً کم عربی انداز کا نام سمجھتا ہے۔ وکیل کا کہنا ہے کہ مقدمے کا بنیادی مقصد اسکول ڈسٹرکٹ کو اس بات کے لیے جوابدہ بنانا ہے کہ اس نے طالب علم کی شکایت سے نمٹنے اور اسے امتیازی سلوک سے تحفظ فراہم کرنے میں مبینہ طور پر ناکامی کا مظاہرہ کیوں کیا۔ حباس نے کہا، ’’ہمارا مقصد اس بچے کی حفاظت میں ناکامی پر اسکول کو جوابدہ بنانا ہے۔ کسی بھی بچے کو اس کے اسکول کی طرف سے دہشت گرد نہیں کہا جانا چاہئے۔‘‘