• Sat, 14 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غلط، غلط ہی ہوتا ہے، چاہے کرنے والا ہم مذہب ہی کیوں نہ ہو: ظفرالعزیز

Updated: November 14, 2026, 5:28 PM IST | kuala lumpur

ملائیشیا کے وزیراعظم کے سینئر سیاسی مشیر نے عبد الہادی کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان حکمران کی بدعنوانی اور ظلم بھی اتنا ہی سنگین ہے جتنا کسی غیر مسلم کا؛ مذہبی شناخت کسی کو بری الذمہ نہیں کرسکتی، نہ ہی اسی بنیاد پر کسی کی نیکی رد کی جاسکتی ہے۔

Zafarul Aziz. Image: X
ظفرالعزیز۔ تصویر: ایکس

ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے سینئر سیاسی مشیر تنکو ظفرالعزیز نے اسلامی جماعت پاس (PAS) کے صدر عبد الہادی اوانگ کے ایک بیان سے سخت اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناانصافی، بدعنوانی اور ظلم کرنے والا شخص اگر مسلمان بھی ہو تو اس کے عمل کی سنگینی کم نہیں ہوجاتی۔ ان کے مطابق کسی حکمران کے اچھے یا برے ہونے کا فیصلہ اس کے مذہب کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس کے کردار، دیانت داری اور عوام کے ساتھ کیے گئے سلوک کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہب کو ظلم کا جواز بنانے یا کسی کو اس کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر بری الذمہ قرار دینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ تنکو داتک سری ظفرالعزیز نے ۱۴؍ نومبر کو جاری اپنے بیان میں کہا، ’’ایک مسلمان کی حیثیت سے میرا یقین ہے کہ اسلام ہمیں ہر ایک کے ساتھ انصاف کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔ اگر کوئی مسلمان اقتدار کا ناجائز استعمال کرتا ہے، بدعنوانی میں ملوث ہوتا ہے یا عوام پر ظلم کرتا ہے تو کیا صرف مسلمان ہونے کی وجہ سے اس کی غلطی کی سنگینی کم ہوجاتی ہے؟ ہرگز نہیں۔‘‘ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی غیر مسلم اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور انصاف کے ساتھ ادا کرتا ہے تو صرف اس کے مذہب کی وجہ سے اس کی اچھائی کو کیوں نظر انداز کیا جائے؟ 

یہ بھی پڑھئے: کیلیفورنیا: فلسطینی نژاد امریکی طالب علم کا اسکول پر مقدمہ، استاد پر ’دہشت گرد‘ کہنے کا الزام

ظفرالعزیز نے اپنے بیان میں مزید کہا، ’’مذہبی اختلافات کبھی بھی ایک دوسرے کی تحقیر کا سبب نہیں بننے چاہئیں۔ مذہب کو ناانصافی کے دفاع کا بہانہ نہ بنائیں۔ غلط، غلط ہی ہوتا ہے، خواہ اس کا ارتکاب کوئی ایسا شخص کرے جو ہمارے ہی مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔‘‘ ان کے مطابق اسلام نے کبھی مسلمانوں کے ہاتھوں ہونے والے ظلم کو درست قرار دینے یا دوسرے مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کی مذہبی شناخت کی بنیاد پر پرکھنے کی تعلیم نہیں دی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ملائیشیا مختلف نسلوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی مشترکہ محنت سے تعمیر ہوا ہے اور ملک کی ترقی میں سبھی برادریوں کا حصہ ہے۔ یہ بیان پاس کے صدر عبد الہادی اوانگ سے منسوب اس تبصرے کے جواب میں سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے مبینہ طور پر کہا تھا کہ ملک پر حکومت کرنے والا بدترین مسلمان حکمران بھی کسی غیر مسلم حکمران جتنا ظالم نہیں ہوسکتا۔ یہ بات انہوں نے ریاست ملاکا میں ریاستی انتخابات سے قبل ایک سیاسی جلسے کے دوران کہی تھی۔ ان کے اس بیان پر مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے اعتراض کیا گیا کہ کسی حکمران کے طرزِ حکومت، انصاف پسندی اور دیانت داری کا فیصلہ اس کے مذہب کے بجائے اس کے اعمال کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔ 
تاہم عبد الہادی کے دفتر نے ان سے منسوب بیان کی اس تشریح کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہے۔ دفتر کے مطابق پاس صدر کی اصل تقریر میں اسلامی سیاست کے اس تصور کی وضاحت کی جارہی تھی جس میں گناہ اور ثواب کا احساس حکمرانی کی بنیاد بنتا ہے، تاکہ انصاف قائم ہو اور غیر مسلم برادریوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ اس وضاحت کے بعد معاملہ صرف ایک سیاسی بیان پر اعتراض تک محدود نہیں رہا بلکہ اس بات پر بحث بھی شروع ہوگئی کہ مذہبی اصولوں کو سیاسی قیادت اور حکمرانوں کے احتساب کے لیے کس طرح سمجھا جانا چاہیے۔ اس معاملے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ اور پاکاتن ہاراپن (PH) اتحاد کے سیکریٹری جنرل سیف الدین ناسوتیون اسماعیل نے بھی اعتراض کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کی عظمت دوسرے مذاہب کو کمتر دکھانے سے نہیں بلکہ انصاف، اچھے اخلاق، علم، دیانت داری اور مثالی قیادت سے قائم ہوتی ہے۔ انہوں نے قرآن مجید کی سورۃ المائدہ کی آیت 8 کا حوالہ دیتے ہوئے یاد دلایا کہ کسی قوم کی دشمنی بھی انسان کو انصاف سے روکنے کا جواز نہیں بن سکتی۔ ان کے مطابق بدعنوانی، ظلم اور امانت میں خیانت ہر صورت غلط ہیں، چاہے ان کا ارتکاب کرنے والا کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ: خیمہ میں ۹؍ ماہ کا ’کنعان‘ سردی سے ٹھٹھر کر جاں بحق

سیف الدین نے یہ بھی کہا کہ انتخابات عوام کو امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کی کارکردگی، دیانت داری اور صلاحیتوں کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرنے چاہئیں، نہ کہ نسلی اور مذہبی خوف و تعصب کو ہوا دینے کا ذریعہ بنیں۔ ان کے مطابق مسلمانوں اور ملائی برادری کی طاقت دوسرے مذاہب کے حقوق کا احترام کرنے سے کم نہیں ہوتی بلکہ انصاف اور رواداری کے عملی مظاہرے سے ان کی ساکھ مضبوط ہوتی ہے۔ یہ تنازع ملاکا کے ریاستی انتخابات کے پس منظر میں سامنے آیا ہے، جہاں سیاسی جماعتیں ووٹروں کی حمایت حاصل کرنے کے لیے مہم چلا رہی ہیں۔ ملائیشیا ایک کثیر نسلی اور کثیر مذہبی ملک ہے، جہاں مسلمان اکثریت میں ہیں، جبکہ چینی، ہندوستانی اور دیگر برادریاں بھی آباد ہیں۔ ایسے ماحول میں حکمرانوں کو مذہبی شناخت کی بنیاد پر جانچنے سے متعلق بیانات سیاسی اور سماجی سطح پر اہم بحث کا سبب بن رہے ہیں۔ ظفرالعزیز کے بیان کا بنیادی پیغام یہی ہے کہ حکمران کی مذہبی شناخت اسے احتساب سے بالاتر نہیں کرسکتی؛ انصاف کا معیار سب کے لیے یکساں ہونا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK