آن لائن پٹیشن پر ۸۰؍ ہزار سے زائد افراد نے دستخط کی ، کمپنی کے موجودہ اور سابق ملازمین، شیئر ہولڈر اور ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف شخصیات بھی بحالی کے حق میں۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 11:25 AM IST | New York
آن لائن پٹیشن پر ۸۰؍ ہزار سے زائد افراد نے دستخط کی ، کمپنی کے موجودہ اور سابق ملازمین، شیئر ہولڈر اور ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف شخصیات بھی بحالی کے حق میں۔
این ویڈیا کے شریک بانی اور سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) جینسن ہوانگ جنہوں نے مبینہ چینی جاسوس اور معروف کاروباری شخصیت کے ساتھ معاشقہ کے منظر عام پر آنے کے بعد استعفیٰ دیدیا ہے، کو دوبارہ کمپنی کی قیادت سونپنے کیلئے آن لائن مہم چھیڑ دی گئی ہے۔ اس کیلئے جاری کی گئی آن لائن پٹیشن ۸۰؍ ہزار سے زائد افراد نے دستخط کیے ہیں۔ عرضداشت میں کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آزادانہ تحقیقات مکمل ہونے تک ہوانگ کو دوبارہ سی ای او مقرر کیا جائے۔
اس مہم کو کمپنی کے موجودہ اور سابق ملازمین، شیئر ہولڈرز اور ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف شخصیات کی حمایت حاصل ہوئی ہے۔ دستخط کرنے والوں میں ۴۳؍ ہزار ۱۴۸؍ افراد نے خود کو کمپنی کا شیئر ہولڈر، ۴؍ ہزار ۵۶۲؍ نے موجودہ ملازم اور ۷۹۵؍ نے سابق ملازم بتایا ہے جبکہ ۳۲؍ ہزار ۲۸؍ افراد نے عام حامیوں کی حیثیت سے دستخط کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ’ شیئربازار میں اندراج ٹاٹا سنس کے بنیادی فلسفے کو ہی بدل دےگا‘
ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک نے بھی اس مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہوانگ کی بحالی کے مطالبے والی عرضداشت پر دستخط کر رہے ہیں۔ ایپک گیمز کے سربراہ ٹم سوینی، وائی کومبینیٹر کے صدر گیری ٹین اور ریپلٹ کے سی ای او امجد مسعود سمیت کئی دیگر معروف شخصیات بھی اس مہم کی حمایت کر رہی ہیں۔
عرضداشت میں کہا گیا ہے کہ ہوانگ کو کمپنی سے رخصت کرنے سے قبل مناسب طریقۂ کار اور منصفانہ سماعت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ دستخط کنندگان نے بورڈ سے تحقیقات کے دائرہ کار، اس کی غیر جانب داری اور فیصلے کی بنیاد بننے والے شواہد کے بارے میں بھی وضاحت طلب کی ہے۔ جینسن ہوانگ نے ۳۳؍ سال تک کمپنی کی قیادت کرنے کے بعد ۱۲؍ نومبر کو سی ای او، صدر اور بورڈ کے رکن کے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ان کا یہ استعفیٰ ایک چینی خاتون تاجر ایلس ہوانگ کے ساتھ مبینہ ذاتی تعلقات اور اس خاتون کے چینی خفیہ اداروں سے ممکنہ روابط کے بارے میں امریکی حکام کے شبہات سے متعلق رپورٹس کے بعد ہوا۔ کمپنی کی چیف فائنانشل آفیسر کولیٹ کریس کو این ویڈیا کا عبوری سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ پٹیشن کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اگر تحقیقات میں ہوانگ کی کسی غلطی کا ثبوت ملتا ہے تو انہیں جوابدہ ہونا چاہیے، تاہم کسی بھی فیصلے کیلئے شواہد، منصفانہ سماعت اور مناسب طریقۂ کار ضروری ہے۔