• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آخری گیندپر چوکا لگاکر ہندوستان نے پاکستان کو ہراکر انڈر۔۱۹؍ایشیا کپ جیت لیا

Updated: November 15, 2026, 11:34 AM IST | Al-Amirat

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کا مقابلہ ہو اور جوش و خروش عروج پر نہ پہنچے، ایسا کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ ہندوستان نے انڈر۔

India`s Under-19 team defeated Pakistan to clinch the Asia Cup title for the 9th time. (Courtesy: X)
ہندوستان کی انڈر۔۱۹؍ٹیم نے پاکستان کو ہراکر ۹؍ویں مرتبہ ایشیا کپ خطاب پر قبضہ جمایا۔(بشکریہ:ایکس)

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کا مقابلہ ہو اور جوش و خروش عروج پر نہ پہنچے، ایسا کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ ہندوستان نے انڈر۔ ۱۹؍ ایشیا کپ کے فائنل میں دفاعی چمپئن پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ ہندوستانی ٹیم نے اننگز کی آخری گیند پر چوکا لگا کر تاریخی فتح درج کی۔اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے پچھلے سال فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں ملی شکست کا بدلہ بھی لے لیا۔ پچھلے سیزن کے خطابی مقابلے میں پاکستان نے ہندوستان کو ۱۹۱؍ رنوں سے ہرایا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے نویں بار انڈر ۔۱۹؍ایشیا کپ کا خطاب جیت کر اپنا دبدبہ قائم رکھا۔ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ بار چمپئن بننے کا ریکارڈ بھی ہندوستان کے نام ہے۔واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۹؍وکٹوں کے نقصان پر ۳۳۷؍رن بنائے تھے۔

کپتان لکشیا رائے چندانی (۸۰)، آریہ ویر سہواگ (۵۸)، موہت اولوا (ناٹ آؤٹ ۴۹) اور منل چوہان (۴۷) کی شاندار بلے بازی کی بدولت ہندوستانی انڈر ۔۱۹؍ ٹیم نے سنیچر کو پاکستان کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے شکست دے کر ایشین کرکٹ کونسل انڈر ۔۱۹؍ایشیا کپ کا خطاب نویں بار اپنے نام کر لیا۔

یہ بھی پڑھئے: رضوان اللہ کے پانچ وکٹ ، پاکستان انڈر ۱۹؍ ایشیا کپ کے فائنل میں داخل

۳۳۸؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے لکشیا رائے چندانی اور آریہ ویر سہواگ نے پہلی وکٹ کیلئے ۹۵؍ رنوں کی عمدہ شراکت کی۔ آریہ ویر ۵۸؍رن بنا کر نقاب شفیق کا شکار بنے۔ اس کے بعد وی کے ونیِت نے لکشیا کے ساتھ ۵۱؍رن جوڑے اور ۲۴؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ لکشیا رائے چندانی نے ۸۰؍رنوں کی اننگز کھیلی  اور ۳۷؍ویں اوور میں علی رضا نے انہیں آؤٹ کرکے ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ ارجن راجپوت (۱۶)، یش وردھن چوہان (۹)، انوے دراوڑ (۱۹)، آریان سوسانی (۹) اور کاویہ پریش پٹیل (۸) بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔

اس مشکل صورت حال میں منل چوہان اور موہت اولوا نے نویں وکٹ کیلئے۵۷؍ رنوں کی اہم شراکت کرکے ہندوستان کی واپسی کرائی۔ منل نے ۳۲؍ گیندوں میں ۳؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر ۴۷؍ رن بنائے۔ وہ ۴۸؍ویں اوور کی دوسری گیند پر  شفیق کا شکار بنے۔ اس کے بعد چگورپتی وینکٹا نے موہت اولوا کا ساتھ دیا۔ اولوا نے ۲۶؍ گیندوں میں ۵؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ ۴۹؍رن بنائے اور ہندوستان کو آخری گیند پر ایک وکٹ سے کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ہندوستان نے ۵۰؍ اوور میں ۹؍ وکٹ پر ۳۳۹؍ رن بنا کر خطاب جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے ۳؍اور شفیق نے ۲؍ وکٹ لئے جبکہ علی رضا، محمد صیام اور حسنین عباس ڈار نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

یہ بھی پڑھئے: کرسٹیانو رونالڈو کا فٹ بال سے ہٹ کر نیا سفر شروع

اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستان انڈر ۔۱۹؍ٹیم نے عثمان خواجہ (۱۰۷)، عبدالقادر (۸۰) اور کپتان فرحان یوسف (۶۳) کی شاندار اننگز کی بدولت ۵۰؍اوور میں۹؍وکٹ پر ۳۳۷؍رن بنائے تھے۔ عثمان خان اور حیام خان نے پہلی وکٹ کیلئے۶۲؍ رن جوڑے۔ حیام ۲۱؍ رن بنا کر کاویہ پریش پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد عبدالقادر نے عثمان خواجہ کے ساتھ دوسری وکٹ کیلئے ۱۳۵؍رنوں کی شراکت کی۔ قادر نے ۵۴؍ گیندوں میں ۳؍ چوکے اور۸؍ چھکے لگا کر ۸۰؍رن بنائے۔وہ ۲۷؍ویں اوور میں ارجن راجپوت کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ عثمان خواجہ نے ۱۱۱؍گیندوں میں ۱۱؍چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۱۰۷؍ رن بنائے۔ فرحان یوسف نے ۶۳؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ آخری اووروں میں ہندوستانی گیندبازوں نے اچھی واپسی کرتے ہوئے پاکستانی بلے بازوں کو مسلسل آؤٹ کیا۔ہندوستان کی جانب سے کاویہ پریش پٹیل نے ۴؍ اور چگورپتی وینکٹا نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ ارجن راجپوت کو ایک وکٹ ملا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK