جنگ بندی پر اسرائیلی خلاف ورزیاں روکنے اور انسانی امداد بڑھانےکیلئے ٹھوس اقدامات پر زورمگرناصر اسپتال سمیت مختلف مقامات پر اسرائیلی حملے جاری۔
EPAPER
Updated: November 15, 2026, 11:14 AM IST | Cairo
جنگ بندی پر اسرائیلی خلاف ورزیاں روکنے اور انسانی امداد بڑھانےکیلئے ٹھوس اقدامات پر زورمگرناصر اسپتال سمیت مختلف مقامات پر اسرائیلی حملے جاری۔
قاہرہ ( ایجنسی): مصر، ترکی اور قطر کی خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان نے قاہرہ میں سہ فریقی اجلاس منعقد کیا، جس میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال اور وہاں ہونے والی پیش رفت پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں حکام نے جنگ بندی معاہدے کے پہلے مرحلے کی تکمیل اور اس کی شقوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ خاص طور پر غزہ میں حملے روکنے اور خراب موسمی حالات سے نپٹنےکے لیے انسانی امداد میں اضافے پر زور دیا گیا۔ تینوں ممالک کے خفیہ اداروں کے سربراہان نے اسرائیل کی خلاف ورزیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے اور غزہ کی پٹی میں دیرپا اور پائیدار امن کے حصول میں مثبت کردار ادا کرنے کے لیے بلا تاخیر ٹھوس اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھئے: نتن یاہو نے اسرائیل کے مفاد پر اپنے ذاتی سیاسی مفادکوترجیح دی : جو بائیڈن
اس بیچ غزہ کی پٹی کے وسطی شہر دیر البلح کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی توپ خانے کی گولہ باری سے تین فلسطینی جاں بحق ہوگئے، جن میں ایک بچہ اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ تقریباً ۲۰؍ افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں زیادہ تعداد بچوں کی ہے۔فلسطینی خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق اسرائیلی فوج کے توپ خانے نے القسطل ٹاورز کے اطراف متعدد گولے داغے، جس کے نتیجے میں تین شہری جاں بحق اور تقریباً ۲۰؍دیگر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو شہر کے الاقصیٰ شہداء ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایجنسی نے بتایا کہ اسرائیلی توپ خانے نے غزہ شہر کے مشرقی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ میں ناصر اسپتال پر فضائی حملے کے دوران حماس کے ایک کمانڈر اور ایک کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا۔ دوسری جانب فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق حملے میں کم از کم ۶؍افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ۱۳؍سال کا ایک بچہ بھی شامل ہے۔اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ حملے میں نشانہ بننے والے شخص کا نام محمد ابو اسماعیل تھا، جو حماس کی خان یونس بریگیڈ کے کمانڈروں میں سے ایک تھا۔ فوج نے اس پر اسرائیلیوں کے خلاف حملوں میں حصہ لینے اور یرغمالیوں کو قید میں رکھنے کا الزام عائد کیا۔
ڈاکٹروں کی تنظیم نےاسپتال پر حملہ کی مذمت کی
ڈاکٹرز وِدآؤٹ بارڈرز (ایم ایس ایف) نے ناصراسپتال پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ رات کے وقت ہونے والے اس حملے پر شدید صدمے اور غصے میں ہے، جس میں۵۲؍ افراد زخمی ہوئے۔تنظیم نے کہا کہ یہ ناقابل فہم ہے کہ مریضوں اور طبی عملے کو ایک بار پھر اسپتال کے اندر ہلاک اور زخمی کیا گیا حالانکہ اسپتال ایسی جگہ ہے جہاں جانیں بچائی جانی چاہئیں نہ کہ ضائع کی جائیں۔