وزیر مملکت پنکج بھوئیر کے مطابق تفتیشی ایجنسی کی ریاست کے مختلف علاقوں پر نظر ہے، فی الحال کل ۱۵؍ افراد حراست میں ہیں۔
EPAPER
Updated: July 12, 2026, 10:16 AM IST | Mumbai
وزیر مملکت پنکج بھوئیر کے مطابق تفتیشی ایجنسی کی ریاست کے مختلف علاقوں پر نظر ہے، فی الحال کل ۱۵؍ افراد حراست میں ہیں۔
مہاراشٹراے ٹی ایس نے پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی سے رابطے میں ہونے کے شبہ میں جمعہ کے روز ریاست کےمختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا۔ اے ٹی ایس کا الزام ہے کہ شہزاد بھٹی سوشل میڈیا کے ذریعے یہاں کے نوجوانوں کو اکسانے کی کوشش کر رہا ہے۔ وزیر مملکت پنکج بھوئیر نے کہا ہے کہ ۱۰۰؍ سے زائد نوجوانوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے جن میں سے ۱۵؍ لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔ اگر ضرورت پڑی تو ان میں سے کچھ لوگوں کو گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔
وزیر کے مطابق پاکستان میں مقیم گینگسٹر شہزاد بھٹی سوشل میڈیا کے ذریعے ہندوستانی نوجوانوں کی ذہن سازی کر رہا ہے اور انہیں دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے اکسا رہا ہے۔ اس بین الاقوامی نیٹ ورک کو ختم کرنے کیلئے مہاراشٹر اے ٹی ایس نے ریاست بھر میں ایک تحقیقاتی مہم چلائی ہے۔ اے ٹی ایس کی اورنگ آباد یونٹ نے یونٹ نے مراٹھواڑہ کے الگ الگ علاقوں سے ۱۵؍افراد کو حراست میں لیا ہے اور ان سے پوچھ تاچھ کی ہے۔ ان میں ۱۰؍ افراد اورنگ آباد کے ہیں جبکہ ۲؍ کو عثمان آباد سے حراست میں لیا گیا ہے۔ ایک بیڑ سے ہے اور ۲؍ جالنہ کے ہیں۔ ان تمام کے موبائل فون اور دیگر الیکٹرونک آلات کی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ ان کے شہزاد بھٹی کے نیٹ ورک کے ساتھ ڈیجیٹل روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔ البتہ اب تک ان میں سے کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر کے جاری عمل میں۲؍ ماہ کی توسیع کا جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر سے مطالبہ
دریں اثنا، سیکوریٹی ایجنسیوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سوشل میڈیا سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔ اس سلسلے میں معلومات فراہم کرتے ہوئے ریاستی وزیر پنکج بھوئیر نے کہا کہ اے ٹی ایس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ شہزاد بھٹی نے کچھ نوجوانوں کے اکاؤنٹ میں رقم بھیجی تھی۔ اس کی وجہ سےاب تک ۱۵۷؍ نوجوان شک کے دائرے میں ہیں جن میں سے ۱۰۰؍ لوگوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ پنکج بھوئیر کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر کچھ نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا جائے گا۔ ودر بھ کے بھی ۱۰؍ نوجوانوں سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے۔ مہاراشٹر کے مختلف اضلاع کے لوگوں پر اے ٹی ایس کی نظر ہے۔ تاہم ابھی اس کی معلومات نہیں دی جا سکتی کیونکہ تفتیش جاری ہے۔ اے ٹی ایس گزشتہ کئی دنوں سے ان پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
یہ پوچھنے پر کہ کیا اس بات کا کوئی ثبوت ہے کہ شہزاد بھٹی ہمارے ملک میں کچھ (دہشت گردانہ کارروائی) کرنے کی سازش کر رہا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں جھارکھنڈ میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے پورے ہندوستان کی سیکوریٹی ایجنسیاں چوکنا ہو گئی ہیں۔ اب جبکہ مہاراشٹر اے ٹی ایس کو اس بات کا علم ہوا تو اس نے بھی تفتیش اور کارروائی شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال ابتدائی تفتیش جاری ہے۔ اگر کسی کا اس کے ساتھ براہ راست تعلق ہے اور اس نے کچھ غلط کیا ہے تو یقینی طور پر کچھ لوگوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اے ٹی ایس نے اس سے قبل بھی ریاست کے مختلف علاقوں میں کچھ لوگوں کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کی تھی۔ جمعہ کے روز اے ٹی ایس نے بڑے پیمانے پر ریاست بھر کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مارا اور نوجوانوں سے پوچھ تاچھ کی۔