ووٹروں کے حقوق کے تحفظ ، بی ایل او اور دیگر مسائل پر فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس کے وفد نے ان سےملاقات کی ۔
ایس آئی آر مہاراشٹر۔ تصویر:آئی این این
اس وقت ممبئی اور ریاست بھر میں اسپیشل انٹنسیو ریویژن (ایس آئی آر) کا عمل جاری ہے مگر اس میں ووٹروں، بی ایل او اور پرانی لسٹ وغیرہ سے ناموں کا تلاش کرنا، جیسے کئی مسائل ہیں، پھر بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ان ہی حالات اور کام کی اہمیت کے پیش نظر ’فیڈریشن آف مہاراشٹر مسلمس‘ کے ایک وفد نے جمعہ کی دوپہر ۳؍ بجے جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر پارکر سے ملاقات کی اور ۲؍ ماہ کی توسیع کا مطالبہ کیا اور دیگر مسائل کا احاطہ کرتے ہوئے انہیں میمورنڈم بھی دیا۔
جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر کو بتایا گیا کہ فیڈریشن نے ریاست بھر میں ووٹروں کی رہنمائی کیلئے مراکز قائم کئے ہیں، جہاں رضاکار شہریوں کا تعاون کررہے ہیں اور بوتھ لیول آفیسرز (بی ایل اوز) کی بھی معاونت کررہے ہیں۔اسی طرح پیش کردہ میمورنڈم میں سب سے پہلے۲۹؍ جولائی کی مدت کو اس کام کیلئے ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شدید بارش، زرعی، بوائی، تعمیرِ نو اور انہدامی کارروائیوں کے باعث نقل مکانی اور دیگر مشکلات کے سبب یہ وقت بہت کم ہے۔ اسی طرح بوتھ لیول آفیسرس پر اضافی ذمہ داریوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے انہیں عارضی طور پر غیر انتخابی ڈیوٹی سے مستثنیٰ کیا جائے، جہاں ضرورت ہو اسسٹنٹ بی ایل او مقرر کئے جائیں، تمام بی ایل او کو ریفریشر ٹریننگ دی جائے، ان کے رابطے کا نمبر، دفاتر اور دائرۂ کار کی تازہ ترین معلومات عوام کیلئے دستیاب کرائی جائیں۔اسی طرح میمورنڈم میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بڑی تعداد میں شہری اب تک ایس آئی آر کے طریقۂ کار، آخری تاریخوں اور مطلوبہ دستاویزات سے ناواقف ہیں۔ اس لئے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے وسیع پیمانے پر کثیر لسانی بیداری مہم چلائی جائے۔ شرکائے وفد نے دستاویزات اور میپنگ کے عمل میں دشواریوں کی بھی نشاندہی کی اور یہ مطالبہ کیا کہ مختلف اقسام کی ایناملیز اور ان کیلئے درکار دستاویزات کے بارے میں جامع عوامی رہنما ہدایات جاری کی جائیں اور جہاں پرانے ریکارڈ دستیاب نہ ہوں، وہاں دستاویزی تقاضوں میں آسانی پیدا کی جائے، ایپک نمبر اور نام کی قانونی تبدیلیوں کو میپنگ میں مناسب اہمیت دی جائے، قابلِ قبول دستاویزات کی فہرست میں توسیع کی جائے۔ وفد میںرکن اسمبلی رئیس شیخ، حافظ اقبال چونا والا، مولانا ظہیر عباس رضوی ، فرید شیخ ، شاکر شیخ اور عبدالمجیب شیخ وغیرہ موجود تھے۔