Inquilab Logo Happiest Places to Work

کنیڈا: ٹورنٹو میں نورا فتحی کے شاندار پرفارمنس سے فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ء کا آغاز

Updated: June 13, 2026, 1:09 PM IST | Toronto

کنیڈامیں پیدا ہونے والی بالی ووڈ اسٹار نورا فتحی نے ٹورنٹو میں فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی افتتاحی تقریب میں شاندار پرفارمنس دے کر شائقین کا دل جیت لیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیفا کا آفیشل ترانہ ’Siir Siir‘ بھی پیش کیا، جو مختلف ثقافتوں اور زبانوں کے امتزاج کی عکاسی کرتا ہے۔

Nora Fatehi gave a brilliant performance at BMO Field in Toronto. Photo: INN
ٹورنٹو کے بی ایم او فیلڈ میں نورا فتحی نے شاندار پرفارمنس دی۔ تصویر: آئی این این

ٹورنٹو کے بی ایم او فیلڈ (BMO Field) میں اسکور بورڈ ابھی کک آف کیلئے روشن بھی نہیں ہوا تھا کہ اسٹیڈیم پہلے ہی زبردست جوش و خروش سے گونج رہا تھا۔ کنیڈا میں پیدا ہونے والی اور عالمی شہرت یافتہ بالی ووڈ اسٹار نورا فتحی نے جمعہ کی رات اسٹیج سنبھال کر ۲۰۲۶ءفیفا ورلڈ کپ کے کنیڈین حصے کی افتتاحی تقریب کا شاندار آغاز کیا۔ کنیڈین نژاد اور مراکشی نسل سے تعلق رکھنے والی فنکارہ نے اپنے وطن واپسی کے اس خاص موقع پر فیفا کا آفیشل ترانہ’ Siir Siir‘ پیش کیا، جو انہوں نے Vegedream اور Sanjoy کے ساتھ مل کر تیار کیا ہے۔ یہ پُرجوش گانا ان کی کثیرالثقافتی شناخت کی عکاسی کرتا ہے، جس میں مراکشی دارجہ، عربی، فرانسیسی اور انگریزی زبانوں کو خوبصورتی سے یکجا کیا گیا ہے۔ 

اس ترانے کا عنوان ایک مشہور مراکشی فٹبال نعرے سے لیا گیا ہے جس کا مطلب ہے’’چلو، آگے بڑھو۔ ‘‘ نورا فتحی نے بتایا کہ انہوں نے یہ نعرہ اس امید کے ساتھ منتخب کیا کہ یہ دنیا بھر کے فٹبال شائقین کیلئےایک مشترکہ آواز بن جائے، چاہے وہ کسی بھی ملک کی حمایت کر رہے ہوں۔ فٹبال کے گلی محلوں سے جڑے اصل جذبے نے اس منصوبے کو گہرا اثر دیا۔ گانے کی میوزک ویڈیو مکمل طور پر مراکش میں فلمائی گئی، جہاں خاص طور پر محلوں کے بچوں کو گلیوں میں فٹبال کھیلتے دکھایا گیا ہے، تاکہ یہ ظاہر کیا جا سکے کہ فٹبال کس طرح مقامی گلیوں سے شروع ہو کر دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیموں تک پہنچتی ہے۔ 

نورا فتحی کا کنیڈا سے کیا تعلق ہے؟
یہ سمجھنے کیلئے کہ یہ پرفارمنس ان کیلئے اتنی ذاتی اور جذباتی کیوں تھی، ان کے پس منظر پر نظر ڈالنا ضروری ہے۔ نورا فتحی کنیڈا میں ایک مراکشی خاندان میں پیدا ہوئیں اور وہیں پرورش پائی۔ انہوں نے ٹورنٹو کی کثیرالثقافتی فضا میں زندگی گزاری، پھر صرف۲۲؍ سال کی عمر میں ہندوستان جا کر بالی ووڈ کی سخت مقابلے والی دنیا میں اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔ تمام مشکلات کے باوجود انہوں نے بالی ووڈ میں غیرمعمولی کامیابی حاصل کی اور آج وہ صنعت کی سب سے معروف شخصیات اور مقبول ترین ڈانسرز میں شمار ہوتی ہیں۔ وہ اس سے قبل بھی بڑے کھیلوں کے عالمی ایونٹس میں پرفارم کر چکی ہیں، جن میں فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۲ءکی اختتامی تقریب شامل ہے۔ تاہم، اپنے آبائی شہر میں عالمی شہرت یافتہ ہیڈ لائنر کے طور پر واپسی ان کیلئے ایک یادگار اور جذباتی لمحہ ثابت ہوئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈ کپ: لارین کے بروقت داخلے سے کنیڈا شکست سے محفوظ

نورا فتحی فیفا ورلڈ کپ کے اسٹارز کی فہرست میں شامل
نورا فتیحی کی شاندار پرفارمنس نے انہیں ان بین الاقوامی موسیقی ستاروں کی صف میں شامل کر دیا ہے جو اس توسیع شدہ ٹورنامنٹ کے ثقافتی اور تفریحی پہلو کو نمایاں کر رہے ہیں۔ فیفا نے اس تاریخی کثیرملکی ایونٹ کیلئے ۱۸؍ گانوں پر مشتمل ایک سرکاری ساؤنڈ ٹریک تیار کیا ہے، جس میں دنیا کے کئی بڑے موسیقی ستارے شامل ہیں۔ موسیقی کی تقریبات کا آغاز دراصل ایک دن پہلے میکسیکو سٹی میں ہوا تھا۔ جمعرات کی رات شکیرا نے ایک شاندار شو کی قیادت کی، جس میں برنا بوائے، جے بالون اور ٹائل بھی شامل تھے۔ یہ تقریب جنوبی افریقہ کے خلاف میکسیکو کی۲۔ صفر کی فتح سے قبل منعقد ہوئی۔ 
جہاں شکیرا اور برنا بوائے نے اپنے مشترکہ گانے Dai Dai کے ذریعے میکسیکو میں جشن کا آغاز کیا، وہیں نورا فتحی نے ٹورنٹو میں اپنی دلکش پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔ افتتاحی تقریبات اور ترانوں کی پیشکش مکمل ہونے کے بعد اب توجہ موسیقی سے ہٹ کر اصل فٹبال مقابلوں پر مرکوز ہو چکی ہے، جہاں اسٹیڈیم کے مائیکروفونز کی جگہ ریفریوں کی سیٹیاں لے رہی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈکپ کا ’خوف کے ماحول‘ میں آغاز، امیگریشن کریک ڈاؤن کے خطرات برقرار: ایچ آر ڈبلیو رپورٹ

امریکہ میں بھی فیفا ورلڈ کپ۲۰۲۶ءکی رنگا رنگ افتتاحی تقریب
فیفا فٹبال ورلڈ کپ۲۰۲۶ءکے تیسرے میزبان ملک امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں بھی ایونٹ کی شاندار افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جہاں میوزیکل پرفارمنس نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ لاس اینجلس کے اسٹیڈیم میں امریکہ اور پیراگوئے کے درمیان میچ سے قبل ہونے والی تقریب میں مختلف موسیقی بینڈز نے اپنی پرفارمنس پیش کیں اور ماحول کو جشن میں بدل دیا۔واضح رہے کہ فٹبال کے سب سے بڑے عالمی میلے کا آغاز میکسیکو میں ہونے والی رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے ہوا تھا۔میکسیکو میں منعقدہ تقریب میں معروف گلوکارہ شکیرا اور برنا بوائے کی شاندار پرفارمنس نے دنیا بھر کے فٹبال شائقین کو مسحور کر دیا تھا اور تقریب کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK