ٹرمپ نے رونالڈ ریگن کی آواز والے جعلی اشتہار پر اعتراض کرتے ہوئے،کنیڈاکے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات ختم کر دئے، ان کا کہنا ہے کہ کنیڈا نے سابق امریکی صدر کی آوازوالے جعلی اشتہار استعمال کرتے ہوئے ٹیرف پر تنقید کی۔
EPAPER
Updated: October 24, 2025, 5:11 PM IST | Washington
ٹرمپ نے رونالڈ ریگن کی آواز والے جعلی اشتہار پر اعتراض کرتے ہوئے،کنیڈاکے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات ختم کر دئے، ان کا کہنا ہے کہ کنیڈا نے سابق امریکی صدر کی آوازوالے جعلی اشتہار استعمال کرتے ہوئے ٹیرف پر تنقید کی۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نےآنجہانی صدر رونالڈ ریگن کی آواز والے ایک ’’جعلی‘‘ ویڈیو اشتہار کے استعمال کا حوالہ دیتے ہوئے جمعرات کو کنیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات کے خاتمے کا اعلان کیا۔ٹرمپ نے کہا کہ رونالڈ ریگن فاؤنڈیشن نے رپورٹ دی ہے کہ’’ کنیڈا نے دھوکے سے ایک ایسا اشتہار استعمال کیا ہے، جو جعلی ہے، جس میں رونالڈ ریگن کو ٹیرف کے خلاف بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو اشتہار، جس پر مبینہ طور پر۷۵؍ ہزار ڈالر کی لاگت آئی، امریکی سپریم کورٹ اور دیگر عدالتوں کے فیصلوں میں مداخلت کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: روس امریکی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا: پوتن کا سخت ردعمل
ٹرمپ نے اپنے ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر لکھا، ’’ٹیرف امریکہ کی قومی سلامتی اور معیشت کے لیے بہت اہم ہیں۔ ان کے سخت ناگوار رویے کی بنیاد پر، کنیڈا کے ساتھ تمام تجارتی مذاکرات ختم کیے جاتے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ اس سے قبل، رونالڈ ریگن صدارتی فاؤنڈیشن اور انسٹی ٹیوٹ نے کہا تھا کہ انہیں پتہ چلا ہے کہ کنیڈا کی اونٹاریو حکومت نے۲۵؍ اپریل۱۹۸۷ء کو ریگن کے ’’آزاد اور منصفانہ تجارت پر ریڈیو خطاب‘‘ کے منتخب آڈیو اور ویڈیو کا استعمال کرتے ہوئے ایک اشتہاری مہم چلائی۔ فاؤنڈیشن کا کہنا تھا کہ یہ اشتہار صدارتی خطاب کو غلط طور پر پیش کرتا ہے جبکہ کنیڈا حکومت نے اس تبصرے کو استعمال کرنے اور ترمیم کرنے کی اجازت نہیں مانگی یا حاصل کی۔‘‘فاؤنڈیشن نے مزید کہا کہ وہ اپنے قانونی اختیارات کا جائزہ لے رہی ہے اور عوام سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ریگن کی غیر ترمیم شدہ ویڈیو ان کے سرکاری یوٹیوب چینل پر دیکھیں۔