Inquilab Logo Happiest Places to Work

پوترپورٹل کی سست رفتاری سےاُمیدواروں کو فارم بھرنے میں دشواری

Updated: August 09, 2026, 11:03 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

۲؍ لاکھ سے زائد امیدواروں کو اساتذہ کی بھرتی کا فارم بھرنا ہے لیکن صرف ۶؍ دن کا وقت دیا گیا ہے اس میں بھی ۳؍ دن نکل چکے ہیں۔

There is disappointment among the candidates. Photo: INN
امیدواروں میں مایوسی ہے۔ تصویر: آئی این این

ریاست میں پوترپورٹل کے ذریعے اساتذہ کی بھرتی کا عمل ۶؍ اگست ۲۰۲۶ء سے باقاعدہ شروع ہوگیا ہے لیکن ویب سائٹ کی سست روی سے اُمیدواروں کو درخواست پُر کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔ متعلقہ ویب سائٹ پر ضرورت سے زیادہ بوجھ پڑنے سے وہ کام نہیں کر رہی ہے۔ گھنٹوں کوشش کرنے کے باوجود امید وار مکمل طور پر فارم پُر نہیں کر پا رہے ہیں جبکہ ۲؍لاکھ سے زیادہ امیدواروں کو درخواست دینے کیلئے صرف۶؍ دنوں کا وقت دیا گیا ہے جن میں سے ۳؍دن گزر چکے ہیں۔ اب اُمیدواروں نے فارم بھرنے کی مدت میں توسیع کا مطالبہ کیا ہے۔ 
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم نے ریاست بھر کے تقریباً ۲؍لاکھ سے زیادہ اُمیدواروں کو پوترپورٹل پر درخواست بھرنے کیلئے صرف ۶؍ دنوں کا وقت دیا ہے جس کی وجہ سے بیک وقت ہزاروں اُمیدواروں کے ویب سائٹ استعمال کر رہے ہیں جس سےویب سائٹ پر دبائوپڑرہا ہے اوروہ انتہائی سست رفتاری سے چل رہی ہے۔ پہلے تو سائٹ اوپن ہی نہیں ہو رہی ہے اور اگر ہو جاتی ہے تو لاگ ان آئی ڈی اور پاس ورڈ درج کرنے کے بعد کیپچاکوڈ نہیں آتاہے۔ بڑی دیر کے بعد اگر کیپچاکوڈ آبھی جاتا ہے تو اس کو درج کرنے کے بعدسائٹ کافی دیر تک لوڈنگ کے عمل سے گزرتی ہے۔ بعدازیں اوٹی پی کے مرحلہ سے گزرنا ہوتا ہے، متعدد درخواست کنندگان کو اوٹی پی نہیں مل پا رہا ہے۔ اگر اوٹی پی آجاتاہے تو پریفرینس کے عمل کی تکمیل میں تاخیر ہو تیہے۔ اس کے بعد ڈائون لوڈکا عمل نہیں ہو پا رہا ہے۔ ڈائون لوڈ ہو جائے توتو سیو اے نیکسٹ کرتے ہی ایرر د کھائی دیتا ہے اور ساری کوشش رائیگاں ہو جا تی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہاکروں کے مسائل سے متعلق کمیٹیاں نہ بنانے پر برہمی

اس تعلق سے ضلع پربھنی کے پاتھری میں رہنے والے اقبال انصاری نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ میں گزشتہ ۳؍ دنوں سے درخواست پُر کرنے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن ویب سائٹ کے نہ چلنے سے درخواست نہیں دے سکا۔ دراصل ۶؍دنوں کی مختصر مدت میں ۲؍ لاکھ سےزیادہ اُمیدواروں کو فارم پُر کرنا ہے، اس لحاظ سے ویب سائٹ پر بہت زیادہ بوجھ آرہا ہے اور اس پر سونے پہ سہاگہ یہ کہ بارش کی وجہ سے نیٹ ورک کا بھی مسئلہ ہے۔ لہٰذا مہاراشٹر اسٹیٹ پریکشا پریشد کو چاہئے کہ فارم پُر کرنے کی مدت میں کم ازکم ۱۵؍ سے ۲۰؍ دنوں کی توسیع کرے تاکہ اُمیدوار اپنی سہولت کے مطابق الگ الگ اوقات میں فارم بھر سکیں ۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ ’’ فارم نہ بھرپانے سے بیشتر اُمیدوار بہت پریشان ہیں ۔ پہلی مرتبہ فارم بھرنے والے امیدوار تو مایوں ہیں ۔ انہیں ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ اگر فارم نہیں بھرا تو وہ ٹیچر بھرتی کے عمل سے باہر ہو جائیں گے۔ ان کا ٹیچر بننے کا خواب اور روزگار حاصل کرنے کی کوشش ادھوری رہ جائے گی۔ کچھ اُمیدوار ڈپریشن کا شکارہوگئےتو بعض مایوس ہو کر رونےلگے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK