یہ حادثہ ممبئی، گوا قومی شاہراہ پر کھیڈ شہر کے قریب پیش آیا، ڈرائیور شدید زخمی، مہلوکین کا تعلق میرا بھائندر سے ہے۔
EPAPER
Updated: May 20, 2025, 12:58 PM IST | Siraj Sheikh | Ratnagiri
یہ حادثہ ممبئی، گوا قومی شاہراہ پر کھیڈ شہر کے قریب پیش آیا، ڈرائیور شدید زخمی، مہلوکین کا تعلق میرا بھائندر سے ہے۔
ممبئی، گوا قومی شاہراہ پر کھیڈ شہر کے قریب بھرنے ناکہ پر پیر کو علی الصباح ایک خوفناک حادثہ پیش آیا۔ میرا بھائند ر سے دیو رکھ جانے والی ایک کار بھرنے ناکہ پر جگ بوڈی ندی کے پل سے سیدھی نیچے گر گئی جس کے نتیجہ میں کار میں سوار ۵؍ افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ اس حادثے میں کار کا ڈرائیور شدید زخمی ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ سبھی میرا بھائند ر کے رہنے والے تھے۔ حادثے کے مہلوکین میں میدھا پرمیش پرادڈکر، سوربھ پرمیش پراڈکر، میتالی وویک مورے، نہار وویک مورے اور شریاس راجندر ساونت شامل ہیں۔ طلاعات کے مطابق نالا سو پا رہ میں رہائش پذ یر پراڈ کرخاندان اور میرا بھائند ر میں رہائش پذیر مو رے خاندان کے افراد تقریباً ساڑھے ۱۱؍ بجے اپنے گاؤں دیو رکھ جانے کیلئے نکلے تھے۔ خاندان کے لوگ اپنی کار سے روانہ ہوئے تھے۔ ممبئی گوا قومی شاہراہ پر بھرنے ناکہ پر پہنچنے پر ڈرائیور نے کار سے اپنا توازن کھو دیا اورکار جگ بوڈی ندی پر بنے بڑے پل سے سیدھے نیچے جاگری۔ یہ حادثہ صبح۴؍ سے۵؍ بجے کے درمیان پیش آیا۔ دونوں خاندان متالی مورے کے والد کی آخری رسومات کیلئے اپنے آبائی گاوں دیو رکھ جا رہے تھے۔ تاہم اپنے والد کو آخری بار دیکھنے سے پہلے متالی نے بھی دنیا کو الوداع کہہ دیا۔ دونوں خاندانوں کے پانچ افراد کا ایک ساتھ مرنا بھی بہت تکلیف دہ ہے۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کھیڈ کے شہری فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئے اور پولیس کو فون کیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر کار سے باہر نکال کر کلمبانی کے اسپتال میں پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹروں نے بتایا کہ حادثے میں ۵؍ افراد کی موت ہو گئی۔
حادثے میں شدید زخمی پرمیش پراڈکر کو رتناگیری ضلع سرکاری اسپتال میں منتقل کیا گیا ہے۔ اس دوران وویک مورے بھی شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں مزید علاج کیلئے کھیڈ سے رتنا گیری منتقل کر دیا گیا ہے۔