Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرناک بریج کا افتتاح۔ شہریوں کو ٹریفک جام سے راحت ملے گی

Updated: July 10, 2025, 11:08 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

۱۵۰؍سال پرانے پل کا نام تبدیل کرکے ’سیندور‘ رکھا گیا ۔ وزیراعلیٰ دیویندرفر نویس نے افتتاح کیا ۔نائب وزرائے اعلیٰ افتتاحی تقریب میںشامل نہیں ہوئے

Vehicles passing over the ‘Sindoor (Karnak) Bridge’ after its inauguration. (Photo: Ashish Raje)
افتتاح کے بعد ’سیندور(کرناک) بریج‘ سے گاڑیاں گزررہی ہیں۔ (تصویر: آشیش راجے)

دیم کرناک بریج ، جس کانام اب’ سیندور‘رکھ دیا گیا ہے،کاجمعرات کی  صبح ۱۰؍ بجے وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس نے فیتہ کاٹ کرافتتاح تو کردیا   مگر پل کو شہریوں کیلئے ۵؍ گھنٹے   بعد یعنی سہ پہر ۳؍بجے کےبعد کھولا گیا۔ افتتاح میں دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کا بھی نام شامل تھا مگروہ نہیں آئے، اس پر بھی چہ میگوئیاں ہورہی ہیں۔ کافی وقت سے شہری اس اہم پل کے افتتاح کےمنتظر تھے کیونکہ ٹریفک کے لحاظ سے جنوبی ممبئی کا ۳۷۴؍میٹر لمبا یہ اہم بریج ہے ۔ اس کےبند رہنے سے شہریوں کو مغرب سے مشرق جانے کے لئے۵ ؍ منٹ کی دوری طے کرنے میں ۳۰؍ منٹ اور شام کے وقت تو۴۰؍ منٹ تک لگ جاتے تھے۔ جیسے ہی بیریکیڈہٹاکرٹریفک پولیس نےسیٹی بجائی، شہریوںنے خوشی سے اس کا استقبال کیا۔یادرہے کہ اسی بریج کو کھلوانے کےلئے شیوسینا اورایم این ایس نے ۵؍دن قبل خود ہی بریج کھولنے کیلئے احتجاج کیا تھا۔
 ٹریفک کے لحاظ سے اہمیت کا حامل ہے یہ بریج 
 جنوبی ممبئی میں چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس، مسجد بندر اور محمد علی روڈ وغیرہ  علاقوں کی ٹریفک کے لئے بطورِ خاص یہ پل ٹریفک کے لئے کافی اہم ہے۔ یہ پل مسجد بندر ریلوے اسٹیشن سے کچھ ہی فاصلے پر واقع ہے اورپی ڈی میلو روڈ کو جوڑتا ہے۔ اسے سینٹرل ریلوے کے منظور کردہ منصوبے کے مطابق تعمیر کیا گیا ہے۔ساتھ ہی اس بریج کی تعمیر نو کےمتعدد فوائدہیں ۔ یہ ممبئی شہر کے جنوب میں پی   ڈی میلو روڈ کے ساتھ بندرگاہ کے علاقے اور کرافورڈ مارکیٹ، کالبا دیوی ا ور دیگر متصل تجارتی علاقوں کو مشرق سے مغرب تک سینٹر ل لائن کو جوڑتا ہے۔خستہ حال قرار دے کراسے بند کرنے اورتعمیر ِ نوکیلئے تقریباً  ۱۰؍ برس سے شہری پریشان تھے، اب ان کوراحت ملی ہے۔اس سے ٹریفک جام کوکم کرنے میں خاصی مدد ملے گی۔اسی کے ساتھ ہی  وال چند ہیرا چند روڈ اور شہید بھگت سنگھ روڈ کا چوراہا، یوسف مہر علی روڈ ، محمد علی روڈ، سردار ولبھ بھائی پٹیل مارگ اور قاضی سیّد مارگ پراس کے ذریعے ٹریفک میں آسانی ہوگی۔
 فوج کی شاندار کارکردگی کے سبب اسے ’سیندور‘ کا نام دیا گیا
  ۱۵۰؍ سال  پرانے   بریج کا افتتاح کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ٰدیویندر فرنویس نےکہا کہ’’ کرناک پل کا نام وزیر اعظم نریندر مودی کی ایماء پر تبدیل کیا گیا تھا اورسبھی نے اس سے اتفاق کیا۔ آزادی کے امرت مہوتسو میں تاریخ کی ’تاریک کڑیاں‘ ختم ہو جانی چاہئیں اور ان کے آثار کو مٹا دینا چاہئے۔ پہلگام حملے کے بعد ہندوستانی فوج نے ’آپریشن سیندور‘ کے ذریعے پاکستان میں گھس کر دہشت گردوں کے کیمپوں کو تباہ کر دیاتھا۔ مجھے خوشی ہے کہ میونسپل کارپوریشن نےاس بریج کی تعمیر کاکام پورا کیا۔‘‘  فیتہ کاٹنے کے موقع پر مہاراشٹر اسمبلی کے اسپیکر ایڈوکیٹ راہل نارویکر، ریاستی وزیر منگل پربھات لودھا، اناصاحب پاٹل، نریندر پاٹل، رکن اسمبلی منیشا کیانڈے، سابق رکن اسمبلی  راج پروہت ا ور میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی وغیرہ موجود تھے۔ 
انتظارختم ہوا ،شہری خوش
 ’سیندور‘بریج  شروع کئے جانے پرمقامی تاجر عبدالرحمٰن انصاری نے کہاکہ’’ یہ بڑا کام کیا گیا ہے مگرکافی تاخیر ہوئی۔ یہ بریج توپہلے سے ہی بن کرتیار تھا لیکن اب شروع کیا گیا۔ اس سےٹریفک سے کافی راحت ملے گی۔‘‘ نعیم شیخ نے کہاکہ ’’ جو حضرات ممبئی آتے ہیں، وہ ٹریفک جام کی دقت سے اچھی طرح واقف ہیں۔ اندازہ کیجئے کہ مغرب سے مشرق جانے کےلئے چند منٹ کاراستہ طے کرنے میںسی ایس ایم ٹی ہوکر آنا پڑتا تھا جس سے کافی وقت لگ جاتاتھا ۔اب وہ مسئلہ حل ہوگیاجس سے سبھی نے راحت محسوس کی ہے۔‘‘ ایک اور تاجر عبدالقادر خان نے بتایا کہ ’’ ہم سب اس بریج کوٹریفک کے لئے ریڑھ کی ہڈی سمجھتے تھے ،جو برسوں سےٹوٹ گئی تھی، اب نیا بریج بنانے سے گویا ریڑھ کی ہڈی دوبارہ جڑ گئی ہے۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK