Inquilab Logo Happiest Places to Work

اورنگ زیب کی تعریف کرنے پر سابق رکن اسمبلی شیخ آصف کیخلاف معاملہ درج

Updated: June 25, 2025, 10:57 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

مالیگائوں میں منعقدہ مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کی کانفرنس میں شیخ آصف نے کہا تھا ’’ اورنگ زیب نیک انسان تھے ، وہ ٹوپی سی کر گزارا کرتے تھے‘‘

Former member of the assembly Sheikh Asif delivering a speech (file photo)
سابق رکن اسمبلی شیخ آصف تقریر کرتے ہوئے ( فائل فوٹو)

مالیگائوںکے سابق رکن اسمبلی  شیخ آصف کے خلاف پولیس نے بادشاہ اورنگ زیب کی تعریف کرنے کی پاداش میں  ایف آئی  آر درج کی ہے۔ پونے کے ہڑپسر علاقے میں رہنے والے دتا گائیکواڑ (۲۴) نے  ہڑسر پورلیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی ۔ ہڑپسر پولیس نے معاملے کو  مالیگاؤں کے تعلقہ پولیس اسٹیشن منتقل کیا جہا یہ ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔  گائیکواڑ کا کہنا تھا کہ  اُس نے ’ریل‘  دیکھی جس میں شیخ آصف نے اورنگ زیب کی تعریف کر رہے ہیں  ۔ شیخ آصف کے اِس عمل سے  اس کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔اس معاملے کی تفتیش سینئر پولیس اہلکار تشار بدھاکر رہے ہیں جبکہ ایڈیشنل ایس پی تیغ بیر سنگھ سندھو خود اِس کی نگرانی کریں گے۔
  یاد رہے کہ  ۲۲؍  جون کو مالیگاؤں میں مائناریٹی ڈیفنس کمیٹی کی  کانفرنس میں شیخ آصف نے اورنگ زیب عالم گیرؒ سے متعلق کہا تھا کہ وہ نیک انسان تھے ۔ حلال روزی کسب کرنے کیلئے ٹوپیوں کی سِلائی کیا کرتے تھے ۔ اِس بیان کو سوشل میڈیا اور میڈیا میں خوب پھیلایا گیا اور اس کے رد عمل میں زعفرانی ذہنیت کے  افراد نے فقرے لکھنے شروع کئے ۔  اُن میں سے ایک دتا گائیکواڑ بھی ہے جس کے مذہبی جذبات کو اتنی ٹھیس پہنچی کہ ہڑپسر پولیس کی توجہ اس جانب مبذول کروائی ۔ ہڈپسر پولیس نے تعلقہ پولیس کو مطلع کیا۔ پلک جھپکتے ہی معاملہ درج کر لیا گیا ۔ 
سکل ہندوسماج نے انصاری دَکنی نفاق قرار دیا
 اس دوران سکل ہندو سماج کے وفد نے ایڈیشنل کلکٹر دیو دتّ کیکان سے ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ شیخ آصف پر قانونی کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے کانفرنس میں  مالیگاؤں کے مسلمانوں کو دو حصوں میں بانٹنے کی کوشش کی ہے ۔ انصاری اور دَکنی مسلم برادری کے درمیان نفاق پھیلانے کی کوشش کی گئی ۔ اسی کے ساتھ اورنگ زیب کی تعریف کرکے ہندو معاشرے کے جذبات کو زِک لگائی گئی ۔ شیخ آصف کے اقدامات اور بیانات امن و امان کی برقراری کیلئے خطرہ ہیں لہٰذا فوری طور سے کارروائی کی جائے ۔ اس وفد میں گئو رکشک مچھندر شِرکے اور رفقائے کار شامل تھے ۔
’ ہم اپنے موقف پر قائم ہیں ‘  
 اِس ضمن میں شیخ آصف نے میڈیا کو دیئے گئے بیان میں کہا کہ ’’ مَیں اپنے بیان پر قائم ہوں۔ اس سلسلے میں مزید لائحہ عمل طے کرنے کیلئے جلد ہی عوامی جلسے میں مشورہ کیا جائے گا۔‘‘ تنظیم سے وابستہ  محمد مستقیم نے کہا کہ ’’ ۲۲ جون کی کانفرنس میں کسی   غیر مسلم حکمراں   کے تعلق سے کچھ نہیں کہا گیا تھا بلکہ  صرف اتنا کہا گیا تھا کہ مغل بادشاہ اورنگ زیبؒ پاک انسان تھے اور ٹوپیاں سِلائی کرکے اپنا گزارا کرتے تھے ۔ اَب اِس میں کسی کے مذہبی جذبات بھڑکانے کا جواز کہاں سے پیدا ہوگیا ؟ کچھ اسی طرح سے سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی کے بارے میں بھی افواہیں پھیلائی گئی تھیں تاکہ فرقہ وارانہ منافرت کو فروغ دیا جاسکے ۔‘‘ 

aurangabad Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK