۲؍ ہزار طلبہ نے انسانی زنجیر بناکر اور ریلی نکال کر نشے کے خلاف پیغام کو عام کرنے کی کوشش کی، مختلف اسکولوں کی شرکت۔
EPAPER
Updated: July 28, 2026, 10:34 AM IST | Z. A. Khan | Aurangabad
۲؍ ہزار طلبہ نے انسانی زنجیر بناکر اور ریلی نکال کر نشے کے خلاف پیغام کو عام کرنے کی کوشش کی، مختلف اسکولوں کی شرکت۔
اورنگ آباد میں اسکولی طلبہ میں منشیات سے متعلق بیدار ی لانے کے مقصد سے دو ہزار طلبہ کی ایک عظیم انسانی زنجیر بنائی گئی اور بیداری ریلی نکالی گئی ۔ شاہ گنج علاقے میں منعقدہ اس مہم کے دوران ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی نے طلبہ سے اپیل کی کہ وہ ہر قسم کے نشہ سے دور رہتے ہوئے ایک صحت مند زندگی گزارنے کا عہد کریں۔ یہ مہم ضلع پریشد کے محکمہ تعلیم (ابتدائی و ثانوی) اور سارا نوجیون بہودیشی سنستھا کے مشترکہ تعاون سے منعقد کی گئی۔
یہ بھی پڑھئے: کون ہیں محمد عرفان جن سے ملنے راہل گاندھی اُن کی جھوپڑی میں گئے
اس بیداری مہم میں محکمہ سماجی بہبود، ضلع محکمہ صحت، محکمہ اسٹیٹ ایکسائز، پولیس انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن سمیت مختلف سرکاری محکموں نے فعال کردار ادا کیا۔ ریلی کے دوران طلبہ نے ’’نشہ چھوڑو، پریوار جوڑو، نشہ چھوڑو، بھارت جوڑو‘‘ جیسے پُرجوش نعرے بلند کئے، جس سے پورے علاقے میں جوش پیدا ہوگیا۔اس موقع پر ۵۰۰؍ طلبہ نے میدان میں جمع ہو کر نشہ مکت چھترپتی سمبھاجی نگر( اورنگ آباد) کے عنوان سے ایک شاندار انسانی رنگولی بنائی جس کی ڈرون کیمرے کے ذریعے فلم بندی بھی کی گئی۔ضلع کلکٹر ونئے گوڑا جی سی اور ضلع پریشد کی چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایم منّو نے سبز جھنڈی دکھا کر ریلی کا افتتاح کیا۔ نشہ مکت بھارت ابھیان کے ماسٹر ٹرینر ڈاکٹر کرشنا رام چندر بھاولے نے طلبہ اور شہریوں کو منشیات سے پاک زندگی گزارنے کا حلف بھی دلایا۔اس موقع پر ضلع تعلیمی افسر اشونی لاٹھکر، نائب تعلیمی افسران دیپالی تھاورے، نیتا شری شری مال، گیتا تاندلے، توسیعی افسران دلیپ شرساٹھ، جالم چورے، سنیتا واگھ اور گیانیشور روڈگے سمیت دیگر معزز شخصیات موجود تھیں۔اس بیداری مہم میں شہر کے متعدد اسکولوں اور کالجوں نے بھرپور شرکت کی۔ ان میں نیشنل ہندی کالج، ڈاکٹر ذاکر حسین جونیئر کالج و ہائی اسکول ، سر سید کالج، ملک عنبر اردو ہائی اسکول، انیسہ اردو ہائی اسکول، ونرس انگلش ہائی اسکول، خیرالمؤمنین اردو ہائی اسکول ، اقرا بوائز ہائی اسکول، بھارتیہ ودیا مندر، المیر اردو ہائی اسکول، پی یو جین سیکنڈری اسکول شامل تھیں۔