شیواجی پارک میں مظاہرین پر کیس درج کرنے پر مہاراشٹرکانگریس صدر نے حکومت کی مذمت کی۔
EPAPER
Updated: October 04, 2026, 1:16 PM IST | Mumbai
شیواجی پارک میں مظاہرین پر کیس درج کرنے پر مہاراشٹرکانگریس صدر نے حکومت کی مذمت کی۔
کاکروچ جنتا پارٹی ( سی جے پی ) کا شیواجی پارک میں کامیاب مظاہرے سے بوکھلا کر ریاستی حکومت نے مظاہرین کیخلاف بلا اجازت مظاہرہ کرنے کا معاملہ درج کیا ہے۔ مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے اس کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مرکز اور ریاست کی بی جے پی حکومتوں کی بدعنوانی اور الیکشن کمیشن کے جانبدارانہ طریقۂ کار کے خلاف نوجوانوں میں شدید غصہ پایا جاتا ہے۔ شیواجی پارک میں ہونے والے احتجاج کے ذریعے نوجوانوں نے اپنے اس غصے کو آواز دینے کا کام کیا ہے لیکن مودی حکومت کے خلاف اٹھنے والی اس آواز کو دبانے کیلئے حکومت نے احتجاج کرنے والوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے ہیں۔
سنیچر کو تلک بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کےہرش وردھن سپکال نے کہا کہ بی جے پی حکومت یہ سمجھ لے کہ کتنے ہی مقدمات درج کرلے لیکن اب نوجوان پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں۔
ہندو۔ مسلم اور ہندوستان۔ پاکستان کرنا بند کرو
ریاستی صدر نے کہا کہ ملک کی جمہوریت اور آئین خطرے میں ہیں۔ ان کے تحفظ کیلئے نوجوان سڑکوں پر اتر رہے ہیں اور ان کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات اورملک کے سامنے موجود اہم مسائل ہیں۔ الیکشن کمیشن کے ۲؍ کمشنروں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو بھیجے گئے خطوط پر وہ خاموش کیوں ہیں ؟ بی جے پی کو اس سوال کا جواب دینا چاہیے۔ بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کے بجائے بی جے پی کو ہمیشہ کی طرح ہندو۔ مسلم اور ہندوستان۔ پاکستان کا راگ الاپنا بند کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھئے: ووٹرکا نام حذف کرنے سے پہلے تفصیل پارٹیوں کے بی ایل ایز کو دینا لازمی
ہرش وردھن سپکال نے مزید کہا کہ اگر حکومت جابرانہ پالیسیوں کے ذریعے عوام کی آواز دبانے کی کوشش کرے گی تو اس کی بھاری قیمت بی جے پی حکومت کو چکانی پڑے گی۔
احتجاج حکومت کی ناکامی ظاہر کرتا ہے
مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ شیواجی پارک میں ہونے والے احتجاج کے ساتھ ہی ناسک سے ممبئی کی جانب قبائلی طلبہ کا لانگ مارچ نکالا جارہا ہے جبکہ پونے میں ایم پی ایس سی کے خلاف لاکھوں نوجوان اور طلبہ سڑکوں پر اتر آئے ہیں۔ یہ تینوں واقعات بی جے پی حکومت کے ناقص اور غیر ذمہ دارانہ کام کاج کی قلعی کھول رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ ایم پی ایس سی کے چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کررہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اپنی ذمہ داری سے دامن بچارہے ہیں۔