دسویں اور بارہویں کےامتحانات کومنصفانہ ، بہتر نگرانی اور شفافیت کےساتھ منعقدکرنےکیلئے سخت ہدایات جاری کی گئیں،موبائل استعمال کرنےوالے طالبعلم پر ۲؍سال تک امتحان نہ دینےکی پابندی لگائی جائے گی۔
EPAPER
Updated: January 29, 2025, 1:04 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
دسویں اور بارہویں کےامتحانات کومنصفانہ ، بہتر نگرانی اور شفافیت کےساتھ منعقدکرنےکیلئے سخت ہدایات جاری کی گئیں،موبائل استعمال کرنےوالے طالبعلم پر ۲؍سال تک امتحان نہ دینےکی پابندی لگائی جائے گی۔
مہاراشٹراسٹیٹ کےعلاوہ سی بی ایس ای بورڈ نے بھی ۱۰؍ ویں اور ۱۲؍ویں کےامتحانات کے دوران امتحانی مراکز پر منصفانہ، بہتر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنانےکی سخت ہدایات جاری کی ہیں۔ امتحانات میں کسی طرح کی بدنظمی ہونےپر اسکول انتظامیہ، طلبہ اور دیگر ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کاانتباہ دیاہے۔ کوئی طالب علم موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائس کے ساتھ پایا گیا تو اس پر اگلے ۲؍ سال تک امتحانات میں شرکت پر پابندی عائد کی جائے گی۔ اس سے قبل ایسے معاملات میں ایک سال کیلئے پابندی عائد کی جاتی تھی۔
سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) کے ۱۰؍ ویں اور ۱۲؍ ویں کے امتحانات ۱۵؍ فروری سے شروع ہورہے ہیں۔ امتحانات کے منصفانہ انعقاد کیلئے بورڈ کی تیاریاں آخری مرحلے میں پہنچ گئی ہیں۔ اس کے ایک حصے کے طور پر، بورڈ نے اب الحاق شدہ اسکولوں اور طلبہ کیلئے رہنما خطوط جاری کئے ہیں۔ سی بی ایس ای نے اسکولوں اور طلبہ کو متنبہ کیا ہے کہ وہ امتحانات کے منصفانہ انعقاد کیلئے وضع کردہ تمام اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ بورڈ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی اسکول یا طالب علم قواعد کی خلاف ورزی کرتا پایا گیا تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا جس میں ۲؍ سال کی پابندی بھی شامل ہے۔
بورڈ کےمطابق ’’ طلبہ کے تعلیمی مفاد میں منصفانہ امتحانات کا انعقاد ضروری ہے۔ اس بات سے اساتذہ کو بورڈ کے امتحانات میں شرکت کرنے والےطلبہ کو مطلع کرنا چاہئے۔ امتحان کی اخلاقیات، قواعد و ضوابط کے بارے میں سی بی ایس ای کی طرف سے جاری کردہ ہدایات سے طلبہ کو آگاہ کرنےکی ضرورت ہے۔ اسکولوں کو چاہئے کہ وہ طلبہ کو امتحان کیلئے بنائے گئے قواعد اور ان کی خلاف ورزی پر سزاؤں کے بارے میں مکمل معلومات دیں ۔ امتحان کیلئے تفویض کردہ افسران کو امتحانات کے کامیاب انعقاد کیلئے قوانین سے آگاہ کریں ۔ طلبہ کے ساتھ والدین کو رہنما اصولوں اور سزاؤں کے بارے میں آگاہ کریں۔ اسکولوں اور طلبہ کیلئے امتحان کے دن امتحانی مراکز میں کوئی بھی غیر قانونی اشیاء استعمال نہ کرنے کیلئے کچھ اہم اصول بتائے گئے ہیں، ان پر عمل کرنےکی تلقین کی جائے۔ ‘‘ امتحانات کے دوران موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کے استعمال پر پابندی برقرار رہے گی۔ اگر کوئی طالب علم موبائل فون یا دیگر الیکٹرانک ڈیوائس کے ساتھ پایا گیا تو اس پر اگلے ۲؍ سال تک امتحانات میں شرکت پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔ اس بارے میں سی بی ایس ای کے امتحانی کنٹرولر ڈاکٹر سیم بھاردواج نے کہاکہ ’’اگر کسی بھی قسم کا الیکٹرانک ڈیوائس یا موبائل استعمال کیا جاتا ہے یا امتحانی مرکز میں رکھا جاتا ہے، تو طلبہ نہ صرف امسال بلکہ اگلے سال بھی امتحان میں شریک نہیں ہو پائیں گے۔ ‘‘خیال رہےکہ پچھلے کچھ برسوں میں طلبہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر امتحان سے متعلق افواہیں پھیلانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس تناظر میں سی بی ایس ای نے مذکورہ گائیڈ لائن جاری کی ہے۔ اس بار سی بی ایس ای بورڈ کے امتحانات میں ۴۴؍ لاکھ طلبہ شریک ہوں گے۔ سی بی ایس ای کل ۲۰۴؍ مضامین کے امتحانات منعقد کرے گا۔