• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

باربار کیبل چوری ہونے سے کوسٹل روڈ کے سی سی ٹی وی کیمرے متاثر

Updated: November 17, 2026, 4:02 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کھلے راستے پر نصب کئے گئے ۶۶؍ کیمرے بند پڑے ہیں۔بی ایم سی نے ہندوستان کنسٹرکشن کمپنی سے طویل مدتی حل تلاش کرنے کی درخواست کی۔

Coastel Road.Photo:INN
کوسٹل روڈ ۔تصویر:آئی این این
ستمبر میں کوسٹل روڈ سے ایک تیز رفتار کار نیچے گرنے سے ۳؍ نوجوانوں کی موت ہوگئی تھی اور اس معاملہ کی تفتیش کے دوران معلوم ہوا تھا کہ بار بار کیبل چوری ہونے سے یہاں کے کئی سی سی ٹی وی کیمرے بند پڑے رہتے ہیں۔ بی ایم سی اب تک اس مسئلے کو حل نہیں کرسکی ہے۔ لارسن اینڈ ٹربو (ایل اینڈ ٹی) کمپنی نے اس معاملے میں مدد کرنے سے انکار کردیا ہے جس پر بی ایم سی نے ہندوستان کنسٹرکشن کمپنی (ایچ سی سی) سے درخواست کی ہے کہ وہ کیبل چوری کے مسئلے کا طویل مدتی حل تلاش کرے۔ کوسٹل روڈ پر کھلے آسمان کے نیچے جتنا حصہ تعمیر کیا گیا ہے اس پر نصب کئے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کے کیبل بار بار چوری ہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے یہ کیمرے بند پڑ جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ کوسٹل روڈ کا ۱۰ء۵۸؍ کلو میٹر کا راستہ کھلے آسمان کے نیچے ہے جبکہ ۲ء۷؍ کلو میٹر کا حصہ سرنگ میں تعمیر کیا گیا ہے۔
 
 
سی سی ٹی وی کے کیبل چوری ہونے کا معاملہ اس وقت شدت سے سامنے آیا تھا جب ۲۰؍ ستمبر کو ایک تیز رفتار بی ایم ڈبلیو کار کوسٹل روڈ سے نیچے آگری تھی جس میں سوار ۳؍ نوجوانوں کی موت ہوگئی تھی اور دیگر ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔ اس معاملے کی تفتیش کے دوران پولیس کو پتہ چلا کہ اکثر و بیشتر سی سی ٹی وی کیمرے بند پڑے ہیں۔ اس کی وجہ معلوم کرنے پر پتہ چلا کہ ان کے کیبل چوری ہوجاتے ہیں۔
بی ایم سی کے مطابق سرنگ میں لگائے گئے ۱۷۰؍ کیمرے ٹھیک طور پر کام کررہے ہیں جبکہ کھلے راستے پر نصب کئے گئے ۶۶؍ کیمرے بند پڑے ہیں۔ ان کیمروں میں بجلی سپلائی کیلئے کوپر کے کیبل استعمال ہوتے ہیں جن کی بازار میں اچھی قیمت مل جاتی ہے۔ بی ایم سی کے مطابق اب تک ۱۱۰؍ کلو میٹر کیبل لگائے جاچکے ہیں۔ ایسے مقام جو گھنی آبادی کے قریب واقع ہیں اور آسانی سے ان تک پہنچا جاسکتا ہے وہاں کیبل بار بار چوری ہوجاتے ہیں اور ان مقامات پر ۲؍ سے ۳؍ مرتبہ نئے کیبل بچھائے جاچکے ہیں۔ کوسٹل روڈ کی تعمیر کرنے والی کمپنیاں ایل اینڈ ٹی اور ایچ سی سی اور کوسٹل روڈ کی دیکھ ریکھ کے ٹھیکیدار نے کیبل چوری ہونے کی مجموعی طور پر ۲۰؍ سے ۲۵؍ ایف آئی آر درج کروائی ہیں۔چوری سے پریشان ہوکر بی ایم سی نے کوپر کے قیمتی کیبل کی جگہ سستے ایلومینیم کے کیبل نصب کئے تھے اس کے باوجود چور انہیں بھی چرا کر لے جاتے ہیں۔
 
 
بی ایم سی نے اس مسئلے کو حل کرنے کیلئے پہلے ایل اینڈ ٹی کو خط لکھ کر مدد مانگی تھی لیکن اس کمپنی نے یہ کہہ کر مدد کرنے سے انکار کردیا کہ ان کے ساتھ جو معاہدہ کیا گیا ہے ان میں کیمروں کو چلانا ان کی اور کیبل کی دیکھ ریکھ شامل نہیں ہے۔ اس کمپنی نے نشاندہی کی کہ یہ کام کسی دیگر کمپنی کو سونپاگیا ہے۔ اس پر اب نومبر کے پہلے ہفتے میں شہری انتظامیہ نے ایچ سی سی کو خط لکھ کر مسئلہ تلاش کرنے کی درخواست کی ہے۔
اب تک جن حل پر غور کیا جارہا ہے ان میں بغیر وائر والے کیمروں کی تنصیب، کیبل کو زیر زمین بچھانا، تھوڑی تھوڑی دوری پر کیبل کے تحفظ کے انتظام جیسے اقدام شامل ہیں۔ البتہ ان پر عملدرآمد سے پہلے ان کی جانچ اور آزمائش ضروری ہے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK