Inquilab Logo

افغان حکومت اور طالبان کے درمیان عیدالاضحی کے پیش نظر جنگ بندی

Updated: July 30, 2020, 11:08 AM IST | Agency | Kabul

اشرف غنی کی تجویز پر طالبان کا فوری طور پر مثبت رد عمل، امریکہ کی جانب سے فریقین کے اقدام کی تعریف، جلد مذاکرات کے بھی آثار

Afghanistan - Pic : PTI
امید ہے افغان شہری اطمینان سے عید منا سکیں گے ( تصویر: ایجنسی

فغانستان میں جلد ہی قیام امن کی راہ ہموار ہوتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔  ایک روز قبلفغان صدر اشرف غنی نے اعلان کیا کہ ان کی حکومت جلد ہی طالبان کے ۵؍ ہزار  قیدیوں کی رہائی کا عمل مکمل کرلے گی، جس سے باغی گروپ کے ساتھ امن مذاکرات کے آغاز کی راہ ہموار ہوگی، جس کی طویل عرصے سے کوششیں جاری ہیں۔انھوں نے کہا کہ `اس اقدام کے بعد ہمیں امید ہے کہ ایک ہفتے کے اندر ہم طالبان کے ساتھ براہ راست بات چیت کا آغاز کریں گے۔ ہم طالبان پر زور دیتے ہیں کہ وہ مذاکرات کی میز پر آئیں اور فوری طور پر مستقل اور مربوط جنگ بندی طے کریں۔ اشرف غنی نے مزید کہا کہ عید الاضحی کی مناسبت سے طالبان کی جانب سے جنگ بندی کا فیصلہ بہتری کی جانب اشارہ ہوگا۔  جونہی ان کی تقریر ختم ہوئی، طالبان نے `عید الاضحیٰ کے موقع پر تین دن اور تین راتوں کیلئے جنگ بندی کا اعلان کیا، جس کا آغاز جمعرات کی شب یا جمعہ کی علی الصباح سے ہوگا۔ واضح  رہے کہ دونوں جانب سے یہ اعلان ایسے وقت  میں سامنے آیا ہے جب امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت، زلمے خلیل زاد کابل پہنچنے والے ہیں۔
  واضح رہے کہ بین الافغان مذاکرات ۱۰؍ مارچ سے منعقد ہونے والے تھے، جس سے ۱۰؍ روز قبل امریکہ نے طالبان کے ساتھ تاریخ ساز معاہدے پر دستخط کئے تھے۔افغان حکومت طالبان پر الزام لگاتی رہی ہے کہ طالبان نے پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ کیا ہے، جبکہ طالبان  کے ۵؍ ہزار قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر حکومت انکار کرتی رہی ہے، جس بنا پر مذاکرات کا آغاز متعدد بار رک گیا ہے؛ حالانکہ امریکہ طالبان معاہدے میں دونوں شقیں شامل ہیں۔
 اس سے قبل، پیر کو موصول ہونے والی ایک خبر کے مطابق، ​افغانستان کی قومی مفاہمتی کونسل نے کہا تھا کہ افغان حکومت عید الاضحیٰ کے دوران جنگ بندی پر تیار ہے اور اس توقع کا اظہار کیا کہ طالبان بھی عید کے دنوں میں لڑائی بند کرنے پر اتفاق کریں گے۔کونسل کے ترجمان، فریدون خازون نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ قیدیوں کی رہائی کے معاملے پر التوا زلمے خلیل زاد کے خطے میں موجودگی کے دوران حل کر لیا جائے گا۔ 
 زلمے خلیل زاد کی جانب سےستائش
 ادھر امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمت زلمے خلیل زاد نے بدھ کو ایک ٹویٹ کرکے کہا ہے کہ امریکہ طالبان اور افغان حکومت کے جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے۔ خلیل زاد نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر وہ خود، افغانستان میں مغربی فوجوں کے اتحاد (نیٹو) کے کمانڈر جنرل آسٹن ملر اور امریکی سفیر روز ولسن  کے ساتھ افغان عوام کیلئے عید کی پرامن چھٹیوں کے خواہش مند ہیں۔زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ امریکہ کی خواہش ہے کہ یہ عید تمام افغان عوام کو قریب لانے اور دیرپا امن کے قیام کا باعث بنے۔انہوں نے کہا کہ’’ ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان کی سیکیورٹی فورسز عوام کی خدمت کرتی رہیں اور ہم ان کی ان کوششوں کے مشکور ہیں۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK