Inquilab Logo

ہندوستانی فٹبال ٹیم افغانستان کے خلاف ۳؍ پوائنٹس حاصل کرنے کیلئے تیار

Updated: March 21, 2024, 12:51 PM IST | New Dehli

جیکسن سنگھ اور انور علی کی واپسی سے حوصلہ افزا فٹبال ٹیم کی نظریں ورلڈ کپ کوالیفائر کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنانے پر ہوں گی۔

A player of the Indian football team. Photo: PTI.
ہندوستانی فٹبال ٹیم کا ایک کھلاڑی۔ تصویر: پی ٹی آئی۔

جیکسن سنگھ اور انور علی کی واپسی سے حوصلہ افزا ہندوستانی فٹبال ٹیم کی نظریں تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنانے پر ہوں گی جب اس کا مقابلہ جمعرات کو فیفا ورلڈ کپ کوالیفائر میں افغانستان سے ہوگا۔ مڈفیلڈ میں جیکسن اور سینٹر بیک میں انور انجری کے باعث طویل عرصے بعد میدان پر لوٹ رہے ہیں۔ توقع ہے کہ دوسرے راؤنڈ کے ابتدائی مشترکہ کوالیفکیشن میچ میں ہندوستان کو نچلے درجے کے حریف پر برتری حاصل ہوگی۔ 
ہندوستان اس وقت گروپ اے میں ۲؍ میچوں میں ایک جیت سے ۳؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ موجودہ ایشین چمپئن قطر ۲؍ جیت کے ساتھ ۶؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ دونوں میچ ہارنے والی افغانستان کی ٹیم آخری نمبر پر ہے۔ کویت کے خلاف کامیابی حاصل کر کے ایگور اسٹیمک کی ہندوستانی ٹیم نے پہلی بار تیسرے راؤنڈ میں داخل ہونے کی امیدیں بڑھا دی ہیں۔ عالمی درجہ بندی (ہوم ​​اور اوے میچ) میں ۱۵۸؍ویں نمبر پر موجود افغانستان کو شکست دینے سے۱۱۷؍ویں نمبر کی ہندوستانی ٹیم کو ۹؍ پوائنٹس کا فائدہ ہو گا۔ اگر قطر کی ٹیم اگلے ۲؍ میچوں میں کویت کو شکست دیتی ہے تو ہندوستان کے پاس دوسرے نمبر پر پہنچنے کا موقع ہوگا۔ ہندوستان نے کویت سٹی میں کویت کو۰۔ ۱؍گول سے شکست دی تھی جبکہ کویت نے بھونیشور میں ۰۔ ۳؍گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔ 
۱۹۴۹ء میں ہندوستان اور افغانستان کے درمیان پہلے میچ کے بعد سے دونوں ٹیمیں وقتاً فوقتاً کھیلتی رہی ہیں۔ وہ ورلڈ کپ کوالیفائرس، ایشین کپ کوالیفائرس اور دیگر برصغیر اور دعوتی ٹورنامنٹس میں آمنے سامنے ہیں۔ 
ہندوستانی حملے کی قیادت۳۹؍ سالہ سنیل چھیتری اور منویر سنگھ کریں گے۔ چھیتری نے افغانستان کے خلاف ۸؍ میچوں میں ۴؍ گول کئے ہیں۔ پچھلے ۲؍برسوں میں جیکسن نے لگاتار۱۷؍ میچ کھیلے ہیں۔ قطر میں ایشین کپ کے دوران ٹیم نے ان کی کمی محسوس کی۔ افغانستان کے کئی نامور کھلاڑی افغانستان فٹبال فیڈریشن پر بدعنوانی کا الزام لگانے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ افغانستان کے۱۸؍ کھلاڑی کویت اور قطر کے خلاف کوالیفائر نہیں کھیلے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK