Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوم اساتذہ پر اسکولوں میں جشن،ثقافتی پروگراموں کا انعقاد

Updated: September 06, 2022, 10:01 AM IST | saadat khan | Mumbai

اساتذہ کی اہمیت اورافادیت سےمتعلق اسکولوںمیںطلبہ اور اساتذہ کی تقریریں، نظمیں اور ڈرامے بھی منعقد کئے گئے ، طلبہ نے معلمی کے فرائض انجام دیئے،گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ہاتھوں طلبہ کو اعزاز سے نوازاگیا

Students in schools in the city and suburbs showed enthusiasm on the occasion of Teachers` Day.
ٹیچرس ڈے کے موقع پر شہر اور مضافات کے اسکولوں میں طلبہ نے جوش و خوش کا مظاہرہ کیا۔

شہر ومضافات کے اسکولوںمیں یومِ اساتذہ کی تقریبات کاجوش وخروش سے انعقاد کیا گیا ۔اساتذہ کی اہمیت اورافادیت سےمتعلق اسکولوں میںطلبہ اور اساتذہ نے تقریریں، نظمیں، ڈرامے اور دیگر ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ علاوہ ازیں روایتی طورپربیشتر اسکولوںمیں طلبہ نے معلم کے فرائض انجام دیئےجبکہ ٹیچروںنے طلبہ کی حیثیت سے کلاس روم میں پڑھائی کی ۔ طلبہ نےاساتذہ کو مختلف قسم کے تحائف پیش کئے ۔ جنو بی ممبئی کے ایک اسکول میں طلبہ سے تحفہ قبول کرنے کےبجائےاساتذہ نے طلبہ کو اعزاز سےنوازا اور انہیں اپنی طرف سے ظہرانہ بھی دیا۔ ساتھ ہی ان سے ڈراپ آئوٹ طلبہ کو تلاش کرنے میں مددکرنے کی اپیل کی۔اندھیری کے ایک اسکول میں گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ہاتھوں ان طلبہ کو اعزاز سے نوازاگیاجن کے سرپرستوں کی کووڈ سے موت ہونے کےباوجود انہوں نے ایس ایس سی امتحان میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کی ہے۔ 
 ڈراپ آؤٹ بچوں کو تلاش کرنے کی اپیل
  ناگپاڑہ پر واقع احمد سیلرہائی اسکول کے پرنسپل محمد عارف خان نے بتایاکہ’ ’ امسال ہم نے یومِ اساتذہ منفرد انداز میں منایا۔ طلبہ نے اساتذہ کی اہمیت پر سیرحاصل گفتگو کی اور ڈراما پیش کیا۔طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں انعامات سے نوازاگیا۔ عموماً یوم ِ اساتذہ پر طلبہ اپنے اُستاد کو تحفہ پیش کرتےہیں مگر ہم نے ان  سے تحفہ قبول کرنےکےبجائے انہیں اپنی طرف سے ظہرانہ بھی دیاتاکہ اس موقع پر طلبہ اور اساتذہ ایک ساتھ ضیافت کرسکیں۔اس کےساتھ ہی طلبہ کو بتایاگیاکہ کووڈ کی وجہ سے جوطلبہ متعدد وجوہات سے ڈراپ آئوٹ ہوئے ہیں، وہ ابھی تک اسکول لوٹ کر نہیں آئے ہیں۔ اس سے ان طلبہ کی پڑھائی کانقصان ہورہاہے۔ اس لئے ہمیں انہیںطلبہ تلاش کرناہے۔ اس مہم میں طلبہ سےمدد کرنےکی اپیل بھی کی گئی ہے۔‘‘
 سنگھرش نگر اردو ممبئی پبلک اسکول ساکی ناکہ میں یوم اساتذہ انتہائی تزک و  احتشام کے ساتھ منایا گیا۔  اسکول انچارج شیخ خالد فتح محمد نے یوم اساتذہ کی اہمیت اور اساتذہ کے تقدس کے فوائد طلبہ کو دینی اور دنیاوی مثالوں کی روشنی میں سمجھائے ۔ طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا جو طلبہ استاد کی عزت کرتے ہیں۔ انہیں زمانے میں بھی عروج حاصل ہوتا ہے اور اللہ کی طرف سے اجر و ثواب بھی ملتا ہے ۔طلبہ نے یومِ اساتذہ کے تناظرمیں خوبصورت انداز میں اشعار، تقاریر اور نظمیں پیش کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر سروپلی رادھا کرشنن کو بھی یاد کیاگیا۔
بچوں نے ٹیچر کا رول ادا کیا
 انجمن خیرالاسلام اُردو ہائی اسکول مدنپورہ میں یوم ِ اساتذہ کی تقریب کیلئے صبح سوا ۷؍بجے دعا  کے بعدطلبہ نے اپنے کلاس روم کو سجایا۔ دسویں جماعت کے طلبہ نے معلمی کےفرائض انجام دیئے۔ معلمی کے فرائض کی انجام دینےپر طلبہ نے کیامحسوس کیا،اس موضوع پر بھی پروگرام منعقد کیاگیا ۔طلبہ کوانعامات سے نوازا گیا۔اساتذہ نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے ۔ 
  انجمن اسلام سیف طیب جی اُردوگرلز ہائی اسکول بیلاسس روڈمیں بھی یوم ِ اساتذہ انتہائی تزک واحتشام سے منایاگیا۔ٹیچرس ڈے سےمتعلق طالبات میں بڑاجوش وخروش دکھائی دیا۔طالبا ت نے اپنی ٹیچروںکو مختلف قسم کے تحفے پیش کئے ۔ کسی طالبہ نےٹیچرکو گلدستہ توکسی نے گفٹ پیک دیا۔ طالبات نے معلمی کے فرائض انجام دے کر ٹیچروںکادل جیت لیا۔    
 موہیلی ویلیج میونسپل اُردو اسکول نمبر ۲؍ میں یومِ اساتذہ پر یہاں کے طلبہ اور اساتذہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ طلبہ نے اپنے اساتذہ کی خدمت میں اشعار ونظمیں پیش کیں۔ تقریری مقابلے میں کامیابی حاصل کرنےوالے طلبہ کوانعام سےنوازاگیا۔ اساتذہ نے ٹیچرس ڈے کی اہمیت سےمتعلق اپنے تجربات بیان کئے۔
گورنر نے اعزاز سے نوازا
 یومِ اساتذہ کی مناسبت سے یاری روڈ ،ورسوا کی سماجی ایکتا منچ کے زیر نگرانی جاری اسکولوں میں پُرجوش طورپریومِ اساتذہ کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تنظیم کی طرف سے یومِ اساتذہ کی مناسبت سے چلڈرنس ویلفیئر سینٹر ہائی اسکول میدان (یاری روڈ) میں منعقدہ تقریب میں ریاست کے گورنر بھگت سنگھ کوشیاری کے ہاتھوں ان۱۵ ؍طلبہ کو اعزاز سے نوازاگیاجن کے سرپرستوں کی کووڈ سے موت ہوگئی تھی۔غموں کا کا پہاڑ ٹوٹنے کےباوجود  ان طلبہ نے پڑھائی سے توجہ نہیں ہٹائی اور دسویں(  ایس ایس سی) کے امتحان میں نمایاں نمبرات سے کامیابی حاصل کی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK