الیکٹرک بسوں کا افتتاح ، کانگریس نے شدید تنقید کی اور کہا کہ بدحالی پر جشن کی تیاری شرمناک ہے۔
EPAPER
Updated: February 09, 2026, 3:32 PM IST | New Delhi
الیکٹرک بسوں کا افتتاح ، کانگریس نے شدید تنقید کی اور کہا کہ بدحالی پر جشن کی تیاری شرمناک ہے۔
دہلی میں وزیراعلیٰ گپتا کی قیادت میں بی جے پی حکومت کے پہلے سال کی تکمیل پر بی جے پی کے قومی صدر نِتن نبین نے وزیراعلیٰ ریکھا گپتا کی موجودگی میں اتوار کو رام لیلا میدان سے۵۰۰؍ نئی الیکٹرک بسوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس موقع پر دہلی-پانی پت کے درمیان بین ریاستی الیکٹرک بس سروس کا بھی باضابطہ آغاز کیا گیا۔
وزیرِاعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ۵۰۰؍ نئی ای-بسوں کے اضافے کے ساتھ دہلی اب ملک کی سب سے بڑی الیکٹرک بس بیڑہ رکھنے والی ریاست بن گئی ہے۔ تقریب میں کئی سینئر لیڈرموجود تھے، جن میں دہلی بی جے پی صدر ویرندر سچدیوا، کابینہ وزراء پرویش صاحب سنگھ، آشیش سود، پنکج کمار سنگھ، رویندر اندر اج، کپِل مشرا، اراکین اسمبلی اور دیگر افسران شامل تھے۔ بی جے پی صدر نبین نے کہا کہ دہلی کے عوام نے بی جے پی کو مضبوط اور فیصلہ کن مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت کے ایک سال کی تکمیل پورے شہر کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ انہوں نے وزیرِاعلیٰ ریکھا گپتا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ وزیرِاعظم نریندر مودی کے دہلی کے وژن کو پورا کرنے کیلئے پوری لگن سے کام کر رہی ہیں ۔ حکومت کے ایک سال مکمل ہونے پر عوام کو۵۰۰؍ الیکٹرک بسوں کا تحفہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’بی جے پی والیکشن کمیشن ملکر پی ڈی اےکے نام کٹوار ہے‘‘
وزیراعلیٰ گپتا نے کہا کہ دہلی کی تاریخ میں پہلی بار ایک ساتھ۵۰۰؍ الیکٹرک بسیں عوامی ٹرانسپورٹ میں شامل کی گئی ہیں ۔ اس اضافے کے بعد دہلی میں ای-بسوں کی کل تعداد ۴؍ ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ۸؍ فروری ۲۰۲۵ء ایک تاریخی دن تھا جب دہلی کے عوام نے بی جے پی کو۷۰؍ میں سے۴۸؍ نشستیں دے کر واضح مینڈیٹ دیا تھا۔
دہلی میں بدتر حالات ہیں : کانگریس
دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کی بی جے پی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت میں بدتر حالات، تباہ حال بنیادی ڈھانچے اور بڑھتی ہوئی حادثاتی واقعات کے باوجود وزیرِاعلیٰ ریکھا گپتا کی جانب سے اقتدار کے ایک سال مکمل ہونے پر جشن منانے کی تیاری انتہائی شرمناک ہے۔ یادو نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ ٹوٹی سڑکوں ، کھلے گڑھوں ، گندگی، آلودگی اور کچرے کے پہاڑوں سے جوجھتی دہلی میں گزشتہ ایک سال کے دوران گڑھوں میں گرنے، کرنٹ لگنے، آگ لگنے، عمارتیں گرنے اور پانی بھرنے جیسے حادثات میں ۲۰۰؍ سے زیادہ افراد کی موت ہو چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی جنوری ماہ میں ہی۸۰۷؍ افراد کے لاپتہ ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں ، جن میں زیادہ تر خواتین اور لڑکیاں شامل ہیں ، لیکن حکومت پوری طرح بے حس بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میٹرو، میونسپل کارپوریشن، دہلی جل بورڈ اور پی ڈبلیو ڈی کی کھدائیوں کے بعد کئی علاقوں میں بغیر بیریکیڈنگ کے کھلے گڈھے چھوڑ دیے گئے ہیں ۔