Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ چڈھا اور اُن کے ساتھیوں کا بی جےپی میں جانا ’فکسڈ میچ‘ ہے‘‘

Updated: April 28, 2026, 12:23 AM IST | New Delhi

کانگریس نے الزام عائد کیا کہ اس واقعے کے بعد عام آدمی پارٹی پوری طرح سے بے نقاب ہوگئی ہے اور یہ بات بھی ثابت ہوگئی کہ بی جے پی نے ہمیشہ ’آپ‘ کا استعمال کیا ہے

Congress leader Ajay Maken, while addressing the media, targeted both BJP and AAP.
کانگریس لیڈر اجے ماکن نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بی جےپی اور ـآپ‘ دونوں کو نشانے پر لیا

عام آدمی پارٹی کے ۷؍راجیہ سبھا ممبران کی بی جے پی میں شمولیت کو کانگریس نے فکس میچ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت تنقید کی۔ پارٹی نے کہا کہ بی جے پی کو پنجاب میں محض ۶ء۶؍فیصد ووٹ ملے لیکن اس نے ریاست کے راجیہ سبھا کی ۸۶؍فیصد سیٹوں پر قبضہ جمالیا۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے ساتھ ہی عام آدمی پارٹی کا نقاب بھی پوری طرح سے اترگیا ہے۔
 پارٹی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے قومی خزانچی اجے ماکن نے کہا کہ بی جے پی کو ۲۰۲۲ء کے اسمبلی انتخابات میں پنجاب میں صرف ۶؍ فیصد ووٹ ملے تھے۔اب عام آدمی پارٹی سے ۷؍راجیہ سبھا ممبران کے منحرف ہونے کے بعد پنجاب سے راجیہ سبھا میں بی جے پی کی نمائندگی بڑھ کر۸۶؍فیصد ہوگئی کیونکہ ان میں سے ۶؍ کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ماکن نے متنبہ کیا کہ یہ پیش رفت پنجاب جیسی سرحدی ریاست کے لیے ٹھیک نہیں، جو ہمیشہ دشمنوں اور ملک دشمن قوتوں کے نشانے پر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ علاحدگی پسند طاقتوں کا دعویٰ ہے کہ ریاست کے لوگوں کی بات نہیں سنی جاتی اور انہیں انصاف نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ جب بی جے پی کے اقدامات اس بات کو تقویت دیتے دکھائی دیتے ہیں جو علاحدگی پسند طاقتیںثابت کرنا چاہتی ہیں تو ان کے پروپیگنڈے کا کیسے مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر منشیات کی لت اور جرائم کے کلچر میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تاریخ یہ بتاتی ہے کہ یہ دونوں چیزیں انتہا پسندی اور دہشت گردی کا پیش خیمہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صورتحال کافی سنگین ہے کیونکہ یہ منشیات کے استعمال اور گینگسٹر کلچر دونوں کی گرفت میں ہے۔
 کانگریس کے خزانچی نےکہا کہ آخرکار اس کے چہرے سے نقاب اتر  ہی گیاکیونکہ اب یہ واضح ہے کہ یہ عام لوگوں کی پارٹی نہیں بلکہ ارب پتیوں کی پارٹی ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حال ہی میں بی جے پی میں شامل ہونے والے۷؍ راجیہ سبھا ممبران کی اوسط مجموعی مالیت  ۸۱۸؍ کروڑ روپے سے زیادہ ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ منی بیگز اور ارب پتیوں کی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سشیل گپتا ’آپ‘ میں شامل ہونے سے قبل کانگریس میں تھے۔انہوںنے عام آدمی پارٹی میں شامل ہونے کے ایک ماہ کے اندرپارٹی سے راجیہ سبھا کیلئے نامزدگی حاصل کر لی تھی، جبکہ کیجریوال کے ابتدائی ساتھیوں جیسے پرشانت بھوشن، کمار وشواس، یوگیندر یادو اور آشوتوش کو نظر انداز کر دیا گیا۔
 اجے ماکن نے عام آدمی پارٹی کو بی جے پی کی بی ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اروندکیجریوال نے ڈاکٹر منموہن سنگھ اور وزیر اعلیٰ شیلا دکشت کوبدنام کیا۔دونوں ہی اکیسویں صدی کے ہندوستان کی دو بہترین اور ایماندارمنتظمین تھے، چونکہ بی جے پی براہ راست ان کے خلاف کچھ نہیں کر سکی، اسلئے اس نے کیجریوال کودونوں کو بدنام کرنےکیلئے استعمال کیا۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK