ڈم ڈم میں انتخابی جلسے میں وزیراعظم مودی نے ممتا بنرجی پرتنقید کی ، دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت بننے کے بعد ہر ناانصافی اور ظلم کی فائل کھلے گی
EPAPER
Updated: April 25, 2026, 12:14 AM IST | Kolkata
ڈم ڈم میں انتخابی جلسے میں وزیراعظم مودی نے ممتا بنرجی پرتنقید کی ، دعویٰ کیا کہ بی جے پی حکومت بننے کے بعد ہر ناانصافی اور ظلم کی فائل کھلے گی
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور اس کی سربراہ و وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ترنمول کا دیا بجھنے والا ہے اور بجھتا ہوا دیا پھڑپھڑاتا ہے، اسی لیے ترنمول کے لیڈران بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ۴؍ مئی کو بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد ہر ناانصافی اور ہر ظلم کی فائل کھولی جائے گی یہ مودی کی گارنٹی ہے۔ وزیراعظم مودی نے یہاں بھارتیہ جنتا پارٹی کی’ وجئے سنکلپ سبھا ‘سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے سے بنگال میں جو تبدیلی کی لہر نظر آ رہی تھی، پہلے مرحلے کی ووٹنگ نے اس پر مہر ثبت کر دی ہے۔ بی جے پی کے حق میں جو حمایت سامنے آئی ہے، اس نے پارٹی کی جیت کا بگل بجا دیا ہے۔ جس بنگال میں ٹی ایم سی نے جمہوریت کے مندر کو کچل دیا تھا اور اپنی آمریت سے اسے مجروح کر دیا تھا، اسی بنگال میں عوام نے پہلے مرحلے میں جمہوریت کے مندر کی دوبارہ تعمیر کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب دوسرے مرحلے میں آپ کو اس جمہوریت کے مندر پر فتح کا پرچم لہرانا ہے، اسی وجہ سے ترنمول بری طرح گھبرا گئی ہے اور اپنے کارکنوں کو میدان میں آنے کے لیے اکسا رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، میں بنگال کے عوام اور بی جے پی کے تمام کارکنوں سے کہوں گا کہ یہ انقلاب کی سرزمین ہے، یہ بہادروں کی سرزمین ہے۔ یہ نہ بھولیں کہ بجھنے والا دیا تھوڑی دیر پھڑپھڑاتا ہے اسی طرح ترنمول کا دیا بھی بجھنے سے پہلے پھڑپھڑا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ۴؍ مئی کو نتائج آنے کے بعد ترنمول کے غنڈوں کو بنگال میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی اور انہیں کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔ پہلے مرحلے کی ووٹنگ نے ترنمول کے مبینہ جنگل راج کے خاتمے کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لئے نیتاجی سبھاش چندر بوس نے قوم کو پکارا تھا، تم مجھے خون دو، میں تمہیں آزادی دوں گا۔ انہوں نے کہا، یہ بنگال میں ایک نئی انقلاب کی گھڑی ہے اور یہ انقلاب آپ کے ایک ووٹ سے آئے گا۔ اس لیے میں بنگال کے عوام سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں کہ ہمیں اپنے ووٹ کی صورت میں آشیرواد دیں، ہم مل کر بنگال کو کئی مشکلات سے نجات دلائیں گے۔ میں آج بنگال کی ہر بیٹی کو یقین دلانے آیا ہوں کہ بی جے پی ان کے خوابوں کو کچلنے نہیں دے گی۔
پہلے مرحلے کی ۱۱۰؍سیٹیں جیتیں گے :امیت شاہ
بی جے پی کے سینئر لیڈر اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے مغربی بنگال اسمبلی کے پہلے مرحلے کے انتخابات کے بعد جمعہ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پارٹی نے تمام اسمبلی حلقوں کے کارکنوں کے ساتھ پہلے مرحلے کے انتخابات کا جائزہ لیا ہے اور اس سے حاصل معلومات کی بنیاد پر یہ کہا جا سکتا ہے کہ بنگال کے لوگوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ پہلے ہی مرحلے میں کر دیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست کے۱۶؍ اضلاع کی۱۵۲؍ نشستوں پر ہوئے انتخابات میں سے پارٹی۱۱۰؍ نشستیں جیتنے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں بھی زبردست کامیابی کے ساتھ بی جے پی پانچ مئی کو ریاست میں حکومت بنانے جا رہی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ریاست کے عوام نے بی جے پی کے حق میں ووٹ دے کر ترقی کی راہ کا انتخاب کیا ہے۔