Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سے مالی قوانین میں تبدیلی، سیدھے عوام کی جیب پر اثر

Updated: June 01, 2025, 12:27 PM IST | New Delhi

پی ایف کی رقم نکالنے، آدھار اپڈیٹ، کریڈٹ کارڈ چارج، ایل پی جی دام سمیت ۸؍بڑے مالیاتی ضوابط میں تبدیلی ہو رہی ہے۔

The changes are aimed at improving convenience but will impose additional burden on users. Photo: INN.
تبدیلیوں کا مقصد سہولتوں کو بہتر بنانا لیکن صارفین پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ تصویر: آئی این این۔

جون مالیاتی طور پر کئی اہم تبدیلیاں لے کر آ رہا ہے، جو عام صارفین کی جیب پر براہ راست اثر ڈال سکتی ہیں۔ پی ایف سے رقم نکالنا، آدھار کارڈ اپڈیٹ، کریڈٹ کارڈ چارجز، ایل پی جی کے دام، یو پی آئی نظام، ایف ڈی ریٹ اور میوچوئل فنڈس جیسے معاملات سے متعلق ۸؍ اہم ضوابط میں یکم جون۲۰۲۵ء سے تبدیلی ہونے جا رہی ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد جہاں سہولتوں کو بہتر بنانا ہے، وہیں کچھ اضافی بوجھ بھی صارفین پر پڑ سکتا ہے۔ 
ای پی ایف او۳ء۰؍ کا آغاز
حکومت ای ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) کا نیا ورژن ای پی ایف او۳ء۰؍ یکم جون سے لانچ کرنے کی تیاری میں ہے۔ اس نئے نظام کے تحت پی ایف رقم کی نکاسی کا عمل آسان ہو جائے گا۔ صارفین اے ٹی ایم اور یو پی آئی کے ذریعے بھی پیسے نکال سکیں گے۔ اس نظام سے ملک کے۹؍ کروڑ روپے سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ 
آدھار اپڈیٹ مفت سروس ختم
یو آئی ڈی اے آئی کی جانب سے آدھار اپڈیٹ کی مفت سہولت۱۴؍ جون تک دستیاب ہے۔ اس کے بعد اگر کوئی اپنا آدھار ڈیٹا اپڈیٹ کروانا چاہے گا تو اسے۵۰؍ روپے فیس ادا کرنی ہوگی۔ اس لئے صارفین کو مشورہ ہے کہ وہ مقررہ مدت سے پہلے ہی اپنی تفصیلات اپڈیٹ کروا لیں۔ 
کریڈٹ کارڈ کے نئے اصول
کوٹک مہندرا بینک کے کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے والوں کیلئے یکم جون ۲۰۲۵ءسے بڑا جھٹکا ہو سکتا ہے۔ اگر آٹو ڈیبٹ ٹرانزیکشن ناکام ہوتا ہے تو ۲؍ فیصد باؤنس چارج لاگو ہوگا، جو کم از کم۴۵۰؍ روپے اور زیادہ سے زیادہ۵؍ہزار روپے ہو سکتا ہے۔ ساتھ ہی کریڈٹ کارڈ کے فائنانس چارجز میں بھی اضافہ کر کے اسے ۳ء۷۵؍ فیصد ماہانہ (یعنی۴۵؍ فیصد سالانہ) کیا جا سکتا ہے۔ 
سی این جی، پی این جی کی قیمتوں میں تبدیلی
آئل مارکیٹنگ کمپنیاں ہر مہینے کی پہلی تاریخ کو ایندھن کی قیمتوں میں نظرثانی کرتی ہیں۔ مئی میں کچھ قیمتوں میں کمی آئی تھی اور جون کی ابتدا میں بھی سی این جی، پی این جی اور ایئر ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) کی قیمتوں میں تبدیلی متوقع ہے۔ 
ایل پی جی سلنڈر کی قیمتیں 
جون کی پہلی تاریخ کو۱۴؍ کلو والے گھریلو ایل پی جی سلنڈر اور۱۹؍ کلو والے کمرشیل سلنڈر کی قیمتوں میں بھی رد و بدل ہو سکتا ہے۔ مئی میں کمرشیل سلنڈر کی قیمت میں ۱۷؍ روپے کمی کی گئی تھی۔ جون میں بھی کوئی نیا اعلان متوقع ہے۔ 
ایف ڈی کی شرح سود میں تبدیلی
ریزرو بینک آف انڈیا کی جانب سے ریپو ریٹ میں ممکنہ کمی کے پیش نظر کئی بینک فکسڈ ڈپازٹ کی شرحوں میں رد و بدل کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، سوریودیہ اسمال فنانس بینک نے اپنی۵؍ سالہ ایف ڈی پر شرح سود۸ء۶؍ فیصد سے کم کر کے۸؍ فیصد کر دی ہے۔ 
میوچوئل فنڈ کے نئے ضابطے
سیبی نے اوور نائٹ میوچوئل فنڈ اسکیمزکیلئے نیا کٹ آف وقت مقرر کیا ہے۔ یکم جون سے آف لائن ٹرانزیکشن کیلئے وقت۳؍ بجے دوپہر تک ہوگا جبکہ آن لائن آرڈرس۷؍ بجے شام تک کئے جا سکیں گے۔ اس کے بعد آنے والے آرڈرس اگلے ورکنگ ڈے پر شمار ہوں گے۔ 
یو پی آئی پر نیا اصول
نیشنل پیمنٹس کارپوریشن آف انڈیا (این پی سی آئی) نے یو پی آئی ٹرانزیکشنز کیلئے نیا قاعدہ متعارف کروایا ہے۔ اب صارفین کو ادائیگی کرتے وقت صرف اصل بینی فسریز کا بینکنگ نام ہی دکھائی دے گا۔ کوئی عرفی نام یا کیو آر کوڈ میں ترمیم شدہ تفصیل نظر نہیں آئے گی۔ یہ اصول۳۰؍ جون ۲۰۲۵ءتک تمام یو پی آئی ایپس پر لاگو ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK