• Fri, 04 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

غیر روایتی دھماکوں سے لبنان میں افراتفری

Updated: September 19, 2024, 10:59 PM IST | Beirut

پیجر ، واکی ٹاکی ، سولر پینل اور ریفریجریٹر س میں دھماکوں کی وجہ سے لبنان کے کئی شہروں میں خوف و ہراس ، اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک برہم ، غیر روایتی طریقہ اپنانے کو جنگ کے بنیادی اصولوں کیخلاف قرار دیا ، جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ۵۰؍ سے تجاوز کرگئی

Walkie-talkies and pagers have exploded in several shops in Beirut, causing chaos. (PTI)
بیروت میں کئی دکانوں میں واکی ٹاکی اور پیجر دھماکے ہوئے ہیں جس کی وجہ سےوہاں افراتفری مچ گئی ہے۔(پی ٹی آئی )

عرب ملک لبنان میں بدھ کی شب وائر لیس مواصلاتی آلات جیسے پیجر ، واکی ٹاکی اور سولر پینلز میں ہونے والے  دھماکوں میں جاں بحق ہونے والوں کی بڑھ کر ۵۰؍ سے زائد ہو گئی ہےجبکہ زخمیوں کی تعداد ۴۵۰؍ تک پہنچ گئی۔ لبنان کی وزارت صحت   کے مطابق بیروت کے جنوبی مضافات اور جنوبی اور مشرقی لبنان کے کئی علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ 
وزارت صحت کا بیان 
 لبنان کے وزیر صحت فراس العبیاد نے اعلان کیا ہے کہ وزارت نے کشیدگی میں شدت کے بعد ملک میں اسپتالوں کو الرٹ کردیا ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صحت کے نظام کو اس کی توقع نہیں تھی جو نقصان پیش آیا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ زخمیوں کو لبنان سے ایران اور شام منتقل کیا  جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مواصلاتی آلات کے دھماکے میں زخمی ہونے والوں کے ۴۶۰؍آپریشن  کئے گئے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حادثے کے بعد آدھے گھنٹے کے اندر ۲۷؍سوزخمی اسپتالوں میں پہنچے ہیں۔شدید اقتصادی بحران کا شکار لبنان کے اسپتال اب بھی سیکڑوں زخمیوں سے بھرے پڑے ہیں۔
دھماکےکہاں کہاں ہوئے؟
 مختلف میڈیا کی رپورٹس کے مطابق واکی ٹاکی دھماکے بازاروں، گھروں اور گزشتہ روز جاں بحق ہونے والے  افراد کے جنازوں کے دوران   ہوئے جبکہ سیکڑوں کی تعداد میں زخمیوں کے  اسپتال لائےجانے کے باعث اسپتال شہریوں سے بھرگئے ہیں۔العربیہ پورٹل کے مطابق گزشتہ دو دنوں میں ہونے والے دھماکوں پر اسرائیلی حکام نے اب تک کوئی  آفیشل بیان نہیں دیا مگر  ذرائع یہی بتاتے ہیں کہ ان دھماکوں کے  پیچھے اسرائیلی ایجنسی موساد کا ہاتھ ہے۔ پیجرز اور واکی  ٹاکی دھماکوں کے بعد حزب اللہ کے ممبران اپنے زیر استعمال ان تمام ڈیوائسز کی بیٹریاں نکال کر انہیں دور رکھ رہے ہیں جنہیں غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد  درآمد کیا گیا ہے۔
عوام خوفزدہ 
  لبنان میں اس وقت عالم یہ ہے کہ عوام میں ان آلات کے تعلق سے شدید تشویش پائی جارہی ہے جس کی وجہ سے وہ موبائل فون استعمال کرنے سے بھی کترارہے ہیںجس کی وجہ سے وہاں ایک دوسرا بحران پیدا ہو گیا ہے کہ جو لوگ ایک دوسرے کی خیریت معلوم کرنے کے لئے فون کررہے ہیں ان کے فون اٹھائے نہیں جارہے ہیں۔یہاں تک کہ گھروں میں لگائے گئے ٹیلی فون بھی بج رہے ہیں لیکن لوگ احتیاط اور خوف کے مارے اسے نہیں اٹھارہے ہیں۔  
اقوام متحدہ نے شدید مذمت کی 
 اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو  غطریس نے کہا ہے کہ لبنان کی صورتحال بہت تیزی سے بگڑ سکتی ہے  جسے روکنے کے  لئےبھرپور کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوںنے  نیویارک میں صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیئے۔لبنان میں پیجرز کے دھماکے کی سنگینی پر زور دیتے ہوئے  غطریس نے کہا کہ جس طرح سے یہ واقعہ پیش آیا وہ خاص طور پر تشویشناک ہے۔یہ خطرہ ہے کہ لبنان میں صورتحال بہت تیزی سے  بگڑ جائے گی اس کی روک تھام کیلئےتمام کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت  اہمیت کا حامل ہے کہ  عوام کے زیر استعمال اشیا ء کوہتھیار نہ بنایا جائے  اور یہ تمام حکومتوں کیلئے ایک اصول ہونا چا ہئے۔ جو لوگ بھی اس طرح کے حملے کررہے ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہئے۔سیکریٹری جنرل کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد ہی لبنان میں کئی  ریڈیو کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ واضح رہے کہ لبنان اور شام میں دو دنوں کے اندر ہونے والے پیجر، واکی ٹاکی اور سولر پینلز کے سلسلہ وار دھماکوں کے پیچھے ایک پیچیدہ اسرائیلی خفیہ آپریشن سامنے آیا ہے، جسے ’آپریشن لبنان‘ کے نام سے۲۰۲۲ء میں شروع کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK