Inquilab Logo Happiest Places to Work

این سی پی میں انتشار عروج پر، وزیر اعلیٰ کی مداخلت

Updated: May 18, 2026, 11:41 PM IST | Mumbai

این سی پی کے ۲؍ لیڈران اجیت پوار کے تعلق سے قابل اعتراض گفتگو کر رہے تھے جس کا آڈیو سونیترا پوار تک پہنچ گیا: روہت پوار کا دعویٰ

There is a stir in political circles after Rohit Pawar`s statement (File photo)
روہت پوار کے بیان کے بعد سیاسی حلقوں میں کھلبلی ہے (فائل فوٹو)

این سی پی (اجیت) میںداخلی انتشار اب اپنے عروج پر پہنچتا ہو دکھائی دے رہا ہے۔ حالانکہ اب تک پارٹی کے کسی بھی لیڈر نے کسی تنازع پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے لیکن میڈیا رپورٹ لیڈران کی حرکات وسکنات سے کئی طرح کے اشارے مل رہے ہیں۔ اسی دوران این سی پی (شرد) کےرکن اسمبلی روہت پوار نے ایک روز قبل یہ کہہ کر تہلکہ مچادیا کہ این سی پی (اجیت) کے ۲؍ بڑے لیڈران اجیت پوار کے تعلق سے ان کے پیٹھ پیچھے قابل اعتراض الفاظ میں گفتگو کر رہے تھے جس کو آڈیو کلپ سونیترا پوار اور پارتھ پوار تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے این سی پی حالیہ تنازع کھڑا ہوا ہے۔ حالانکہ روہت پوار نے کسی بھی لیڈر کا نام نہیں لیا۔ ان کے اس دعوے کے بعد میڈیا میں الگ الگ طرح کی باتیں ہونے لگیں جس کےبعد سونیترا پوار کے بیٹے پارتھ پوار نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی۔ کہا جا رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے اس تنازع کے تعلق سے گفتگو کیلئے پارتھ پوار کو طلب کیا تھا۔ 
  یاد رہے کہ اتوار کو روہت پوار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ این سی پی کے ۲؍ بڑے لیڈران آپس میں اجیت پوار کے تعلق سے قابل اعتراض الفاظ میں گفتگو کر رہے تھے۔ کسی تیسرے شخص نے اس کا آڈیو تیار کرکے اجیت پوار تک پہنچا دیا تھا۔ اجیت پوار نے اس تعلق سے جلد کوئی فیصلہ کرنے کا اشارہ دیا تھا لیکن کچھ ہی دنوں بعد ان کی ایک ناگہانی حادثے میں موت ہو گئی۔ روہت پوار کے مطابق جب سونیترا پوار نے پارٹی کی کمان سنبھالی تو یہی آڈیو کلپ سونیترا پوار اور پاتھ پوار تک پہنچائی گئی جس کے بعد سونیترا پوار کو پارٹی کے کچھ لیڈران پر شبہ ہوا اور انہوں نے پارٹی پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوشش شروع کی۔ 
  روہت پوار کا کہنا ہے کہ ’’ میں نے وہ کلپ نہیں سنی ہے ، مجھے کسی نے بتائی ہے جس نے خود وہ کلپ سنی ہے۔ البتہ اسی کے بعد سے سونیترا پوار نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا اور پارٹی کی پوری طاقت اپنے ہاتھ میں لی اور اپنے بیٹوں کو اہم ذمہ داریاں دیں۔ ‘‘ روہت پوار کے اس بیان سے مہاراشٹر کی سیاست میں کھلبلی مچ گئی ۔ انہوں نے نہیں بتایا کہ یہ دونوں لیڈران کون تھے لیکن فی الحال این سی پی کا سارا تنازع سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کے ارد گرد گھوم رہا ہے۔ این سی پی (اجیت) کے ترجمان امیش پاٹل نے میڈیا کے سامنے کہا ہے کہ اگر روہت پوار کے پاس ایسی کوئی کلپ ہے تو ہمیں فراہم کریں یوں میڈیا میںبھرم نہ پھیلائیں۔ 
 پارتھ پوار کی فرنویس سے ملاقات
 اسی دوران اتوار کی دیر رات وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے پاتھ پوار کو طلب کیا اور وہ آدھی رات کو وزیر اعلیٰ سے ملنے پہنچے۔ دونوں میں کیا باتیں ہوئیں اس کی تفصیل باہر نہیں آسکی لیکن کہا جا رہا ہے کہ گفتگو کا موضوع این سی پی میں جاری تنازع ہی تھا کیونکہ روہت پوار کے بیانات سے بار بار سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کی پارٹی میں پوزیشن خراب ہو رہی ہے۔  اس کا اثر مہایوتی پر بھی پڑ رہا ہے۔ اسی وجہ سے سنیل تٹکرے گزشتہ دنوں شرد پوار سے ملنےبھی گئے تھے۔  وزیر اعلیٰ کی کوشش ہے کہ ان دونوں لیڈران کی پارٹی میں پوزیشن بھی برقرار رہے اور سونیترا پوار بطو ر نائب وزیر اعلیٰ مہایوتی حکومت میں قائم رہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK