Inquilab Logo

چمبور:آچاریہ کالج کی طالبات بغیر دوپٹہ کلاس اٹینڈ کرنے پر مجبور!

Updated: August 06, 2023, 9:55 AM IST | saadat khan | Mumbai

دوپٹہ سے متعلق کالج انتظامیہ کا سخت موقف۔ طالبات اورسرپرستوں کے اعتراض پر اسکارف پہننے کی اجازت دینے پر غور کرنے کا اعلان

Police personnel can be seen outside the college.
کالج کے باہر پولیس اہلکاروں کو دیکھا جا سکتا ہے۔(تصویر،انقلاب:پردیپ دھیوار)

یہاں کے این جی آچاریہ کالج میں یکم اگست سے جاری  حجاب اور دوپٹہ کا تنازع ابھی پوری طرح حل نہیں ہوسکاہے ۔ کالج انتظامیہ  نے برقعہ واش روم میں اُتارنے کی اجازت دی ہے لیکن کلاس روم میںطالبات کو دوپٹہ پہننے سے منع کرکے نیا تنازع کھڑا کردیاہے۔ اس وجہ سے یہاںکی جونیئر کالج میں زیر تعلیم تقریباً ۲۴۴؍ مسلم طالبات اور ان  کے سرپرستوں میں بےچینی پائی جا رہی ہے۔سنیچر کو دوپٹہ پہن کر آنےوالی متعدد طالبات کو صبح کے سیشن میں کلا س روم میں بیٹھنے نہیں دیا گیا ۔ انتظامیہ کی ہٹ دھرمی سے کچھ طالبات کالج میں حاضر ہونے کے باوجو د لیکچر اٹینڈ نہیں کرسکیںتو چند نےمجبوراً دوپٹہ اُتار کر کلاس اٹینڈکیا۔ دریں اثناء ایسی اطلاع ملی ہےکہ کالج انتظامیہ نے  دوپٹہ کےمعاملہ میں بھی نرمی اختیار کرتے ہوئے طالبات کو اسکارف پہننے کی اجازت دینے پر غور کرنے کا اعلان کیاہے اور اس ضمن میں منگل کو سرپرستوں کی میٹنگ بھی منعقد کرنے کی بات کہی ہے۔  
 این جی آچاریہ کالج کی ایک طالبہ نے بتایا کہ ’’ سنیچر کو واش روم میں برقعہ اُتارنےکےبعد میں دوپٹہ پہن کرجب کلاس روم میں جانے لگی تو کلاس ٹیچر نے مجھ سے پہلے دوپٹہ اُتار نے کیلئے کہا لیکن مجھے دوپٹہ اُتارنےمیں بے پردگی محسوس ہو رہی تھی۔ اس لئے میں نے دوپٹہ نہیں اُتارا جس کی وجہ سےمجھے یہ کلاس چھوڑناپڑا۔ ‘‘ اس طالبہ نے یہ بھی بتا  یاکہ ’’ دوپٹہ پہن کر کلاس روم میں جانے سے روکنے کی وجہ سے متعدد طالبات نے مجبوراً بغیر دوپٹہ کلاس اٹینڈکیا۔سنیچر کو شام ۵؍بجے جب فزکس کے پریکٹیکل امتحان کیلئے میں لیب پہنچی تو یہاں موجود میڈم نےدوپٹہ پہن کر آنے پر اعتراض کیالیکن کسی وجہ سے وہ لیب سے چلی گئی تھیں جس کےبعدلیب انچارج نے مجھے دوپٹہ پہن کر امتحان دینے کی اجازت دےدی۔ اسی دوران  یہ بھی معلوم ہواکہ کالج انتظامیہ ہمیں اسکارف پہن کر کلاس اٹینڈ کرنےکی اجازت دینے پر غورکررہاہے۔ ‘‘
  بارہویں جماعت کی ایک طالبہ نے بتایاکہ ’’ہم نےسنیچر کووکھرولی کی سماجی تنظیم روح ہند فائونڈیشن کے معرفت کالج کی پرنسپل کو مکتوب دیا ہے۔ اس  میںکلاس میں اسکارف پہننے کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔ کالج کےذرائع سے ملنے والی اطلاع کےمطابق انتظامیہ نے ۸؍ اگست کو والدین کی میٹنگ بلائی ہے  جس میں اس تعلق سے ضروری ہدایتیں جاری کی جائیں گی۔‘‘
 کالج کی ایک طالبہ کی والدہ نے انقلاب سے گفتگوکرتےہوئے کہاکہ ’’ ہم نے اپنی بیٹی کو بچپن سے پردہ اوردوپٹہ پہننے کی تربیت دی ہے۔ اب ۱۷۔۱۸؍سال کی عمر میں حجاب اوردوپٹہ اُتار کر پڑھائی کرنےکی اجازت کیسے دی جاسکتی ہے، بہت خراب محسوس ہورہاہے۔سمجھ میں نہیں آ رہا ہے کہ کالج انتظامیہ ایساکیوںکررہاہے۔ میں نے فیصلہ کرلیاہےکہ اگر انتظامیہ نے کلاس روم میں دوپٹہ پہننے کی اجازت نہیں دی تومیں اپنی بیٹی کو کالج سے نکال کر کسی اورکالج میں داخلہ کرائوں گی۔  ‘‘

hijab Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK