پولیس نےایم پی بیڈا مستان راؤ کی بیٹی مادھوری کو گرفتارکیالیکن ضمانت بھی دے دی ،جان گنوانے والے شخص سوریہ کی ۸؍ ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی
EPAPER
Updated: June 20, 2024, 10:00 AM IST | Chennai
پولیس نےایم پی بیڈا مستان راؤ کی بیٹی مادھوری کو گرفتارکیالیکن ضمانت بھی دے دی ،جان گنوانے والے شخص سوریہ کی ۸؍ ماہ قبل ہی شادی ہوئی تھی
پونے پورش کار حادثہ کی طرح چنئی میں بھی راہ گیروں کو کار سے کچلنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ہٹ اینڈ رن کے اس معاملے میں بالکل ویسا ہی ہوا جیسا پونے کے کیس میں ہوا تھا۔ چنئی میں پیش آنے والے حادثے میں راجیہ سبھا کے ایک رکن کی بیٹی نے فٹ پاتھ پر سوئے ہوئے ایک شخص کو اپنی بی ایم ڈبلیوکار سے روند کر فرار ہوگئی ۔تیز رفتار کار سے دبنے کے سبب اس شخص کی موت ہو گئی۔ پولیس نے راجیہ سبھا رکن کی بیٹی کو گرفتار بھی کیا لیکن اسے پولیس اسٹیشن سے ضمانت بھی مل گئی۔ پولیس نے ۳۰۴؍ اے (لاپروائی سے موت )کےتحت معاملہ درج کرتے ہوئے یہ گرفتاری کی تھی ۔نیوز پورٹل ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق یہ واقعہ پیر۱۷؍ جون کی رات دیر گئے شہر کے بیسنٹ نگر میں اس وقت پیش آیا جب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے راجیہ سبھا ایم پی بیڈا مستان راؤ کی بیٹی مادھوری اپنی بی ایم ڈبلیو کار سے تیز رفتاری سے جا رہی تھی۔ اس کے ساتھ اس کی ایک سہیلی بھی تھی۔ مادھوری نے اپنی کار چنئی کے بسنت نگر میں فٹ پاتھ پر سو رہے۲۴؍ سالہ پنٹر سوریہ چڑھا دی۔ پولیس افسران کے مطابق مادھوری اس حادثے کے بعد فوراً موقع سے فرار ہوگئی۔ حادثے کے بعد اس کی سہیلی گاڑی سے اترکر وہاں جمع لوگوں سے جھگڑنے لگی اور کچھ دیر بعد وہ خود بھی وہاں سے چلی گئی۔ جائے حادثہ پر جمع لوگوں نے سوریہ کو اسپتال پہنچایا لیکن تب تک اس کی موت ہوچکی تھی۔ اطلاعات کے مطابق جان گنوانے والے شخص سوریہ کی شادی کو ابھی ۸؍ ماہ ہی ہوئے تھے ۔ سوریہ کے رشتہ دار حادثہ کی ذمہ دار ڈرائیورکے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شاستری نگر پولیس اسٹیشن جے۵؍ پر جمع ہوگئے۔ پولیس نے جب سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کیا تو اسے پتہ چلا کہ کار بی ایم آر گروپ کی ہے اور پڈوچیری میں رجسٹرڈ ہے۔ اس کے بعد مادھوری کو گرفتار کر لیا گیا لیکن اسے تھانے سے ہی ضمانت مل گئی۔ واضح رہے کہ بیڈا مستان راؤ۲۰۲۲ء میں راجیہ سبھا کے رکن بنے تھے۔ وہ ایم ایل اے بھی رہ چکے ہیں۔ ان کی کمپنی بی ایم آر گروپ سی فوڈ انڈسٹری میں مشہور ہے۔