یہ بھی الزام لگایا کہ اجیت پوار نے مراٹھوں کیخلاف سازش کی، انہوں نے اپنی پارٹی میںسانپ پال رکھے ہیں
EPAPER
Updated: October 09, 2025, 12:08 AM IST | Jalna
یہ بھی الزام لگایا کہ اجیت پوار نے مراٹھوں کیخلاف سازش کی، انہوں نے اپنی پارٹی میںسانپ پال رکھے ہیں
ریزرویشن پر سیاسی اور سماجی سطح پر گھمسان مچا ہوا ہے۔ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے لیڈر منوج جرنگے نے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی ( اے پی ) کے سربراہ اور نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار ، ریاستی وزیر اور اوبی سی لیڈر چھگن بھجبل پر شدید حملہ کیا ہے۔ لوک ستہ کی رپورٹ کے مطابق منوج جرنگے پاٹل نے کہا کہ’’اجیت پوار نے اپنی پارٹی میں سانپ پال رکھے ہیں۔ان کی پارٹی کے لیڈر مراٹھوں کے خلاف ہیں۔ اس پارٹی نے مراٹھوں کے خلاف بڑی سازش رچی ہے اور چھگن بھجبل ان میں سب سے آگے ہیں۔ منوج جرنگے نےچھگن بھجبل اور بیڑ میں ہونے والے او بی سی مورچے کو بھی ہدف تنقید بنایا۔
منوج جرنگے نے کہا کہ’’ مراٹھا سماج کو ریزرویشن ملنے سے چھگن بھجبل بوکھلا گئے ہیں۔ وہ مراٹھوں کو دشمن مان رہے ہیں۔ اس لیے جو ذاتیں کبھی مراٹھوں کے خلاف نہیں تھیں انہیں مراٹھوں کے خلاف بھڑکانے کا کام کر رہے ہیں۔ اس کے بدلے میں بھجبل انہیں جھوٹے وعدے دے رہے ہیں۔ وہ چاہ رہے ہیں کہ مراٹھوں کے نوجوانوں کا کس طرح نقصان ہو۔ لیکن اب ہم نے بھجبل کو اہمیت دینا بند کر دی ہے۔ چھگن بھجبل جو کچھ کر رہے ہیں اس پر اجیت پوار آنکھیں بند کیے بیٹھے ہیں۔‘‘ جرنگے نے بے پرواہ انداز و لہجے یہ بھی کہا کہ ’’بڈھا پاگل ہوگیا ہے۔‘‘
مراٹھا ریزرویشن کیلئے لڑنے والے جرنگے پاٹل نے کہا: ’’نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی پارٹی (این سی پی) کے زیادہ تر لیڈر مراٹھوں کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ اب دیکھو، ہر جگہ کے لیڈر اُٹھتے ہیں اور بیڑ میں اکٹھے ہوتے ہیں۔ بیڑ میں مراٹھوں کے خلاف مورچے نکالتے ہیں۔ اب بیڑ میں جو مراٹھا سماج کے خلاف مورچہ نکالا جانے والا ہے، وہ بھی اجیت پوار کی سرپرستی میں ہوگا۔ اس مورچے میں سب انہی کے لیڈر ہوں گے۔ اس مورچے کے عہدیدار بھی انہی کے ہوں گے۔ یہ مراٹھوں کے خلاف اجیت پوار کی چل رہی سازش ہے۔‘‘
جرنگے نے یہ بھی کہا کہ’’کئی لیڈر اجیت پوار کے سامنے میٹھا بولتے ہیں، تالیاں بجا کر بات کرتے ہیں۔ یہ دیکھ کر اجیت پوار کو لگتا ہے کہ یہ میرے قریبی ہیں۔ لیکن یاد رکھو، اجیت پوار نے سانپ پال رکھے ہیں۔ ایک دن ہمارے الفاظ سچ ثابت ہوں گے۔ اُس وقت تمہیں پچھتانا پڑے گا۔ یہ سانپ مراٹھوں کے دشمن ہیں۔‘‘