’’ وزیراعلیٰ بھگونت مان کو دہلی ایئر پورٹ پر ۳؍ گھنٹے حراست میں رکھا گیا،۵۰؍ ہزار جرمانہ وصول کیاگیا‘‘ ’آپ‘ کا الزام، کہا: پیرس سے واپسی پر پنجاب کے وزیراعلیٰ کو پریشان کیاگیا۔
EPAPER
Updated: October 22, 2026, 1:54 PM IST | Agency | New Delhi
’’ وزیراعلیٰ بھگونت مان کو دہلی ایئر پورٹ پر ۳؍ گھنٹے حراست میں رکھا گیا،۵۰؍ ہزار جرمانہ وصول کیاگیا‘‘ ’آپ‘ کا الزام، کہا: پیرس سے واپسی پر پنجاب کے وزیراعلیٰ کو پریشان کیاگیا۔
عام آدمی پارٹی (آپ) نے دعویٰ کیا ہےکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو پیرس سے واپسی پر دہلی ایئرپورٹ پر ۳؍ گھنٹے تک روکا گیا اور ۵۰؍ ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔ ایئر پورٹ حکام نے اس کی وجہ یہ بتائی کہ ان پر اوپر سے بہت دباؤ ہے۔دہلی کے سابق وزیر سوربھ بھاردواج نے ’ایکس ‘پر پوسٹ میںکہا کہ جس طرح دسہرہ کے موقع پر راون کا غرور ختم ہوا تھا، اسی طرح مرکزی حکومت کا گھمنڈ بھی ٹوٹنا چاہیے۔مان۱۷؍ سے ۲۱؍ اکتوبر تک پیرس میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی فوڈ ٹریڈ نمائش ’سیال پیرس۲۰۲۶ء میں شرکت کیلئے گئے تھے۔ مرکزی حکومت کے فیصلے کے خلاف پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے مان کو فرانس کے دورے کی اجازت دی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: منی پور میں تشدد، شدید احتجاج، وزیراعلیٰ کو گھیرنے کی کوشش
’’آپ‘‘ کا دعویٰ ہے کہ سامان گاڑی میں رکھے جانے کے بعد جرمانہ عائد کیا گیا۔پنجاب ’آپ‘ کے میڈیا انچارج بل تیج پنو نے اس واقعے کو مرکزی حکومت کی جانب سے مان کے غیر ملکی دوروں کی اجازت بار بار روکے جانے سے جوڑا۔ انہوں نے ایکس پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے ابتدا میں سامان پہنچنے یا جانچ میں تاخیر کا حوالہ دیا۔ جب وزیر اعلیٰ مان کا سامان ان کی گاڑی میں رکھا جانے والا تھا اور وہ روانہ ہونے والے تھے، اسی وقت حکام نے یہ کہتے ہوئے جرمانہ عائد کردیا کہ ان پر اوپر سے بہت زیادہ دباؤ ہے۔ دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر پرتاپ سنگھ باجوا نے کہا کہ ’’بھگونت مان سے پوچھا جانا چاہیے کہ جرمانہ کس بات پر عائد کیا گیا۔ میری معلومات کے مطابق، ایک مسافر دو بوتلیں لاسکتا ہے، لیکن وہ۸؍ سے ۱۰؍بوتلیں لے کر آئے تھے۔ اسی لیے ان پر جرمانہ عائد کیا گیا۔‘‘