Inquilab Logo

وزیراعلیٰ کی مانسون میں ممبئی کو متاثر ہونے سے بچانے کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت

Updated: May 30, 2023, 9:54 AM IST | Mumbai

بارش کے موسم سے قبل کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ میٹنگ میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ تمام شہری انتظامیہ کو اپنی بچاؤ ٹیمیں تشکیل دینی چاہئیں۔ نالوں کی صفائی اور تعمیراتی جگہوںسے ملبہ ہٹانے کی بھی ہدایت دی۔میونسپل کمشنر نے یقین دلایا کہ شکایت ملنے پرممبئی میں ۶؍ گھنٹے میں گڑھے بھر دیئے جائیں گے

Chief Minister Eknath Shinde and other officers in a meeting held at Sahyadri Guest House.
سہیادری گیسٹ ہاؤس میں منعقدہ میٹنگ میں وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور دیگر افسران۔

 ریاستی وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے پیر کو اپنے افسروں کو ہر ڈویژنل کمشنریٹ میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت دی اور شہری انتظامیہ سے بھی کہا کہ وہ اپنی سطح پر فوری راحت رسانی کے کام کیلئے ٹیمیں تشکیل دیں اور مانسون میں ممبئی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہ متاثر نہ ہو۔وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی صدارت میں سہیادری گیسٹ ہاؤس میں مانسون سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے اہم میٹنگ طلب کی گئی   جس میں ممبئی کے میونسپل کمشنر  اقبال سنگھ چہل نے دعویٰ کیا ہے کہ بی ایم سی نے ایسا نظم کیا جس سے گڑھوں کے تعلق سے شکایت ملنے پر ۶؍ گھنٹوں میں اس کی مرمت کر دی جائے گی۔
میٹنگ میں کون کون شریک تھے
 اس میٹنگ میں اسکولی تعلیم اور مراٹھی زبان کے وزیر دیپک کیسرکر، ریاستی   چیف سیکریٹری منوج سونک، فوج، بحریہ، فضائیہ، کوسٹ گارڈ، این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، سینٹرل اور ویسٹرن ریلوے، محکمہ موسمیات، داخلہ اور دیگر محکموں کے سیکریٹری سطح کے افسران  موجود تھے۔ ضلع کلکٹر، ڈویژنل کمشنر، ضلع پریشد کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر، ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے ساتھ سینئر افسران نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ میٹنگ میں شرکت کی۔
 ملک کی تجارتی راجدھانی ممبئی برسات میں متاثر نہ ہو،  اس کیلئے وزیر اعلیٰ نے خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی   ۔ انہوںنے کہا کہ ریلوے اور میونسپل کارپوریشن کو ممبئی کی صورتحال کے حوالے سے تال میل برقرار رکھنا چاہئے۔ ٹرین کی  پٹریوںپر پانی جمع ہونے سے بچانے کیلئے اس کی مناسب نکاسی پر زور دینا چاہئے۔ اگر سیلابی صورتحال پیدا ہوتی ہے تو میونسپل کارپوریشن کو اضافی بسوں، اسکول اور شیلٹر کی سہولیات، پینے کے پانی اور کھانے کی دستیابی کے حوالے سے منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔
   ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسران کی میٹنگ میں وزیراعلیٰ شندے نے کہا کہ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں ہر آفت کی جگہ پر بر وقت نہیں پہنچ سکتیں اس لئےتمام ڈویژنل کمشنریٹ میں ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں تشکیل دی جانی چاہئیں۔اس بات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ تھانے میونسپل کارپوریشن نے ایک ڈیزاسٹر رسپانس ٹیم تشکیل دی ہے جس نے شاندار کام کیا ہے، خاص طور پر عمارت گرنے کے واقعات کے دوران، ایکناتھ شندے نے کہا کہ تمام شہری انتظامیہ کو راحت رسانی کے کاموں کیلئے اپنی ٹیمیں تشکیل دینی چاہئیں۔ 
’’خطرناک عمارتوں کا اسٹرکچرل آڈ ٹ کرایا جائے‘‘
 اس موقع پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ریاست کے تمام میونسپل کارپوریشنوں کو اچھے انجینئرنگ اداروں سے خطرناک عمارتوں کا اسٹرکچرل آڈٹ کرانا چاہئے۔ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی رپورٹوں پر بھروسہ نہ کیا جائے۔  اس سے مستقبل میں جانی نقصان سے بچا جا سکے گا۔ بے گھر خاندانوں کی رہائش کا بھی خیال رکھا جائے تاکہ وہ خطرناک عمارتوں کو خالی کرنے کیلئے تیار ہوجائیں۔
’’نالوںکی صفائی پر توجہ دیں، تعمیراتی جگہوں سے ملبہ ہٹا دیں‘‘
  وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’اگر ممبئی کے ساتھ ساتھ دیگر مقامات پر بھی نالوں کی صفائی پر مناسب توجہ دی جائے تو نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ہونے والے نقصان سے بچا جا سکتا ہے۔ ممبئی میں ریلوے اور میونسپل کارپوریشن کو نالیوں کی صفائی کیلئے مشترکہ مہم چلانی چاہئے۔ اس کیلئے افسران کو مناسب تال میل اور رابطہ برقرار رکھنا چاہئے۔ مختلف اداروں کی جانب سے جاری تعمیراتی کام سے جو ملبہ نکالا جارہاہےاور جس سے پانی کی نکاسی میںدشواری آسکتی ہے، تعمیراتی جگہ سے بروقت ہٹایا جائے۔  ‘‘ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے ممبئی کے مضافاتی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے مقامات پر   حادثات سے بچنے کےاقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے نے افسران پر زور دیا کہ وہ جدید تکنیکی کا استعمال کرے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلسل  ہونے والی بے موسم بارش کو قدرتی آفت قرار دیا گیا ہے اور متاثرہ افراد کو معاوضے کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے عہدیداروں کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ ایک ایسا نظام تیار کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ آفت سے متاثرافراد کو کئے گئے پنچنامے کے مطابق۱۵؍دن کے اندر معاوضہ مل جائے۔
   ریلیف اور بازآبادکاری کے محکمے کے سیکریٹری اسیم گپتا نے ایک پرزنٹیشن دیا اور آفات سے نمٹنے کیلئے  ٹھائے گئے مختلف اقدامات کی تفصیلات پیش کیں۔
گڑھوں کے تعلق سے میونسپل کمشنر کی یقین دہانی
   میونسپل کمشنر  اقبال سنگھ چہل نے بتایا کہ ریلوے اور میونسپل کارپوریشن میں تال میل رکھا گیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے کنٹرول روم سے۶؍ ہزار ۴۰۰؍کیمروں کے ذریعے ممبئی کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ مانسون کے موسم میں۱۵؍ جون سے ۱۵؍ اکتوبر تک۵۶؍ دن ایسے ہیں جب سمندر میں ہائی ٹائیڈ رہے گا جس کا شیڈول تیار کیا گیا ہے۔ گڑھے بھرنے کیلئے ہر وارڈ میں ۲؍افسران تعینات کئے گئے ہیں۔ جیسے ہی انہیں گڑھوں کی اطلاع ملے گی، اسے ۶؍گھنٹے میں بھر دیاجائے گا۔ پانی   جمع ہونے سے روکنے کیلئے تقریباً۵۰۰؍ پمپ تیار رکھے گئے ہیں۔ نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK