Inquilab Logo Happiest Places to Work

افتتاح سے قبل سیفٹی کمشنر نے میٹرو ۲؍ بی اور ۹؍ کاجائزہ لیا

Updated: July 04, 2025, 11:26 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

پہلے مرحلے میں میٹرو ۲؍ بی ڈی این نگر سے چیتا کیمپ تک اور میٹرو ۹؍ دہیسر (مشرق) سے میرا بھائندر کے درمیان چلائی جائے گی، آئندہ چند ماہ میں خدمات شروع ہونے کا امکان

The under-construction Mira Bhayander Metro Station can be seen.
زیر تعمیر میرا بھائندر کا میٹرو اسٹیشن دیکھا جا سکتا ہے۔

 ’کمشنر آف میٹرو ریل سیفٹی‘ (سی ایم آر ایس) نے جمعہ کو میٹرو ۲؍ بی اور میٹرو ۹؍ کا جائزہ لیا تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ ان لائنوں پر عوام کیلئے میٹرو خدمات شروع کی جاسکتی ہیں یا نہیں۔ عام طور پر میٹرو کا کام مکمل ہوجانے کے بعد ہی سی ایم آر ایس جائزہ لیتے ہیں جس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ اگر کسی مخصوص سیاستداں کے ہاتھوں افتتاح کیلئے اسے روکا نہ رکھا جائے تو یہ دونوں لائنیں آئندہ چند ماہ میں عوامی خدمات کیلئے شروع کی جاسکتی ہیں۔ 
 ذرائع کے مطابق کمشنر آف میٹرو ریل سیفٹی اور ریلوے کے سینئر افسران نے جمعہ کو ان دونوں میٹرو کے ’اوور ہیڈ وائر اور الیکٹرک گیئر، سگنل اور میٹرو خدمات سے وابستہ افراد کے آپسی گفتگو کے نظام، میٹرو کے ٹریک اور اسٹیشن پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا ہے۔ اس دورہ میں سِوِل انجینئرنگ کی کارکردگی مثلاً پلیٹ فارم کے ڈھانچے، ہنگامی حالات میں راحت کاری کے انتظامات اور مسافروں کے تحفظ کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
 میٹرو لائن خدمات شروع کرنے کیلئے تحفظ کی کئی شرائط کو پورا کرنا لازمی ہوتا ہے اس لئے نئی میٹرو لائن شروع کرنے سے قبل ہر چیز کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ ان شرائط کو پورا کیا گیا ہے یا نہیں۔ اس بات کا اطمینان کرلینے کے بعد کہ تمام انتظامات شرائط پر پورا اترتے ہیں تب کمرشیل میٹرو چلانے کی اجازت دے دی جاتی ہے۔ اطلاع کے مطابق جائزہ لینے کا کام ایک دن میں مکمل نہیں ہوتا ہے اس لئے عوام کو متذکرہ دونوں لائنوں پر خدمات شروع ہونے کامزید چند ماہ انتظار کرنا ہوگا۔
 فی الحال ان دونوں لائنوں کا پہلا مرحلہ شروع کیا جائے گا جن پر پہلے ہی ٹرائل رَن شروع کیا جاچکا ہے۔ 
میٹرو ۲؍ بی
 پہلے مرحلے میں میٹرو ۲؍ بی ۵ء۳۹؍ کلو میٹر پر ۵؍ اسٹیشنوں، منڈالے، مانخورد، بھارت پٹرولیم، شیواجی چوک اور ڈائمنڈ گارڈن تک چلائی جائے گی۔
 ۲۵؍ اکتوبر ۲۰۱۶ء کو ڈی این نگر سے منڈالے تک ۲۲ء۶۴؍ کلو میٹر طویل میٹرو ۲؍ بی کے پروجیکٹ کے لئے منظوری دی گئی تھی۔ تاہم ’اَربن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ‘ نے ۱۳؍ ستمبر کو ’میٹرو ۲؍ بی‘ کو چیتا کیمپ تک لے جانے کا حکم جاری کیا۔ اس بنیاد پر ’ایم ایم آر ڈی اے‘ (ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی) کی ایگزیکٹیو میٹنگ میں ’میٹرو ۲؍بی‘ کو منڈالے اسٹیشن سے ٹرامبے میں چیتا کیمپ تک لے جانے کو منظوری دی گئی ہے۔
 اس پروجیکٹ کیلئے ایک ہزار ۸۹۶؍ کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ البتہ اب اس میں مزید ۱ء۰۲؍ کلو میٹر کا اضافہ ہوگا جس کی تعمیر کیلئے مزید ۲۰۵؍ روپے خرچ آئے گا۔
 میٹرو ۲؍ بی سے ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے، ایسٹرن ایکسپریس ہائی وے، ویسٹرن ریلوے، سینٹرل ریلوے، مونو ریل، میٹرو وَن (گھاٹ کوپر سے ورسوا تک)، میٹرو لائن ۲؍ اے (دہیسر سے ڈی این نگر تک)، میٹرو ۴  (وڈالا سے کاسر وڑولی تک) اور میٹرو ۳ (قلابہ سے سیپز کے درمیان) ’انٹر کنکٹی وٹی‘ فراہم کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
میٹرو ۹
 میٹرو ۹؍ کے ذریعہ دراصل میٹرو ۷؍ اے کو توسیع دی جارہی ہے اور میٹرو ۷؍ اے دراصل میٹرو ۷؍ کا توسیع شدہ حصہ ہے۔ میٹرو ۷؍ آرے کالونی سے اووری پاڑہ کے درمیان ۹؍ اسٹیشنوں پر مشتمل ہے۔ جبکہ میٹرو ۷؍ اے اندھیری سے چھتر پتی شیواجی انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے درمیان چلائی جاتی ہے۔ اس کی توسیع کو میٹرو ۹؍ نام دیا گیا ہے جس کا پہلا مرحلہ ۴ء۴؍ کلو میٹر پر محیط ہوگا۔ فی الحال یہ ۴؍ اسٹیشنوں دہیسر (مشرق)، پانڈورنگ واڑی، میرا گائوں اور کاشی گائوں کے درمیان چلائی جائے گی۔
 اس لائن کی خصوصیت یہ ہے کہ اس کے ذریعہ تھانے اور ممبئی کے ایئر پورٹ کے درمیان سفر کو آسان بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
 ان دونوں لائنوں کو زمین سے اونچائی پر بریج پر تعمیر کئے گئے ٹریک پر چلایا جائے گا اس لئے قوی امکان ہے کہ ان سے سڑکوں پر ٹریفک میں کمی آئے گی اور موٹر گاڑیوں کے مقابلے میٹرو سے سفر کرنے سے ۵۰؍ سے ۷۵؍ فیصد تک وقت کی بچت ہونے کی امید بھی ظاہر کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK