Inquilab Logo

نوی ممبئی ایئر پورٹ معاملے میں وزیر اعلیٰ کی مداخلت

Updated: January 25, 2023, 10:20 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

چٹان توڑنے کیلئے دھماکوں سےاطراف کی عمارتوں میں دراڑپڑنے کی شکایت پر شہری ہوابازی کے محکمے سے مسئلے کا حل نکالنے کی درخواست کی ۔ ریاست کےمتعلقہ محکمے کو اسٹرکچرل آڈٹ کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا

The construction of Navi Mumbai Airport is going on fast. (File Photo)
نوی ممبئی ایئرپورٹ بنانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔(فائل فوٹو)

نوی ممبئی ایئرپورٹ بنانے کیلئے چٹانوں کو دھماکوں سے توڑا جارہا ہے جس کی وجہ سےاطراف کے علاقوںکی عمارتوں کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ اس تعلق شکایت ملنے پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اس معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے شہری ہوابازی کے محکمے کو اس مسئلے کو حل کرنے  ہدایت دینے کے ساتھ ریاست کے متعلقہ  محکمے سے یہاں کی عمارتوں کے اسٹرکچرل آڈٹ کی رپورٹ طلب کی ہے۔   یاد رہے کہ ۲۳؍جنوری کے انقلاب میں اس تعلق سے تفصیلی خبر شائع کی جاچکی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ نوی ممبئی ایئرپورٹ کے قرب و جوار اور سی بی ڈی بیلاپور میں رہائش پذیرکئی  افراد نے شکایت کی ہے کہ نوی ممبئی ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے جو دھماکے کئے جارہے ہیں، گزشتہ کچھ عرصہ سے ان کی تعداد اور شدت اتنی زیادہ بڑھ گئی ہے کہ یہاں کے مکینوں کو زلزلے کی سی کیفیت معلوم ہوتی ہے اوراس کی وجہ سے متعدد عمارتوں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ اس سلسلے میں متعدد شکایتیں ملنے کے بعد ایک مقامی غیرسرکاری تنظیم ’نیٹ کنیکٹ‘  نے وزیر اعلیٰ کو ای میل بھیج کر  اس معاملے میں مداخلت کی درخواست کی تھی۔
  شکایت سے متعلق ای میل ملنے کےبعد وزیر اعلیٰ کے دفتر نے ’نیٹ کنیکٹ‘ کو پیر کو جواب بھیجا کہ شہری ہوابازی محکمہ کے پرنسپل سیکریٹری ولسا نائر سنگھ اس سلسلے میں کارروائی کریں گے۔
 سی بی ڈی بیلاپور کے سیکٹر ۱۱؍ میں واقع ارینجا  ٹاور کو آپریٹیو سوسائٹی کے ممبر روہت اگروال نے اس تعلق سے کہاکہ نوی ممبئی ایئر پورٹ کی تعمیرکیلئے کئے جانے والے دھماکوں سے ان کی   عمارت میں نہ صرف دیواروں اور کھڑکیوں کے کناروں پر بلکہ ستونوں پر بھی دراڑیںپڑگئی ہیں۔اس کے علاوہ متعدد جگہوں پر مکان کے فرش کی ٹائلس نکل گئی ہیں اور کئی دیواروں کے پلاسٹر گر گئے ہیں۔ سیکٹر ۱۵؍ میں رہائش پذیر سماجی رضاکار شبھانگی تروڈکر نے بھی اسی طرح کی شکایت کی ہے اور کہا کہ انہیں خوف ہے کہ کہیں کھڑکیاں ٹوٹ کر کسی پر گر نہ جائیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں فضامیں دھول مٹی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے جس کی وجہ سے بچوں، بوڑھوں اور بیماروں کو خاص طور پر تکلیف ہورہی ہے۔انہوںنے یہاں کے مکینوںکو مشورہ دیا ہے کہ وہ شہری انتظامیہ کے ذریعہ اپنی عمارتوں کا ’اسٹرکچرل آڈٹ‘ کروائیں تاکہ اس معاملے کو اعلیٰ سطح تک لے جایا جاسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK