• Mon, 29 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’اوینجرز: ڈومسڈے‘‘ کا لیک ٹیزر، ایم سی یو میں ’’ایکس مین‘‘ کی انٹری

Updated: December 29, 2025, 7:02 PM IST | Los Angeles

’’اوینجرز: ڈومسڈے‘‘ کے لیک ہونے والے ٹیزر نے ایم سی یو میں ’’ایکس مین‘‘ کی باضابطہ انٹری کی تصدیق کے قریب پہنچا دیا ہے۔ میگنیٹو، پروفیسر ایکس اور سائکلوپس کی جھلکیاں مداحوں میں جوش کی نئی لہر لے آئی ہیں جبکہ ملٹی ورس کہانی اور بڑی اسٹار کاسٹ نے توقعات مزید بڑھا دی ہیں۔

Cyclops. Picture: X
سائکلوپس۔ تصویر: ایکس

’’اوینجرز: ڈومسڈے‘‘ کا تیسرا ٹیزر ٹریلر آن لائن لیک ہو گیا ہے، جو اب تک مارول سنیماٹک یونیورس (ایم سی یو) میں ’’ایکس مین‘‘ کی شمولیت کا سب سے مضبوط اور واضح عندیہ سمجھا جا رہا ہے۔ یہ تازہ لیک اس سے قبل سامنے آنے والے ان غیر مجاز پروموز کے بعد سامنے آئی ہے جن میں کرس ایونز اور کرس ہیمس ورتھ کی ممکنہ واپسی کی جھلک دیکھی گئی تھی۔ تاہم، نیا لیک ہونے والا ٹیزر مکمل طور پر ’’ایکس مین‘‘ پر مرکوز ہے، جو کئی دہائیوں تک ایم سی یو سے باہر رہنے کے بعد اب باقاعدہ طور پر اس کائنات میں داخل ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: سیف علی خان ایک بہترین والد ہیں: شرمیلا ٹیگور کا بیٹے کے متعلق بیان

لیک ٹیزر میں میگنیٹو اور پروفیسر ایکس کو نمایاں انداز میں پیش کیا گیا ہے، جو ایم سی یو میں اپنی پہلی باقاعدہ جھلک دکھا رہے ہیں۔ خاص طور پر سائکلوپس کا ایک شاٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے، جسے مداح فلم میں اس کا اب تک کا سب سے طاقتور آپٹک بلاسٹ قرار دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ ’’ایکس مین‘‘ فلمیں اس سے قبل ۲۰؍ سنچری فاکس کے تحت بنائی جاتی تھیں۔ ۱۹۹۰ء کی دہائی میں اسٹوڈیو نے مارول سے ان کرداروں کے حقوق حاصل کئےتھے۔ اتوار کی رات گئے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے یہ ٹیزر شیئر کیا، جو بظاہر کسی سنیماہال کے اندر موبائل فون سے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ فوٹیج میں زیویئر اسکول فار میوٹینٹس کو شعلوں کی لپیٹ میں دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں پیٹرک اسٹیورٹ کی آواز سنائی دیتی ہے، جو اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ جنگ کے بعد کون باقی رہتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: اکشے کھنہ نے ’’دھرندھر‘‘ کی ریلیز سے ایک دن قبل ’’درشیم ۳‘‘ چھوڑ دی تھی

اسی دوران، پروفیسر چارلس زیویئر کو ایان میک کیلن کے میگنیٹو کے ساتھ مکالمہ کرتے دکھایا گیا ہے، جبکہ مختصر مناظر میں سینٹینیلز کو وسیع تباہی پھیلاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اگرچہ اصل کلپ کم معیار کا تھا، لیکن پیر کی صبح تک اے آئی سے بہتر بنائے گئے ہائی ریزولوشن ورژنز اور اسٹِلز سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر گردش کرنے لگے۔ واضح رہے کہ ’’اوینجرز: ڈومسڈے‘‘ ایک ملٹی ورس پر مبنی فلم ہے، جس میں رابرٹ ڈاؤنی جونیئر ولن ڈاکٹر ڈوم کے کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کی دیگر کاسٹ میں انتھونی میکی، سیبسٹین اسٹین، پال رڈ، ٹام ہلڈسٹن، فلورنس پگ، ڈیوڈ ہاربر اور دیگر بڑے نام شامل ہیں۔ یہ فلم دسمبر ۲۰۲۶ء میں سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK